دلیل بیعتِ فاسق روا رکّھی گئی تھی
مدینے میں بِنائے کربلا رکّھی گئی تھی
حسینؑ آغوشِ پیغمبرؐ میں جب لائے گئے تھے
وہیں بنیادِ تہذیبِ عزا رکّھی گئی تھی
حضورِ سرورِ کونینؐ جب محضر ہُوا پیش
زمینِ کربلا سب سے جدا رکّھی گئی تھی
مِنا کا خواب پورا ہو رہا تھا کربلا میں
یہ قربانی اسی دن پر اٹھا رکّھی گئی تھی
زمیں سے آسماں تک نور تھا، بس نور ہی نور
چراغوں کے مقابل جب ہوا رکھی گئی تھی
بہت مشکل مراحل آ پڑے تھے راستے میں
سو زادِ راہ میں خاکِ شفا رکھی گئی تھی
حسینؑ اوفی بعہدک کہہ رہے تھے وقتِ آخر
کہیں میثاق میں شرطِ وفا رکّھی گئی تھی
Follow us on:
Platform: https://www.bangboxonline.com/
Facebook: https://www.facebook.com/bangboxonline/