پورنماشی رت کا سحر
Storytelling is an important tool because it builds emotional connections, helps people remember information, and fosters empathy. Fiction is defined as any creative literary or narrative work that portrays imaginary characters, settings, and events. The month of September's full moon is called "harvest moon"; and has been a subject of various discussions. This write up in Urdu "پورنماشی رت کا سحر" is a story based upon the harvest moon and the verses of a 'gazal' from poet Nabeel Ahmad Nabeel.
أَعُوذُ بِاللّٰهِ مِنَ الشَّيْطَانِ الرَّجِيمِ
بِسۡمِ ٱللهِ ٱلرَّحۡمَـٰنِ ٱلرَّحِيمِ
اللہ کے نام سے شروع جو بڑا مہربان نہایت رحم کرنے والا ہے
پورنماشی رت کا سحر
(ایک خاندانی رومانوی افسانہ)
پچھلے سال ماہِ مہر (ستمبر) کا ذکر ہے، جب حامد میاں کا پورا خاندان شہر کی مشینی زندگی کی یکسانیت سے دور، پہاڑوں کی ایک خوبصورت وادی میں تین دن کی سیر کے لیے آیا تھا۔ حامد میاں کا تعلق ایک خوشحال، پڑھنے لکھنے والے مڈل کلاس گھرانے سے تھا۔ ان کے دو شادی شدہ بیٹے (شارق اور طارق)، دو بیاہی بیٹیاں، سلیقہ مند بہوئیں اور ہنستے مسکراتے پوتے پوتیاں اور نواسے نواسیاں اس کاروانِ حیات کا حصہ تھے۔
خاندان بعد از دوپہر وہاں ریزورٹ پہنچا تھا۔ سفر کی تھکن اتارنے کے بعد جب سب شام کی چائے پر اکٹھے ہوئے، تو مردوں نے متفقہ طور پر ایک بہترین فیصلہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ خواتین تو گھر پر ہر روز چولہا چوکا کرتی ہی ہیں، اس لیے ان کا پورا حق بنتا ہے کہ وہ اس سیر کے دوران مکمل آرام کریں۔ چنانچہ طے پایا کہ رات کے کھانے میں باربی کیو کیا جائے گا اور یہ سارا کام خاندان کے مرد خود سنبھالیں گے۔
مغرب کے بعد جب وادی پر اندھیرا چھانے لگا، تو سب نے ریزورٹ کے کشادہ اور سرسبز لان میں کرسیاں سنبھال لیں۔ ایک طرف باربی کیو کا دھواں اور اشتہا انگیز خوشبو پھیلنے لگی، جہاں بیٹے اور داماد کوئلے دہرانے میں مصروف تھے، اور دوسری طرف لان کے کونے میں بچوں کے لیے ایک بڑا جھولا، میری گو راؤنڈ اور سلائیڈ لگی ہوئی تھی، جہاں بچے ہنستے کھیلتے ہوئے آپس میں شیر و شکر ہو رہے تھے۔
اسی دوران، لکڑی کے بڑے جھولے پر بیٹھی حامد میاں کی بڑی نواسی نوال نے اچانک آسمان کی طرف اشارہ کیا اور والہانہ انداز میں بولی: "دیکھیے! کتنا خوبصورت پورنما بلند ہوا ہے؟؟؟"۔۔۔
اس پر حامد میاں کے بڑے داماد سرفراز نے مسکراتے ہوئے چاند کی طرف دیکھا اور نوال کی تصحیح کرتے ہوئے بتایا: "نہیں بیٹا، یہ ابھی پورنما نہیں، بلکہ یہ تیرہویں کا چاند ہے، جو اپنے پورے جوبن کی طرف بڑھ رہا ہے۔"۔۔
کچھ ہی دیر میں باربی کیو تیار ہو گیا۔ بعد از پُرباشی (کھانے سے فراغت کے بعد)، سب کے ہاتھوں میں گرم قہوے کے کپ آ گئے اور وہ دوبارہ سبزے پر لگی کرسیوں پر براجمان ہو گئے۔ تب سرفراز صاحب نے ایک جادوئی مشورہ دیا: "اگر اس چاندنی کا صحیح مزا لینا ہے، تو باہر کی یہ ساری مصنوعی بتیاں گل کر دی جائیں۔"۔۔
جیسے ہی ریزورٹ کی لائٹس بند ہوئیں، سب کے منہ سے بیک وقت ایک مبہوت کر دینے والی "اوہ!" نکلی۔ گھنے پہاڑوں کے بیچ چاند کی نرم, دودھیا روشنی کا ایک سیلاب تھا جو ہر چیز کو اپنے اندر سمو چکا تھا۔ "اوہ، کیا خوبصورت نظارا ہے!" کسی کے منہ سے آہستہ سے نکلا۔
وہیں قہوے کی چسکیاں لیتے ہوئے بات چلی کہ چاند کا یہ جادو آخر کیا ہے؟ اس پر وہاں متعدد مفروضے اور کہانیاں بیان کی جانے لگیں، مگر سب اس ایک بات پر متفق تھے کہ اصل جادو چاند کی اپنی ذات میں نہیں، بلکہ اس کی پھیلائی ہوئی چاندنی میں ہوتا ہے۔ چاندنی کی یہ نرم اور یکساں روشنی جہاں باہر کی دنیا کو منور کرتی ہے، وہاں انسان کے اندر چھپے تضادات، تنہائی اور دشت کی وحشت کو بھی بیدار کر دیتی ہے۔
اس سحر انگیز ماحول میں سرفراز صاحب نے اپنے یادگار تجربات کا پٹارا کھولا۔ انہوں نے بتایا کہ انہوں نے اپنی زندگی میں کئی سال پورنماشی کی راتیں بحر اوقیانوس، بحر ہند اور بحر الکاہل کے لامتناہی پانیوں میں گزاری ہیں۔ انہوں نے چاند کو ایک وقت میں بعد از مغرب سمندر کے سینے سے طلوع ہوتے دیکھا ہے، اور کبھی بعد از طلوعِ آفتاب، صبح کے اجالے میں اسے آہستہ آہستہ گہناتا اور چھپتا ہوا دیکھا ہے۔
اس پہ حامد میاں کے چھوٹے بیٹے طارق نے اپنے بھائی کی بات میں اضافہ کرتے ہوئے بڑے اشتیاق سے کہا: "بھائی جاں! چاند کا یہ جادو پورنماشی کی رات کو صحرا میں بھی غضب ڈھاتا ہے۔" طارق چونکہ سندھ کے تھر کول پاور پلانٹ پہ کچھ عرصہ کام کرتے رہے تھے، اس لیے انہوں نے تھر کے صحرا کی وہ تپتی چاندنی بچشمِ خود دیکھی تھی۔ انہوں نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے کہا: "وہاں چاندنی کی ایک انوکھی خوبصورتی کے ساتھ ساتھ ایک گہری اور خاموش وحشت بھی محسوس ہوتی تھی، جو انسان کو جکڑ لیتی ہے۔"۔۔۔
طارق کا یہ سنجیدہ اور فلسفیانہ نکتہ سن کر سرفراز صاحب شرارت سے مسکرا کر بولے: "میرے عزیز طارق! آپ اس وقت تک 'میاں' (شادی شدہ) نہیں بنے تھے نا۔۔۔ اب وہاں جائیں گے تو اس وحشت کا انداز بالکل بدل جائے گا اور وہ وحشت بھی محبت کا روپ دھار لے گی!" سرفراز صاحب کے اس رندانہ اور شگفتہ جواب پر پورے لان میں قہقہوں کا ایک سیلاب امڈ آیا اور بہوؤں اور بیٹیوں نے مسکرا کر ایک دوسرے کی طرف دیکھا۔ طارق بھی لاجواب ہو کر مسکرا دیے۔
جب قہقہوں کا یہ شور تھما، تو وادی کی خاموشی اور چاند کی دودھیا روشنی دوبارہ لان پر حاوی ہو گئی۔ اس وقت ماحول پر طاری جادوئی سکوت کو محسوس کرتے ہوئے طارق کی بیوی بولیں: ”مجھے تو اس وقت ایک جوان سال شاعر جناب نبیل احمد نبیل کی ایک غزل کا مصرع یاد آیا ہے: ’پیاس کی سوندھی مہک صحراء کی ویرانی میں رکھ‘“
اس سحر انگیز ماحول میں حامد میاں، جو اب تک خاموشی سے قہوہ پی رہے تھے، سیدھے ہو کر بیٹھے۔ انہوں نے آسمان پر چمکتے چاند کی طرف دیکھا، پھر اپنی بہو کی طرف محبت اور ستائش سے دیکھ کر کہا: ”بیٹا! پورا شعر یوں ہے:۔
پیاس کی سوندھی مہک صحراء کی ویرانی میں رکھ
اور سیرابی کا دکھ بہتے ہوئے پانی میں رکھ“۔۔
اپنی گفتگو جاری رکھتے ہوئے حامد میاں نے اپنے بیٹوں اور دامادوں پر نظر ڈالی اور دھیمے مگر رعب دار لہجے میں بولے: ”تم سب نے سمندر، صحرا اور چاندنی کی وحشت کی بات کی، تو مجھے اس خطہِ زمین پر نبیل احمد نبیل کی یہ پوری غزل یاد آ رہی ہے جو انسان کے اندرونی تضادات کا پورا احاطہ کرتی ہے۔ طارق! تم نے تھر کے صحرا کی جس خاموش وحشت کا ذکر کیا، وہ دراصل اس 'پیاس کی سوندھی مہک' کا احساس ہے جو انسان کو مادی آسائشوں سے دور اپنی حقیقت کی طرف بلاتی ہے۔ اور سرفراز! تمہارا وہ بہتا ہوا سمندر بظاہر 'سیراب' نظر آتا ہے، لیکن اس کا دکھ یہی ہے کہ وہ منزل پا لینے کے بعد بھی ایک ابدی اضطراب میں رہتا ہے۔ یہ زندگی بھی ایسی ہی ہے، اصل حسن سب کچھ پا لینے میں نہیں، بلکہ اس کو پانے کی تڑپ اور جستجو میں ہے۔“۔۔۔
بڑے بیٹے شارق نے، جو اپنے بچوں کو جھولے سے اتار کر لا رہا تھا، قہوے کا کپ میز پر رکھتے ہوئے کہا: ”ابو! آپ سچ کہتے ہیں۔ ہم شہروں میں دن رات مادی چیزوں کے پیچھے بھاگتے ہیں، سب کچھ پا کر بھی اندر ایک عجیب سا اکیلا پن رہتا ہے۔“۔۔
حامد میاں نے مسکرا کر شارق کی طرف دیکھا اور غزل کا اگلا شعر پڑھا:۔
دیکھ کیسے سلطنت کی رونقیں بڑھ جائینگی
مجھ سا اک خودسر بھی تو اپنی سلطانی میں رکھ
انہوں نے اپنی اہلیہ سلامت بیگم کی طرف دیکھ کر دھیمے سے کہا: ”دنیا کے حاکم غلاموں پر راج کرتے ہیں، لیکن محبت کی سلطنت انوکھا دربار ہے، جہاں بندہ جتنا خودسر اور باغی ہو، جب وہ محبت کے حضور سرِ تسلیم خم کرتا ہے، تو اس دربار کی رونقیں اتنی ہی بڑھ جاتی ہیں۔ ہماری یہ خوشحال مڈل کلاس زندگی، یہ بھرا پرا خاندان، اس محبت کی سلطانی کا ہی تو صدقہ ہے؛ اور اس جادو کا سحر آپ کی والدہ محترمہ کے مرہونِ منت ہے؛ جنہوں نے یہ باغ سینچا ہے۔“
حامد میاں کی اس بات پر سلامت بیگم کے ہونٹوں پہ حیا کا تبسم کھلا۔ ان کی آنکھوں میں شکرگزاری کی نگاہ حامد میاں کی طرف اٹھی اور پھر حیا سے جھک گئی۔ پورے دربارِ محبت پر ایک تقدس آمیز رومانوی سحر طاری ہو گیا، جسے دیکھ کر بچوں اور بہوؤں کے چہروں پر بھی مسکراہٹ پھیل گئی۔
حامد میاں نے گفتگو کا سلسلہ آگے بڑھاتے ہوئے غزل کا اگلا بند اٹھایا:۔
قید کر مجھ کو کسی اندھے کنویں میں اور پھر
روشنی کی جستجو میری تن آسانی میں رکھ
انہوں نے اس شعر کی گرہ کھولتے ہوئے کہا: ”انسان خود بھی ایک کنویں کا قیدی ہے۔ یہ کنواں اس کا مٹی کا بت ہے جس میں اس کی روح قید ہے۔ ہم مادی آسائشوں کی 'تن آسانی' میں اتنے گم ہو جاتے ہیں کہ روح کی پیاس بھول جاتے ہیں۔ لیکن سچا انسان وہی ہے جو اس مادی قید اور اندھے کنویں میں رہ کر بھی اپنے اندر خدا کے نور اور روشنی کی جستجو کو مرنے نہیں دیتا۔ باہر چاہے جتنی پورنما کی چاندنی ہو، اگر اندر روشنی کی جستجو نہ ہو، تو اندر اماوس کی گھڑی کا اندھیرا ہی رہتا ہے۔“
قہوے کی کیتلی سے دھواں اب بھی اٹھ رہا تھا اور سب پر ایک فکری خاموشی طاری تھی۔ حامد میاں نے اگلا شعر پڑھ کر جدید دنیا کا نوحہ بیان کیا:۔
ایک جیسے روزوشب کی دھول ہے اعصاب پر
کوئی بےترتیب لمحہ میری یکسانی میں رکھ
بھیڑ میں کھونے کا خدشہ بڑھ رہا ہے مستقل
میری حیرت کو بہت ہی سخت نگرانی میں رکھ
انہوں نے دونوں اشعار کو یکجا کرتے ہوئے اپنے بچوں کو نصیحت کی: ”ہم جس ڈیجیٹل اور مشینی دور میں جی رہے ہیں، یہ ایک ایسا سیلاب ہے جہاں ایک عام آدمی اپنی سوچ کھو کر محض ایک بہتا ہوا معمولی تنکا بن جاتا ہے۔ روز و شب کی یہ میکانکی یکسانیت ہمارے اعصاب پر دھول بن کر جم جاتی ہے۔ اس بھیڑ میں سب سے پہلے انسان کی 'حیرت' اور معصومیت مرتی ہے۔ اس لیے میں تمہیں اس پہاڑ پر لے کر آیا ہوں، تاکہ شہر کی اس مشینی بھیڑ سے دور، فطرت کے اس 'بے ترتیب لمحے' میں تمہارے اندر کی حیرت جاگ سکے اور وہ اس مادی سیلاب میں گم ہونے سے بچ جائے۔“۔۔
آخر میں، حامد میاں نے غزل کا مقطع پڑھ کر اس رات کی سحر انگیزی کو عروج پر پہنچا دیا:۔۔
کیا خبر کب دشت کی وحشت پکارے پھر نبیل
اک دامانی کی مہلت خوش گریبانی میں رکھ
حامد میاں کی گفتگو ختم ہوئی، تو یوں لگا جیسے غزل کے ان اشعار اور افکار نے پہاڑ کی اس چاندنی رات کو ایک ابدی اور مقدس حسن عطا کر دیا ہو۔ سب کے دل باطنی روشنی اور شکر گزاری کے جذبے سے بھر چکے تھے۔
دوسری رات: پورنما اور باطنی طوفان
اگلی رات پورنما پورے جوبن پہ تھا۔ آسمان پر چودھویں کا چاند اپنی پوری آب و تاب کے ساتھ دودھیا روشنی برسا رہا تھا۔ سارا خاندان رات کے کھانے سے فارغ ہو کر، ہاتھوں میں کافی کے مگ تھامے لان میں دوبارہ اکٹھا موجود تھا۔ ایک طرف بچے چٹائی بچھائے "اونو" کھیلنے کا پروگرام بنائے بیٹھے تھے اور دوسری طرف خواتین بیت بازی کے موڈ میں تھیں اور شعروں کی فہرستیں ذہن میں دہرا رہی تھیں۔
ابھی بیت بازی کا معاملہ شروع ہی ہوا تھا کہ فضا کے سحر اور چاند کے جلال کو دیکھ کر گفتگو کا رخ ایک بار پھر کل رات والے فکری مباحثے کی طرف واپس لوٹ آیا۔ شارق نے کافی کی چسکی لیتے ہوئے علامہ اقبال کا وہ شعر پڑھا جو کل رات مباحثے میں آیا تھا:۔۔
میں دھڑکتا ہوں دلِ یزدان میں کانٹے کی طرح
تو فقط اللہ ہو، اللہ ہو، اللہ ہو!
اس پہ حامد میاں عقیدت اور گہرے سرور میں ڈوب کر گویا ہوئے: ”کیا کمال کی بات کی ہے علامہ نے، واہ واہ! سبحان اللہ۔ کل نبیل کی غزل میں جو شعر ہم نے سنا تھا کہ 'دیکھ کیسے سلطنت کی رونقیں بڑھ جائینگی، مجھ سا اک خودسر بھی تو اپنی سلطانی میں رکھ'، اب ذرا ان دو اشعار کو ملا کر سمجھتے ہیں! دنیاوی سلطنتوں میں بادشاہ کو بے حس غلام پسند ہوتے ہیں، لیکن کائنات کی سب سے بڑی سلطنت—خواہ وہ اللہ کی سلطانی ہو یا محبت کی سلطنت—وہاں اندھی اطاعت سے زیادہ اس 'خودسر' اور زندہ دل عاشق کی اہمیت ہے جو اپنی انفرادیت اور انا کی تڑپ برقرار رکھتا ہے۔ خدا کو بھی وہ بندہ پسند ہے جو سجدے میں گرے تو اپنی پوری روح اور باطنی طوفان کے ساتھ گرے، جیسا کہ اقبال نے ایک اور جگہ فرمایا تھا:۔۔
خدا تجھے کسی طوفاں سے آشنا کر دے
کہ تیرے بحر کی موجوں میں اضطراب نہیں“
حامد میاں کی اس لاجواب تشریح پر پورے لان میں ایک سحر طاری ہو گیا۔ پھر مزید کچھ وقت کھیل تماشہ چلا، بچوں کی ہنسی اور قہقہے وادی کی خاموشی میں گونجتے رہے، یہاں تک کہ رات کافی بیت گئی۔ تب سلامت بیگم سب کو مخاطب کرتے ہوئے دھیمے اور پیار بھرے لہجے میں گویا ہوئیں: ”اب سونا چاہیے۔ چلو بچو! اب سمیٹو سب کچھ۔۔۔ باقی کا کھیل کل کھیلیں گے، ان شاء اللہ۔“ کچھ ہی وقت کے بعد سب باری باری خدا حافظ کہہ کر اپنے اپنے کمروں میں جا چکے۔
الگ کمرے، الگ داستانیں
پہلا کمرہ (آمنہ اور سرفراز):۔
بڑے داماد سرفراز اور ان کی بیوی آمنہ کے کمرے میں بھی اب سونے کی پوری تیاری تھی۔ آمنہ نے بستر پر لیٹنے سے پہلے سرفراز سے پوچھا: ”آپ کو نیند آ رہی ہے؟“ سرفراز نے مسکرا کر جواب دیا: ”ہاں، آ تو رہی ہے۔“۔۔۔
آمنہ بستر سے دور جاتی ہوئی بولیں: ”نیند کو تھوڑی دیر روکیں، پہلے مجھے یہ بتائیں کہ وہ رات کو سمندر میں پورنماشی کا طواف کیسے کرتے تھے؟
سرفراز منمنائے؛ "وہ تو ڈیوٹی ہوتی تھی نا؟“۔۔۔۔
آمنہ نے پیار سے ان کا ہاتھ پکڑا اور بولیں: ”بس، تو آج بھی آپ کی ڈیوٹی ہے۔ ادھر آئیے۔۔۔ دیکھیں یہاں سے سارا آسمان کتنا صاف دکھتا ہے۔“ آمنہ نے کھڑکی سے بھاری پردے ہٹائے، جہاں سے پورنما کا چاند اپنی پوری آب و تاب کے ساتھ کمرے میں دودھیا چاندنی بکھیر رہا تھا۔ وہ کھڑکی کے ساتھ لگے آرام دہ دیوان پہ بیٹھ گئیں اور اپنے میاں کو بھی اپنے ساتھ بٹھا لیا۔ آمنہ نے چاند کو دیکھا، پھر سرفراز کی آنکھوں میں جھانکتے ہوئے دھیمے سے پوچھا: ”سچ کہیے، اس سمے سمندر کے بیچوں بیچ آپ صرف ڈیوٹی ہی کرتے تھے؟ میں یاد نہیں آتی تھی آپ کو؟“۔۔۔۔
سرفراز نے آمنہ کا ہاتھ اپنے ہاتھوں میں لیا اور نرم آواز میں بولے: ”آمنہ! وہ جو ایک مشہور گیت میں کہا ہے نا:۔
ہم تو ہیں پردیس میں، دیس میں نکلا ہوگا چاند
اپنے گھر کی چھت پہ کتنا تنہا ہوگا چاند!۔
بحرِ اوقیانوس کی ان تنہا راتوں میں جب چاندنی پانی پر رقص کرتی تھی، تو مجھے اس چاند میں صرف تمہارا چہرہ نظر آتا تھا اور میری روح تمہارے ہی گرد طواف کرتی تھی۔“۔۔۔
دوسرا کمرہ (طارق اور ان کی بیگم):۔
دوسرے کمرے میں، طارق اور ان کی بیگم بھی کھڑکی کے پاس کھڑے وادی پر پھیلی چاندی کو نہار رہے تھے۔ طارق کی بیگم اپنے میاں سے گویا ہوئیں: ”طارق! سچ کہوں تو جدید شہروں کی مشینی زندگی نے انسان پر ایک ایسی یکسانیت طاری کر دی ہے جو اعصاب پر دھول کی طرح جم جاتی ہے۔ روز و شب کا ایک ہی دائرے میں گھومنا روح کو تھکا دیتا ہے۔ میں اب اس یکسانیت سے تھک چکی ہوں، اس لیے اب یہ فیصلہ کیا ہے کہ آپ اگلی دفعہ جب بھی تھر جائیں گے، تو میں بھی آپ کے ساتھ جاؤں گی اور اس صحرا کی وحشت کو خود محسوس کروں گی۔“۔۔
طارق نے ان کا ہاتھ تھاما اور محبت بھرے لہجے میں مسکرا کر بولے: ”تو گویا آپ اپنی زندگی کے اس پرسکون تسلسل میں ایک طوفان برپا کرنا چاہتی ہیں؟ یہ دراصل اس پورنماشی کا جادو ہے جو اس وقت آپ کے اندر اس عافیت اور جمود کو توڑنے کی خواہش کا طوفان اجاگر کر رہا ہے۔ چلیے، اگلی بار تھر کا صحرا ہمارے اس باطنی طوفان کا گواہ بنے گا۔“۔۔۔
تیسرا کمرہ (شارق اور فرزانہ):۔
وہاں تیسرے کمرے میں شارق اپنی بیگم فرزانہ سے گویا ہوئے: ”فرزانہ! یہ جو کل اور آج بات چیت ہوئی ہے اور نبیل کی غزل کا تفصیل سے تذکرہ ہوا ہے، اس نے تو مجھے ابھی سے اداس کرنا شروع کر دیا ہے۔“ شارق نے دراصل چند دنوں کے بعد تین ماہ کے لیے ایک دفتری کام کی مصروفیت میں دوسرے ملک (پردیس) جانا تھا۔ ہجر کا یہ اندیشہ پورنما کی اس رات میں ان کے دل میں ایک کسک پیدا کر رہا تھا۔
ان کی اہلیہ فرزانہ نے محبت سے شارق کی طرف دیکھا اور دھیمے سے بولیں: ”شارق! آپ کے لیے فیض احمد فیض پہلے ہی راستہ دکھا چکے ہیں، گھبراتے کیوں ہیں؟“ فرزانہ نے کھڑکی سے چاند کو دیکھتے ہوئے فیض کے یہ لافانی مصرعے دہرائے:۔
دشتِ تنہائی میں، اے جانِ جہاں، لرزاں ہیں
تیری آواز کے سائے، ترے ہونٹوں کے سراب
دشتِ تنہائی میں، دوری کے خس و خاک تلے
کھل رہے ہیں، ترے پہلو کے سمن اور گلاب
فرزانہ نے شارق کا ہاتھ کھینچا اور بولیں: ”پردیس جانے کی اداسی کو ابھی سے خود پر طاری نہ کریں۔ ادھر آئیے! اس خوبصورت رات کی رعنائی اور اس چاندنی کو اپنے اندر اس طرح جذب کر لیں کہ وہاں پردیس میں آپ کو کبھی اس کی کمی محسوس نہ ہو۔ ہماری محبت کا یہ لمس وہاں بھی آپ کا نگران رہے گا۔“ شارق نے مسکرا کر فرزانہ کو اپنے حصار میں لے لیا۔
ان سب کے بیچ، حامد میاں کی چوتھی اولاد اور سب سے چھوٹی بیٹی خدیجہ ہے، جو اپنے شوہر فراز اور دو کم سن بچوں کے ساتھ اس سفر پر آئی تھی۔ فراز طبیعت کے لحاظ سے زیادہ تر خاموش رہتے ہیں اور جب بھی سب اکٹھے ہوں، تو وہ بڑے غور اور احترام سے خاندان کے تمام بڑوں کی باتیں سنتے ہیں۔ خدیجہ اور فراز اپنے ان دو معصوم بچوں (جن کی عمریں بالترتیب پانچ سال اور دو سال ہیں) کی دیکھ بھال میں مصروف رہتے ہیں۔ لیکن اس سفر کی سب سے خوبصورت بات یہ تھی کہ جب بھی پورا خاندان لان میں اکٹھا ہوتا، تو خاندان کے بڑے بچے (نوال اور دیگر کزن) آگے بڑھ کر ان دونوں چھوٹے بچوں کو خود سنبھال لیتے، اور خدیجہ اور فراز بچوں کی فکر سے آزاد ہو کر اس پورنما کی رات میں اپنی محبت اور فیملی کے ساتھ خوب موجیں کرتے رہے۔ شادی کے چھ سال بعد بھی وہ دونوں نئے جوڑے والی خوشیاں مناتے رہے۔۔۔ فراز اپنے گھر میں بھی سب سے چھوٹے ہی ہیں۔۔
یوں ریزورٹ کے الگ الگ کمروں میں، حامد میاں کے اس بھرے پرے خاندان کے دل اس پورنما کی رات میں اپنی اپنی مہر و وفا کے سحر سے منور ہو رہے تھے۔ جہاں باہر چاندنی کا سیلاب تھا، وہاں اندر محبت، شکر اور جذبوں کا ایک لافانی اجالا پھیلا ہوا تھا۔
حاصلِ کلام
تین دن کا یہ سحر انگیز سفر تمام ہوا اور کاروانِ حیات واپس اپنے گھر لوٹ آیا۔ مادی دنیا کے تضادات اور اس خوبصورت تجربے سے گزر کر جب حامد میاں کی اہلیہ سلامت بیگم اپنے پرسکون گھر کی دہلیز پر پہنچیں، تو انہوں نے سب سے پہلے خدا کے حضور دو نفل شکرانے کے ادا کیے۔
انہوں نے سجدے میں جھک کر دل سے شکر ادا کیا کہ ان کی بیٹیاں اپنے گھروں میں بہترین اور خوشگوار زندگی گزار رہی تھیں، ان کے بیٹوں کو فرمانبردار اور اچھے اخلاق والی بہوئیں ملی تھیں، اور ان کے تمام پوتے پوتیاں، نواسے نواسیاں آپس میں الفت و محبت کے ساتھ شیر و شکر تھے۔ انہوں نے جانا کہ "ماہِ مہر میں پورنما کی رات اماوس کی گھڑی بھی بن سکتی ہے"، لیکن اگر انسان کے اندر ایک متبرک و مقدس روح بسی ہو، تو وہ زندگی کے ظلمات، دشت کی وحشت، اور مشینی بھیڑ میں بھی شکر کی روشنی تلاش کر لیتا ہے۔
نبیل احمد نبیل کی شاعری میں جس دشت، صحرا اور اندھے کنویں کا ذکر ہے، ویسی ہی وحشت انسان کو سمندر اور پہاڑوں کی بلندی پر بھی اپنی گرفت میں لے سکتی ہے۔ اس دم انسان کو باطن کی پاکیزہ روشنی کی ضرورت ہوتی ہے تاکہ وہ خوش گریبانی کے ملمع سے نکل کر شکرانے کی مہلت کو ہمیشہ زندہ رکھ سکے۔ حامد میاں کا خاندان اسی سچی محبت اور باطنی روشنی کا امین تھا۔ ایک شاندار خاندان جو آپس میں اتحاد اور اتفاق سے محبت میں گوندھا ہوا ہے۔۔