"خواب نگر میں گھر" is a profound exploration of humanity's eternal search for a perfect sanctuary of peace, justice, and absolute contentment. It traces mankind's historical and spiritual journey from the pristine realms of Paradise and the model society of "ریاست مدینہ" to the elusive philosophies of Western Utopia. Through the symbolic contrast of the مکھی اور پروانہ, the essay critiques modern materialism and reflects deeply on the tragic socio-political decline of Pakistan. Ultimately, it reminds us that a true dream home cannot be built on raw material greed, but on a collective system of divine devotion, moral integrity, and human equality.
أَعُوذُ بِاللّٰهِ مِنَ الشَّيْطَانِ الرَّجِيمِ
بِسۡمِ ٱللهِ ٱلرَّحۡمَـٰنِ ٱلرَّحِيمِ
اللہ کے نام سے شروع جو بڑا مہربان نہایت رحم کرنے والا ہے
خواب نگر میں گھر
دنیا کا ہر انسان اپنی زندگی میں ایک ایسے ٹھکانے کی جستجو میں رہتا ہے جہاں اسے دلی سکون، اطمینان اور پناہ میسر ہو۔ کہنے کو تو اینٹ اور گارے سے بنے مکانات ہر جگہ مل جاتے ہیں، لیکن «خواب نگر میں گھر» کا تصور اس مادی دنیا کے عام مکانوں سے بالکل مختلف ہے۔ یہ محض چار دیواروں اور ایک چھت کا نام نہیں، بلکہ یہ ایک ایسا جادوئی اور پرسکون گوشہ ہے جہاں انسان کی روح کو تسکین ملتی ہے۔ انسان کا ایک اشرف المخلوقات کے طور پر اس مادی دنیا میں مسلسل تگ و دو کرنا اور ایک آئیڈیل معاشرے کی تلاش میں رہنا ہی اس کی عظمت کی دلیل ہے۔
ازلی یاد اور ابنِ آدم کا پہلا گھر
اردو کے عظیم شاعر علامہ اقبال نے انسان کے اس ازلی سفر اور اس کے دل میں چھپی تڑپ کو اپنے ایک لافانی شعر میں یوں بیان کیا ہے:۔۔
کوئی سمجھا میرے شکوے کو تو رضواں سمجھا
مجھے جنت سے نکالا ہوا انسان سمجھا
انسان کے لاشعور میں "خواب نگر کے گھر" کی یہ تڑپ دراصل کچھ اور نہیں، بلکہ اس کے اپنے پہلے گھر (جنت) کی یاد ہے۔ الہامی کتب (قرآنِ مجید اور تورات) میں اس گھر کا جو نقشہ کھینچا گیا ہے، وہ ابدی امن، بہتی ہوئی ندیوں، لذیذ پھلوں اور ہر قسم کے خوف و غم سے آزادی کا گہوارہ تھا۔
قاری اگر غور کرے تو اسے معلوم ہوگا کہ انسان نے وہاں کیا کھویا ہے اور جب وہ سرخرو ہو کر واپس لوٹے گا تو کیا پائے گا؟
• وہاں اینٹ پتھر کا نہیں، یاقوت و مرجان کا گھر تھا: الہامی روایات کے مطابق، اس گھر کی ایک اینٹ سونے اور دوسری چاندی کی ہے، اور اس کا گارا کستوری کا ہے۔ وہاں ایسے محلات اور خیمے ہیں جو اندر سے کھوکھلے موتیوں کے بنے ہوئے ہیں۔
• وہاں مادی آلائشوں اور زوال سے پاک زندگی تھی: وہاں نہ بڑھاپا ہے، نہ بیماری، نہ موت کا خوف اور نہ ہی تھکن۔ وہاں کا ہر مکین ہمیشہ جوان، تندرست اور پُرسکون رہے گا۔
• وہاں لذیذ ترین اور لافانی نعمتیں تھیں: جہاں خالص اور پاکیزہ پانی، کبھی نہ خراب ہونے والے دودھ، لذیذ شہد اور مہر بند شرابِ طہور کی ندیاں بہتی ہیں۔ وہاں ایسے پھل ہیں جنہیں ایک بار توڑا جائے تو ان کی جگہ فوراً دوسرا پھل آ جاتا ہے اور وہ کبھی ختم نہیں ہوتے۔
• سب سے بڑھ کر، خالق کی رضا اور دیدار کا سکون: وہاں کا ماحول ہر قسم کے حسد، بغض، جھوٹ اور لغو باتوں سے پاک ہے۔ وہاں کا سب سے بڑا انعام الٰہی قربت، فرشتوں کا سلام اور پروردگارِ عالم کا وہ دیدار ہے جس کے بعد کسی مادی خواہش کی طلب باقی نہیں رہتی۔
زمین پر ہم جو بھی خوبصورت گھر بنانے کی جستجو کرتے ہیں، وہ دراصل اسی کھوئی ہوئی لافانی جنت کی ایک انتہائی ادھوری، فانی اور عارضی سی نقل یا اس کی بازگشت ہوتا ہے۔
قومِ موسیٰ کا واقعہ: خوف اور توبہ کی داستان
گھر اور وطن کی یہ آزمائش تاریخِ انسانی میں بار بار دہرائی گئی۔ خدائے لم یزل نے جب قومِ موسیٰ کا ذکر کیا، تو فرمایا کہ ہم نے اس قوم کی پسند کے مطابق ایک شہر (ارضِ مقدسہ) کا ان سے وعدہ کیا تھا۔ مگر وہ قوم خوف کھا گئی، بزدلی دکھائی اور اپنے گھر کو حاصل کرنے کے لیے الہامی پکار پر لبیک نہ کہہ سکی۔ نتیجہ یہ ہوا کہ وہ چالیس سال تک کے لیے صحراؤں میں بھٹکنے کی سزاوار ٹھہری۔
مگر پھر، جب متعدد دہائیوں کی جدوجہد اور جنگ کے بعد وہ شہر حاصل ہوا، تو قدرت نے انہیں فتح کا جشن منانے کے بجائے عاجزی کا درس دیا۔ حکم ہوا کہ: "شہر کے دروازے میں سر جھکا کر داخل ہونا اور کہنا 'حِطَّۃٌ' (ہم نے توبہ کی اور تیری بندگی اختیار کی)"۔ یہ واقعہ ثابت کرتا ہے کہ کوئی بھی شہر یا گھر اس وقت تک امن کا گہوارہ نہیں بن سکتا جب تک اس میں داخل ہونے والے کے دل میں توبہ اور شکرگزاری کا جذبہ نہ ہو۔
انسانی تاریخ صدیوں تک اس مثالی گھر اور معاشرے کی تلاش میں بھٹکتی رہی، یہاں تک کہ پروردگارِ عالم نے اپنے آخری نبی حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کے ذریعے زمین پر ایک حقیقی "خواب نگر" تعمیر کر کے دکھا دیا۔ یہ خواب نگر ریاستِ مدینہ کی صورت میں نمودار ہوا۔ مواخات، عدل و انصاف، ایثار، قربانی اور رنگ و نسل سے بالاتر برابری کی بنیاد پر قائم ہونے والا یہ معاشرہ مادی دنیا میں جنت کا متبادل تھا۔
اس پاکیزہ ریاست نے اپنے عروج پر مادی فتوحات اور عالیشان محلات نہیں، بلکہ انسانی سیرت و کردار کا وہ عروج حاصل کر کے دکھایا جس کی مثال زمین کے کسی خطے میں نہیں ملتی۔
• وہاں عروج پر یہ حاصل ہوا کہ صدقہ اور زکوٰۃ دینے والے امیر گلیوں میں گھومتے تھے مگر پوری ریاست میں کوئی ایک بھی فقیر یا زکوٰۃ لینے والا نہیں ملتا تھا۔
• وہاں عروج یہ تھا کہ بھیڑیے اور بکریاں ایک ہی گھاٹ پر پانی پیتے تھے اور ایک اکیلی عورت اکیلی اونٹ پر سونا لاد کر صنعا سے حضرموت تک کا طویل سفر طے کرتی تھی مگر اسے اللہ کے سوا کسی کا خوف نہیں ہوتا تھا۔
• وہاں خوفِ خدا کا یہ عروج تھا کہ راتوں کو حاکمِ وقت (عمرِ فاروق رضی اللہ عنہ) پیٹھ پر آٹے کی بوری لاد کر بیواؤں کے گھر پہنچاتا تھا اور خود بھوکا سو جاتا تھا۔
اور اس خواب نگر کی سب سے بڑی خوبی، عظمت اور لافانی سند یہ تھی کہ اللہ تعالیٰ نے کسی زمینی تاریخ دان کی گواہی کا انتظار نہیں کیا، بلکہ خود کلامِ پاک (قرآنِ مجید) کو گواہ بنا کر رہتی دنیا تک کے لیے لکھ دیا: "رَضِيَ اللَّهُ عَنْهُمْ وَرَضُوا عَنْهُ" یعنی اللہ ان (مدینہ کے مکینوں) سے راضی ہو گیا اور وہ اللہ سے راضی ہو گئے۔ کائنات کی تاریخ میں اس سے بڑا عروج اور سند کسی مادی یا سیاسی معاشرے کو کبھی نصیب نہیں ہوئی۔
لیکن وائے ناکامی! انسان کی کج فہمی اور مادی حرس کے باعث یہ کامل ریاست سیاسی طور پر محض تقریباً ستائیس سال ہی قائم رہ سکی اور پھر وہ مرکز انسانوں کے لیے صرف ایک "روحانی فیض کا مقام" بن کر رہ گیا۔ عجب انسان ہے کہ صدیوں کی علمی و ایمانی ریاضت سے حاصل ہونے والے اس "مقامِ بندگی کی جنت" کو چھوڑ کر، نام نہاد مادی ترقی اور سلطنتوں کی ہوس کے سراب کی تلاش میں مصروف ہو گیا۔ انسان نے کتنا نقصان دہ اور خسارے کا سودا کیا کہ اپنے بنے بنائے حقیقی گھر کو اجاڑ بیٹھا۔
نافرمانی اور جنت سے اخراج کا المیہ
مشہور انگریز شاعر جان ملٹن نے اپنے شاہکار نظم "پیراڈائز لاسٹ" (کھوئی ہوئی جنت) میں اسی مضمون کو بنیادی طور پر "انسان کی پہلی نافرمانی" کے عنوان سے بیان کیا ہے۔ ملٹن یہ واضح کرتا ہے کہ وہ مثالی گھر انسان سے اس وقت چھوٹ گیا جب اس نے اللہ کے حکم کی خلاف ورزی کی۔ ملٹن کا مقصد "اللہ کے طریقوں کی انسانوں کے سامنے توجیہ" کرنا ہے، یعنی یہ بتانا کہ خواب نگر کا وہ پہلا گھر صرف ایک جغرافیائی جگہ کا نام نہیں تھا، بلکہ وہ ایک حالتِ دل کا نام تھا، جو "خالق کی رضا میں راضی رہنے" سے مشروط تھا۔ جیسے ہی نافرمانی داخل ہوئی، وہ گھر اجنبی ہو گیا۔
اس خسارے کا اثر یہ ہوا کہ صدیوں بعد، جب انسان مادی ترقی کی چکا چوند میں اندر سے بالکل اکیلا اور کھوکھلا ہو گیا، تو اس کھوئے ہوئے گھر کا درد دوبارہ جاگا۔ 1516ء میں ایک انگریز سیاست دان اور ہیومنسٹ سر تھامس مور نے ایک کتاب لکھی جس کا نام (یوٹوپیا) تھا، جس میں انہوں نے ایک خیالی، مثالی اور عادلانہ معاشرے کا نقشہ دکھایا اور انسان کے لیے اسی "خواب نگر میں گھر" کا رونا رویا۔ مگر المیہ یہ تھا کہ یوٹوپیا کا مطلب ہی "وہ جگہ جو کہیں وجود نہیں رکھتی" تھا؛ یعنی مغرب جس گھر کو اب صرف ایک "حسین خواب" سمجھ رہا تھا، اسلام اسے تاریخ کی ایک "روشن حقیقت" بنا کر دکھا چکا تھا۔
مادیت پرستی کا عذاب: مکھی اور پروانے کا فکری موازنہ
آج کا انسان صرف مادیت پرستی کا رسیا بن چکا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ مادی خوشحالی کے بلند ترین معیاروں کو چھو لینے کے باوجود بھی سکون اور اطمینان انسانوں کی وسیع تر زندگی سے غائب ہے۔ یہاں انسانی رویوں کے اس زوال کو سمجھنے کے لیے مکھی اور پروانے کا فکری موازنہ بہترین استعارہ ہے۔ کائنات کا اصول ہے کہ مقام و مرتبہ خواہشوں سے نہیں بلکہ طلب کے ظرف سے ملتا ہے۔ پروانہ نورِ حق کا متلاشی ہوتا ہے اور روشنی کی راہ میں اپنی ہستی فنا کر کے امر ہو جاتا ہے، جبکہ مکھی کی تمام تر پرواز اور جستجو صرف پیٹ پوجا اور نجاست کی پستی کے گرد گھومتی ہے۔
المیہ یہ ہے کہ انسانوں کی عظیم اکثریت—بشمول مسلم امہ اور اسلامی ممالک کے—ریاستِ مدینہ جیسی ایک پاک، مطہر اور عادلانہ ریاست کی کامل مثال اپنے پاس موجود رکھنے کے باوجود، اس پروانہ صفت روش کو چھوڑ چکی ہے۔ مسلم ممالک کے پاس وہ نورِ ہدایت موجود ہے جو دلوں کو مطمئن اور معاشروں کو جنت نظیر بنا سکتا ہے، مگر وہ مادی خوشحالی کی اس اندھی دوڑ میں شامل ہو کر اسی "مکھی" کی مانند بن گئے ہیں جس کی نظر روشنی کے مراکز میں بھی صرف دنیا طلبی کی گندگی، ہوسِ زر، معاشی مفادات اور اخلاقی پستی کے فضلے پر ہی پڑتی ہے۔ انسان کا نوے فیصد وقت صرف پیٹ پوجا اور مادی بقا کی نذر ہو رہا ہے، اور وہ اس سچی شمعِ بندگی سے دور ہو چکا ہے جہاں روح کا چین اور خواب نگر کا حقیقی گھر آباد تھا۔
کاروانِ پاکستان: تجربات کی تجربہ گاہ اور ترقی معکوس کا سفر
تہذیبوں کی اسی تگ و دو اور خواب نگر کی تلاش کے سفر میں، صدیوں بعد برصغیر پاک و ہند کی سرزمیں پر ایک بار پھر اسی پاکیزہ طلب کی بازگشت سنائی دی۔ حکیم الامت علامہ اقبال نے ایک ایسی ہی عادلانہ اسلامی ریاست کا خواب دیکھا جو مدینہ منورہ کے اصولوں پر استوار ہو کر مسلمانوں کے لیے "خواب نگر میں گھر" بن سکے۔ اس خواب کو حقیقت کا روپ دینے کے لیے بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح نے بے مثال فکری اور سیاسی جدوجہد کی اور بالاآخر پاکستان کی صورت میں ایک نظریاتی اسلامی ریاست حاصل کر لی۔
مگر تاریخ نے اپنے آپ کو ایک بار پھر المیے کے ساتھ دہرایا۔ قیامِ پاکستان کے صرف ایک سال بعد ہی قائدِ اعظم اس دنیا سے رخصت فرما گئے، اور یہ نوزائیدہ ریاست اپنے عظیم معمار کے فکری اور اخلاقی وژن سے محروم ہو گئی۔ نتیجہ یہ ہوا کہ پچھلے ستر پچھتر سالوں میں اس خواب نگر اسلامی ریاست میں کیا کیا تجربات نہیں ہوئے! سیاسی مفادات، مصنوعی نعروں، ہوسِ اقتدار اور اخلاقی گراوٹ کا کیسا کیسا نجس راستہ اور گندگی کا ڈھیر نہیں تھا کہ جس پر قومِ پاکستان کو نہ صرف بٹھایا گیا اور صرف پیٹ پوجا کی ڈور سے باندھ کر مادی بقا کی اندھی دوڑ کا اسیر کیا گیا؛ بلکہ نچوایا بھی گیا؛ اور نادان اپنے لٹنے کا جشن بھی مناتے رہے۔۔۔
اس کا خمیازہ یہ نکلا کہ سکون اور اطمینان بالکل ناپید ہو گیا اور بدعنوانی و معاشی زوال کے سبب غربت بڑھتی چلی گئی۔ حالانکہ اللہ تعالیٰ کا کلامِ پاک میں ابدی وعدہ ہے کہ اگر میری اور میرے رسولؐ کی اطاعت کرو گے تو مادی خوشحالی بھی دوں گا اور دلوں کو 'سکینہ' (اطمینان و سکون) بھی عطا کروں گا۔ لیکن ہائے ناکامی! کاروانِ پاکستان لٹتا چلا گیا، مگر ہم نے اپنے بھٹکے ہوئے مادی راستوں کو تبدیل نہیں کیا اور یہ پاکیزہ دھرتی ترقیِ معکوس کے اندھیروں میں بھٹکتی رہ گئی۔
جنتِ ارضی سے لے کر مدینہ کی گلیوں، تھامس مور کے یوٹوپیا، مکھی اور پروانے کے فکری سبق اور قائد و اقبال کے پاکستان تک کا یہ فکری اور تاریخی سفر ہمیں یہ سکھاتا ہے کہ «خواب نگر کا گھر» کوئی ناممکن یا خیالی تصور نہیں ہے، بلکہ یہ انسان کا وہ کھویا ہوا ورثہ ہے جو صرف اس وقت واپس مل سکتا ہے جب انسان مادی خوشحالی کے اندھے سراب سے نکل کر دوبارہ پروانے کی طرح "مقامِ بندگی"، "نورِ حق"، "عدل و انصاف" اور "ایثار و قربانی" کو اپنی اصل طلب بنا لے۔ جب تک ہمارے معاشرے میں اجتماعی طور پر عدل، برابری اور اخلاقی اقدار کی شمع روشن نہیں ہوگی، انسان زمین پر عالی شان محلات اور ریاستیں تو بنا لے گا، لیکن "خواب نگر کے پرسکون گھر" کے لیے ہمیشہ بھٹکتا رہے گا۔ پاکستان کی بقا اور انسان کا سکون اسی بات میں پنہاں ہے کہ وہ مادی پیٹ پوجا کی ڈور کو کاٹے، اپنے بھٹکے ہوئے مادی تجربات کو ترک کرے اور اس حقیقی نظامِ بندگی، اطاعت اور نور کی طرف لوٹ آئے جس کا وعدہ ہمارے خالق نے ہم سے کیا تھا۔
ہم انسان کیا جانتے ہیں کہ ہم انسانوں کو یہ دنیا جنت نہیں بنانی، بلکہ زندگی کو ایک ایسے طریقے سے جینا ہے اور باہم ایسا نظامِ زندگی تعمیر کرنا ہے کہ سب انسان برابر بن کے، امن اور سکون سے اس طرح جئیں کہ کل قیامت کے بعد جنت کے صحیح دعوے دار بن سکیں اور بالاآخر کل جنت میں اپنا حقیقی اور ابدی گھر پا سکیں۔
Exploring options to buy wine online Ontario helps wine enthusiasts discover selections fr...