أَعُوذُ بِاللّٰهِ مِنَ الشَّيْطَانِ الرَّجِيمِ
بِسۡمِ ٱللهِ ٱلرَّحۡمَـٰنِ ٱلرَّحِيمِ
اللہ کے نام سے شروع جو بڑا مہربان نہایت رحم کرنے والا ہے
ڈیجیٹل ایج میں غلامی سے نجات
اتوار کی خوشگوار شام حامد میاں کے کشادہ اور کتابوں سے سجے لاؤنج میں آج معمول سے بڑھ کر چہل پہل تھی۔ حامد میاں کا تعلق ایک خوشحال اور علم دوست مڈل کلاس گھرانے سے تھا۔ آج اس گھر میں جشن کا سماں تھا، کیونکہ حامد میاں کی بڑی نواسی نوال نے ملک کی ایک نامور یونیورسٹی کے داخلہ امتحان میں شاندار کامیابی حاصل کی تھی۔
اس خوشی میں پورا خاندان اکٹھا ہوا تھا۔ حامد میاں کی شریکِ حیات سلامت بیگم مسکراتے ہوئے سب کی خاطر تواضع میں مصروف تھیں۔ صوفوں پر حامد میاں کے دونوں بیٹے شارق (اپنی اہلیہ فرزانہ کے ہمراہ) اور طارق براجمان تھے۔ ان کے ساتھ ہی حامد میاں کی بڑی بیٹی آمنہ اور داماد سرفراز (جو نوال کے والدین تھے) فخر سے اپنی بیٹی کو دیکھ رہے تھے، جبکہ چوتھی اولاد اور سب سے چھوٹی بیٹی خدیجہ اپنے شوہر فراز اور دو کم سن بچوں کے ساتھ محفل کی رونق بڑھا رہی تھیں۔ گھر کے 'جن زی' اور 'الفا' نسل کے پوتے پوتیاں اور نواسے نواسیاں بھی نوال کے گرد جمع تھے۔
چائے کے دور کے ساتھ ہی گفتگو کا رخ نوال کے مستقبل اور یونیورسٹی میں مضمون کے انتخاب کی طرف مڑ گیا۔
"نوال بیٹا! اب تمہیں میڈیکل یا سول سروسز (سی ایس ایس) کی تیاری پر توجہ دینی چاہیے، اسی میں عزت اور تحفظ ہے،" بڑے ماموں شارق نے روایتی انداز میں مشورہ دیا۔
"نہیں بھائی جان! دور بدل چکا ہے،" چھوٹے ماموں طارق نے فوراً لقمہ دیا۔ "آج ہم ایک ایسے تحیر خیز ڈیجیٹل دور میں سانس لے رہے ہیں جو کبھی محض سائنس فکشن کے دائرے تک محدود سمجھا جاتا تھا۔ مصنوعی ذہانت (اے آئی) پیچیدہ الگورتھم تحریر کر رہی ہے، کوانٹم کمپیوٹنگ کائنات کے سربستہ راز سیکنڈوں میں کھول رہی ہے، اور عالمی رابطوں نے براعظموں کو انسان کی ہتھیلی میں سمیٹ دیا ہے۔ خودمختار روبوٹک نظاموں سے لے کر سمارٹ ٹیکنالوجی کے ذریعے خلائی تحقیق تک، انسانی عقل وجود کو نئی شکل دے رہی ہے۔ نوال کو کمپیوٹر سائنس یا اے آئی کا انتخاب کرنا چاہیے"۔۔۔
نوال کے والد سرفراز نے مسکراتے ہوئے کہا، "طارق بات تو ٹھیک کر رہا ہے، مگر ایک بات یاد رکھو نوال! اس شاندار ڈیجیٹل انقلاب کے درمیان آج پوری دنیا واضح طور پر دو کیمپوں میں بٹ چکی ہے۔ ایک کیمپ ان لوگوں کا ہے جو ان ڈیجیٹل عجائبات کو ڈیزائن کرتے ہیں، ان کا کوڈ لکھتے ہیں اور ان کے مالک ہیں؛ اور دوسرا کیمپ ان لوگوں کا ہے جو محض ان کے صارف (کنزیومر) بن کر رہ گئے ہیں"۔۔۔
حامد میاں، جو اب تک خاموشی سے سب کی باتیں سن رہے تھے، عینک درست کرتے ہوئے گویا ہوئے؛ "سرفراز نے بالکل نبض پر ہاتھ رکھا ہے۔ بچو! اس تبدیلی کے عہد میں واقعی ترقی کی منازل طے کرنے کے لیے ہمیں اغیار کی اندھی پیروی سے ماورا اس لازوال فلسفے کی طرف دیکھنا ہوگا جو کچھ ہی عرصہ پہلے ہماری اپنی تہذیب کا حصہ تھا"۔۔
سب کی نظریں حامد میاں کی طرف اٹھ گئیں۔ خدیجہ کے شوہر فراز نے اشتیاق سے پوچھا، "ابا جان، آپ علامہ اقبال کے فلسفے کی طرف اشارہ کر رہے ہیں نا؟"۔۔۔
"بالکل!" حامد میاں نے اثبات میں سر ہلایا۔ "یاد کرو برصغیر کی تاریخ کا وہ تاریک دور جب مسلمان غلامی کی زنجیروں میں جکڑے ہوئے تھے اور ذہنی و فکری جمود کا شکار تھے۔ اس کٹھن وقت میں قدرت نے ہمیں حکیم الامت علامہ محمد اقبال جیسا عظیم مفکر عطا کیا۔ اقبال نے شاعری کو محض تفریح نہیں بنایا بلکہ قوم کی بیداری کا ہتھیار بنایا۔ انہوں نے 'خودی' کا وہ انقلابی پیغام دیا جس نے سوئی ہوئی قوم کو جھنجھوڑ کر جگایا اور انہیں اپنی کھوئی ہوئی عظمت اور پوشیدہ صلاحیتوں کا احساس دلایا۔ اقبال نے واضح کیا کہ عزت اور سربلندی صرف انہی قوموں کا مقدر بنتی ہے جو عمل اور تخلیق کا راستہ اپناتی ہیں"۔۔۔
حامد میاں نے ایک لمحے کے لیے توقف کیا اور پھر علامہ اقبال کی مشہور کتاب ضربِ کلیم کی نظم "محراب گل افغان کے افکار" کا وہ لازوال شعر پڑھا:۔۔۔
جو عالمِ ایجاد میں ہے صاحبِ ایجاد
ہر دَور میں کرتا ہے طواف اس کا زمانہ
نوال نے بڑے غور سے شعر سنا اور پوچھا، "نانا ابو! اس شعر میں 'صاحبِ ایجاد' اور 'طواف' سے اقبال کی کیا مراد ہے؟"۔۔
حامد میاں نے شفقت سے جواب دیا، "بیٹا! 'صاحبِ ایجاد' سے مراد وہ تخلیق کار، موجد اور مفکر ہے جو نئی راہیں تراشتا ہے اور دنیا کو نئے خیالات یا ایجادات دیتا ہے۔ اور 'طواف کرنے' کا مطلب یہ ہے کہ زمانہ اس کی قدر کرتا ہے، اس کے گرد گھومتا ہے اور اس کی قیادت کو تسلیم کرتے ہوئے اس کے پیچھے چلتا ہے"۔۔
اب کی بار بڑی بیٹی آمنہ نے گفتگو میں حصہ لیتے ہوئے کہا، "ابا جان! جب اقبال یورپ گئے تھے تو انہوں نے اپنی دور اندیش نگاہوں سے بھانپ لیا تھا کہ دنیا کروٹ لے رہی ہے۔ خاص طور پر جنگِ عظیم اول کے بعد مغرب میں حالات تیزی سے بدل رہے تھے۔ ایک طرف عالمی طاقتوں اور مخصوص مفاد پرست حلقوں کی گرفت مضبوط ہو رہی تھی، تو دوسری طرف مغرب نے مادیت اور سائنس کو ہی اپنا سب کچھ مان کر گویا اسے خدا کا درجہ دے دیا تھا۔ ایک بالکل نئی دنیا تخلیق کی جا رہی تھی۔ اقبال نے تب ہی صاف پیغام دے دیا تھا کہ آنے والے وقت میں دنیا کی باگ ڈور صرف اسی کے ہاتھ میں ہوگی جو خود 'صاحبِ ایجاد' بنے گا"۔۔۔
"اور آج دیکھ لیجیے،" فراز نے بات آگے بڑھائی، "ڈیجیٹل دور میں اقبال کی وہ پیش گوئی حرف بہ حرف سچ ثابت ہو رہی ہے۔ ٹیکنالوجی اور اے آئی میں جو قومیں ایجادات کر رہی ہیں، پوری دنیا معاشی، علمی اور تہذیبی طور پر ان کا طواف کرنے پر مجبور ہے"۔۔
"مگر نانا ابو، ہم اس دوڑ میں پیچھے کیوں رہ گئے؟" الفا نسل کے ننھے پوتے نے معصومیت سے سوال کیا۔
حامد میاں نے ایک گہری سانس لی اور اسی نظم کا اگلا شعر پڑھا:۔۔
تقلید سے ناکارہ نہ کر اپنی خودی کو
کر اس کی حفاظت کہ یہ گوہر ہے یگانہ
کمرے میں ایک لمحے کے لیے گہرا سکوت چھا گیا۔ حامد میاں کی پُراثر آواز میں گونجنے والے اس شعر نے سب کو سوچنے پر مجبور کر دیا تھا۔ بڑی بہو فرزانہ نے گفتگو کا سلسلہ جوڑتے ہوئے پوچھا، "ابا جان، واقعی ہم نے آزادی تو حاصل کر لی، پھر بھی ہم علمی اور تخلیقی میدان میں دوسروں کے محتاج کیوں ہیں؟"۔۔
حامد میاں نے عینک اتار کر میز پر رکھی اور نہایت درد مندی سے بولے: "بیٹا! اس شعر میں اقبال ہمیں خبردار کرتے ہیں کہ انسان کو دوسروں کی اندھی تقلید کر کے اپنی انفرادی صلاحیتوں اور خودی کو ضائع نہیں کرنا چاہیے۔ خودی ایک نایاب اور بے مثال موتی یعنی 'گوہرِ یگانہ' ہے، اس لیے اپنی عقل و شعور سے کام لینا چاہیے، نہ کہ ہر پرانی فرسودہ روایت یا غیر ملکی تہذیب پر آنکھیں بند کر کے عمل کیا جائے۔ افسوس کہ آج مسلم دنیا جغرافیائی، علاقائی اور زمینی آزادی حاصل کرنے کے باوجود ایک گہری فکری، معاشی اور نفسیاتی غلامی میں جکڑی ہوئی ہے"۔۔۔
چھوٹے داماد فراز، جو مطالعے کے بے حد شوقین تھے، فوراً بولے: "بالکل درست فرمایا ابا جان! اس ذہنی غلامی اور نوآبادیاتی اثرات کی گواہی مشہور مصنف امل چترجی کی کتاب 'پریزنرز آف ایمپائر' (ایمپائر کے قیدی) میں بھی ملتی ہے۔ اس کتاب میں اس بات کا خوب احاطہ کیا گیا ہے کہ کس طرح قومیں ظاہری آزادی کے بعد بھی فکری اور نفسیاتی طور پر سابقہ آقاؤں یا غالب تہذیبوں کی قیدی بنی رہتی ہیں۔ اس کتاب کے مغزِ پیغام کو دیکھا جائے تو یہ غلامی ریاست اور معاشرے کی بنیادی جہتوں میں سرایت کر چکی ہے؛ چاہے وہ غلامی کی علمبردار اشرافیہ ہو یا نظامِ حکومت، قانون و انصاف کا ڈھانچہ ہو یا معاشی نظام، اور چاہے تعلیمی نظام ہو یا بین الاقوامی تعلقاتِ عامہ—یہ سب کے سب اسی فکری غلامی اور تقلید کے سمندر میں ڈوبے ہوئے نظر آتے ہیں"۔۔۔
"اور اس مرض کا علاج بھی اقبال ہمیں پہلے ہی بتا چکے ہیں،" بڑے بیٹے شارق نے پرجوش انداز میں کہا۔ "یعنی درآمد شدہ نظریات اور غلامانہ پالیسیوں کو ترک کر کے ایک آزادانہ اور خودمختار قومی پالیسی تشکیل دی جائے—ایسی پالیسی جس کا اصل جوہر اور سرچشمہ قرآن و حدیث کی ابدی تعلیمات اور خلفائے راشدین کا سنہری دورِ حکومت ہو، جہاں عدل، مشاورت، احتساب اور حقیقی فلاحِ عامہ ریاستی نظام کی بنیاد تھے"۔۔۔
سلامت بیگم، جو اب تک خاموشی سے بچوں کی باتیں سن رہی تھیں، بولیں: "پر بچو، جب قوم محنت چھوڑ کر عیش و عشرت میں پڑ جائے تو تبدیلی کیسے آئے گی؟"۔۔
حامد میاں مسکرائے اور بولے: "بیگم، اقبال نے نظم کے اگلے شعر میں قوم کے اسی عملی اور اخلاقی زوال پر گہرا طنز کرتے ہوئے فرمایا ہے:۔۔
اُس قوم کو تجدید کا پیغام مبارک!۔
ہے جس کے تصّور میں فقط بزمِ شبانہ
یعنی اس قوم کو اصلاح اور نئے انقلاب (تجدید) کے کھوکھلے نعرے مبارک ہوں، جس کی سوچ اور عمل صرف عیش و عشرت اور رات کی رنگین محفلوں تک محدود ہو چکا ہے۔ جو قومیں محنت، تحقیق اور بلند مقاصد کو چھوڑ کر محض آرام طلبی میں پڑ جاتی ہیں، ان کے لیے ترقی کے دعوے محض ایک فریب ہوتے ہیں۔ اور اسی تسلسل میں اقبال اس نظم کے آخری شعر میں ایک انتہائی اہم فکری خدشے کا اظہار کرتے ہیں:۔۔۔
لیکن مجھے ڈر ہے کہ یہ آوازۂ تجدید
مشرق میں ہے تقلیدِ فرنگی کا بہانہ
اقبال پرانی جامد روایت کی اندھی پیروی کے بھی مخالف ہیں اور مغرب کی اندھی نقالی کے بھی، کیونکہ دونوں صورتوں میں انسان اپنی آنکھ سے دیکھنا چھوڑ دیتا ہے۔ اقبال کی مشہور کتاب 'تشکیلِ جدید الٰہیاتِ اسلامیہ' میں اجتہاد کی بحث بھی اسی آزاد اور تخلیقی فکر کی علمی صورت ہے، جو ہمیں ماضی کے جمود اور مغرب کی ذہنی غلامی دونوں سے نکال کر اپنا راستہ خود تراشنے کا درس دیتی ہے"۔۔۔
نوال کے والد سرفراز نے کہا: "ابا جان، اس کا عملی پہلو تو اقبال کے اس معروف شعر میں بھی جھلکتا ہے:۔۔
اس قوم کو شمشیر کی حاجت نہیں رہتی
ہو جس کے جوانوں کی خودی صورتِ فولاد
یعنی جس قوم کے نوجوانوں کی خودی فولاد کی طرح مضبوط اور خودمختار ہو، اسے دشمن کی ظاہری فوجی طاقت سے مرعوب ہونے کی ضرورت نہیں رہتی۔ اس پیغام کا زندہ ثبوت موجودہ ایران، اسرائیل اور امریکہ کی جنگ اور کشمکش میں دیکھا جا سکتا ہے، جہاں پابندیوں کے باوجود مقامی ایجادات اور فولادی عزم نے بڑی عالمی طاقتوں کو بھی سوچنے پر مجبور کر دیا ہے"۔۔۔
خدیجہ نے افسردگی سے کہا: "واقعی ابا جان، تاریخ گواہ ہے کہ اقبال کا یہ پیغامِ بیداری قائدِ اعظم محمد علی جناح کی ولولہ انگیز قیادت میں نہایت کارگر ثابت ہوا اور دنیا کے نقشے پر پاکستان جیسی عظیم مملکت وجود میں آئی۔ مگر افسوس کہ قیامِ پاکستان کے بعد ہم امتدادِ زمانہ کا شکار ہو گئے اور یہ قوم اپنی عیاشانہ خواہشات، ذاتی مفادات اور فکری غفلت کی نذر ہو گئی"۔۔۔
حامد میاں نے کمرے میں بیٹھے تمام بچوں اور نوجوانوں—خاص طور پر نوال—کی طرف دیکھا اور پُرجوش لہجے میں گویا ہوئے:۔۔
"میرے بچو! آج ہماری اس محفل اور اس گفتگو کا اصل مقصد بھی یہی ہے کہ ہم خوابِ غفلت سے جاگیں اور اپنی اصل منزل کی جانب بڑھیں۔ اقبال نے نوجوانوں کو جھنجھوڑتے ہوئے کیا خوب کہا تھا:۔۔۔
کبھی اے نوجواں مسلم! تدبّر بھی کِیا تُو نے
وہ کیا گردُوں تھا تُو جس کا ہے اک ٹُوٹا ہوا تارا
تاریخ کا اٹل فیصلہ ہے کہ تقلید کرنے والے ہمیشہ خسارے اور گھاٹے میں رہتے ہیں۔ اگر ہم نے آج بھی اپنی خودی کو بیدار نہ کیا اور صاحبِ ایجاد بننے کی راہ نہ اپنائی، تو کہیں ایسا نہ ہو کہ ہم آنے والی اگلی صدی بھی ذہنی، معاشی اور تہذیبی غلامی میں بھگتائیں"۔۔۔
نوال نے بڑے اشتیاق سے کہا: "نانا ابو، ہماری نسل کو اکثر یہ احساسِ کمتری دلایا جاتا ہے کہ علم و فن صرف مغرب کی میراث ہے"۔۔
حامد میاں نے فخر سے سر بلند کرتے ہوئے کہا: "یہی سب سے بڑا جھوٹ ہے بیٹا! تمہیں یہ جاننا بہت ضروری ہے کہ تمہاری اپنی تہذیب اور تاریخ انتہائی مضبوط اور شاندار رہی ہے۔ ایک دور تھا جب اسلام کو دنیا بھر میں ادب، فنونِ لطیفہ (آرٹ)، روحانیت، دانشورانہ تفکر، ثقافتی تطہیر اور سب سے بڑھ کر حسن و خوبصورتی کا مترادف سمجھا جاتا تھا۔ تاریخ کے اوراق اس عظمت کے گواہ ہیں!"۔۔
حامد میاں کی آواز میں ایک نیا ولولہ آ گیا تھا:۔۔
"ذرا سنو! جرمنی کی سب سے بڑی ادبی شخصیت گوئٹے نے اپنی ڈائری میں 'لا الٰہ الا اللہ' تحریر کیا؛ کئی برطانوی افسران نے مشرقِ وسطیٰ اور برصغیر میں اسلام کی حقانیت سے متاثر ہو کر اسے گلے لگایا؛ ہٹلر نے اس خواہش کا اظہار کیا تھا کہ کاش کمزور عیسائیت کے بجائے اسلام کا 'جنگجو اور باحمیت مذہب' جرمنی پہنچا ہوتا؛ برطانیہ کے شاہ جارج ششم نے مغل فنِ تعمیر سے متاثر ہو کر اپنے لیے ایک ہند-اسلامی شاہی محل تعمیر کروایا؛ مشہور مورخ ایڈورڈ گبن، برطانوی پارلیمنٹ کے اراکین اور فرانسیسی ادیب وکٹر ہیوگو نے اسپین کے مسلم ورثے اور تہذیب کو نہایت رومانوی اور شاندار الفاظ میں خراجِ تحسین پیش کیا؛ جبکہ نپولین نے مصر پر حملے کے وقت اپنے ہمراہ فرانسیسی فنکاروں اور دانشوروں کا ایک باقاعدہ وفد لایا اور اسلامی دنیا کی فکری و ثقافتی دولت سے فرانس کو روشناس کرانے کی امید میں حضرت محمد ﷺ کو بھرپور خراجِ عقیدت پیش کیا"۔۔۔
کمرے میں موجود تمام بڑے اور بچے دم بخود یہ سنہری تاریخ سن رہے تھے۔ حامد میاں نے اپنی بات سمیٹتے ہوئے کہا:۔۔۔
"جس قوم کا ماضی اس قدر تابناک اور علم و فن کا گہوارہ رہا ہو، اسے کسی کی اندھی تقلید کی ہرگز ضرورت نہیں—بس اپنی خودی کو پہچاننے اور دوبارہ 'صاحبِ ایجاد' بننے کی دیر ہے۔ نوال بیٹا! آج صاحبِ ایجاد بننے کے لیے ہمیں دوبارہ سے پہیہ ایجاد نہیں کرنا، بلکہ یہ دور مصنوعی ذہانت (اے آئی) اور ڈیجیٹل جنگ کا دور ہے۔ وقت کا تقاضا ہے کہ ہمارے بچے اور نوجوان اس جدید میدان میں بڑھ چڑھ کر شامل ہوں اور محض صارف بننے کے بجائے قیادت کے مرتبے تک پہنچیں۔ یہ کوئی مشکل کام نہیں ہے؛ اس کے لیے صرف خوابِ غفلت سے جاگنے، اپنی حقیقی ذات کی تلاش کرنے اور نفس کی غلامی سے آزاد ہونے کی ضرورت ہے۔ یاد رکھو، ایک مردِ مومن آزاد اور ہر دم مصروفِ عمل ہوتا ہے، جیسا کہ اقبال نے فرمایا:۔۔۔
میسر آتی ہے فرصت فقط غلاموں کو
نہیں ہے بندۂ حُر کے لیے جہاں میں فراغ"۔۔
حامد میاں کی بات مکمل ہوتے ہی پورا کمرہ بچوں کی تالیوں سے گونج اٹھا۔ نوال کی آنکھوں میں اب کوئی الجھن نہیں تھی، بلکہ ایک چمکتا ہوا عزم تھا۔ اس نے مسکراتے ہوئے سب کی طرف دیکھا اور بولی:۔۔۔
"نانا ابو، میرا فیصلہ ہو چکا ہے۔ میں صرف ڈگری لینے یا نوکری ڈھونڈنے یونیورسٹی نہیں جاؤں گی—میں مصنوعی ذہانت اور ٹیکنالوجی کے میدان میں تحقیق کروں گی، تاکہ ہم بھی زمانے کا طواف کرنے والوں میں نہیں، بلکہ صاحبِ ایجاد بننے والوں میں شمار ہوں!"۔۔
سلامت بیگم نے اٹھ کر نوال کی پیشانی چومی، اور حامد میاں کے چہرے پر وہ اطمینان پھیل گیا جو ایک روشن مستقبل کی نوید دے رہا تھا۔