14 February: Valentine Day:
محبت کا دِن
فضا میں جیسے کوئ خوشبوؤں کا
رقص جاگا ہے
سُنہری تتلیاں پھر سے گلابوں کے لبوں کو
چُھو کے آئی ہیں
درختوں کی کھلی بانہوں میں سائے
بات کرتے ہیں
اُداسی اشک آنکھوں میں لیے اب دور جانکلی
اِسی ڈھلتے ہوئے دن کی منڈیروں پر
چراغِ شام جلتا ہے
تو دستِ مہرباں جیسے
مِرے آنچل کے کونے سے، وفا کا
ایک لمحہ باندھ دیتاہے
مِرے صحنِ ہنر میں حرف و معنی کی
تلاوت سانس لیتی ہے
کوئی روشن ستارہ آسماں پہ مسکراتاہے
سمندر گیت گاتا ہے
کمالِ عہدِ مستی ہے
جہاں اب موسم جاں بھی بہت حیران لگتاہے
کوئی چہرہ مِرے دل کے بدن سے آن لگتاہے
یہی چپکے سے کہتا ہے
مجھے تم سے محبت ہے
مجھے تم سے محبت ہے !
محترمہ نوشی گیلانی کی نظم