Muhammad Asif Raza 2 weeks ago
Muhammad Asif Raza #education

مہربان کیسے کیسے؟

Life is a journey from the lap of mother to the grave, where we humans face many challenges and helpful hands in making to our destination. Engraving kindness into marble means one actively chooses to remember, cherish, and celebrate the love and support received in life and conversly neglect the bitterness. This write up in Urdu "مہربان کیسے کیسے؟" is a reminder to free our mind from the weight of old grievances and fills our life with gratitude, ensuring that our relationships are built on lasting appreciation.


أَعُوذُ بِاللّٰهِ مِنَ الشَّيْطَانِ الرَّجِيمِ

بِسۡمِ ٱللهِ ٱلرَّحۡمَـٰنِ ٱلرَّحِيمِ

اللہ کے نام سے شروع جو بڑا مہربان نہایت رحم کرنے والا ہے


مہربان کیسے کیسے؟


انسان کو زندگی کے سفر میں کئی طرح کے لوگوں سے پالا پڑتا ہے، لیکن کچھ لوگ ایسے "مہربان" ہوتے ہیں جن کی مہربانی کا بوجھ اٹھاتے اٹھاتے انسان کی کمر دوہری ہو جاتی ہے۔ کہتے ہیں کہ مخلص دوست وہ ہے جو مصیبت میں کام آئے، لیکن ہمارے اردگرد کچھ ایسے مخلصین بھی پائے جاتے ہیں جن کی سب سے بڑی "مہربانی" یہ ہوتی ہے کہ وہ آپ کی زندگی میں مصیبتیں کم ہونے نہیں دیتے، تاکہ انہیں بار بار آپ کے کام آنے کا موقع مل سکے۔ ایسے بے فیض دوستوں کی بھیڑ کو دیکھ کر ہی میاں محمد بخش نے سچ فرمایا تھا:۔۔۔

دنیا تے جو کم نہ آیا اوکھے سوکھے ویلے

اُس بے فیضے سنگی کولوں بہتر یار اکیلے


ماں کی گود سے لے کر قبر کے اندھیرے تک کے اس طویل سفر میں انسان کو آہستہ آہستہ اس "اوکھے سوکھے ویلے" کی اصل سمجھ آتی ہے۔ یہ زندگی کا سفر اور اس کا سرد و گرم تجربہ ہی ہے جو انسان کو رشتوں کی حقیقت سکھاتا ہے، مگر دوست تو پھر دوست ہوتے ہیں؛ ان میں کھیل کود والے بھی ملتے ہیں، تماشہ دیکھنے اور تماشہ بنانے والے بھی، اور کچھ اللہ کے بندے فیض پہنچانے والے بھی ہوتے ہیں۔ یہ زندگی کا وہ لازمی سبق ہے جو ہمیں سکھاتا ہے کہ اس دنیا کے میلے میں "مہربان" کیسے کیسے اور کس کس روپ میں ملتے ہیں۔ اور انسان ان تمام تجربات کے بعد کچھ اس انداز سے جیتا ہے کہ سب کچھ سہہ کر بھی مسکرا اٹھتا ہے اور کہتا ہے کہ "چل میلے نوں چلیے!"۔۔۔ یہ زندگی کا میلا بھی عجیب ہے اور اس میلے میں ملنے والے ہمارے مہربان بھی کیسے کیسے!۔۔۔


بچپن کی معصومیت سے شروع ہونے والا یہ سفر جب لڑکپن کی دہلیز پار کر کے نوجوانی کے پرجوش دائرے میں داخل ہوتا ہے، تو انسان سمجھتا ہے کہ وہ کسی فلم کا ہیرو بن چکا ہے۔ مگر اسے کیا معلوم کہ زندگی کا ڈائریکٹر اس کے لیے کیسا کیسا سکرپٹ تیار کر کے بیٹھطا ہے۔ اس سفر میں کیا کیا حادثات وقوع پذیر نہیں ہوتے؟ کبھی جوشِ جنون میں دل جاتا ہے اور کبھی جان پر بن آتی ہے۔ وہ عشق کے ابتدائی دنوں کے غلغلے، وہ راتوں کو جاگ کر کی جانے والی طویل گفتگو، اور وہ فلک شگاف وعدے کہ "تیرے بنا جی نہ سکیں گے"۔۔۔ اف خدایا! سن کر لگتا تھا کہ اگر بچھڑ گئے تو اگلی سانس بھی نہیں آئے گی۔

مگر وقت بڑا ظالم مرہم ہے صاحب! ادھر وہ بچھڑتے ہیں، ادھر زندگی کا ستم دیکھیے کہ انسان مرتا نہیں ہے، بلکہ "ماموں" بن کے جی لیتا ہے۔ اور ستم بالائے ستم تو یہ دیکھیے کہ انسان کہاں کہاں ماموں نہیں بنتا؟ پہلے تو وہ "مہربان" جن کے لیے دل و جان کا نذرانہ پیش کیا تھا، وہ خود کسی اور کے ساتھ گھر بسا کر آپ کو لفظی اور معنوی دونوں لحاظ سے "ماموں" بنا جاتی ہیں۔ پھر رہی سہی کسر وہ دوست اور رشتے دار پوری کر دیتے ہیں جو محبت، ہمدردی اور دلاسا دینے کے بہانے آتے ہیں اور زندگی کے ہر موڑ پر آپ کو ماموں بنا کر نکل جاتے ہیں۔ ہمیں تو اکثر بالی ووڈ کی فلم 'منا بھائی ایم بی بی ایس' کا وہ گانا یاد آتا ہے کہ "ماموں بنا دیا رے!" سچ مچ، زندگی کا پورا سرکس ہمیں یہی راگ الاپتا محسوس ہوتا ہے۔


ان مہربانوں کے جاں فراز وعدے دراصل ہمیں فریب نہیں دیتے، بلکہ ہماری اپنی ہی سادگی اور زود اعتباری ان کے کام آ جاتی ہے، جیسا کہ عامر عثمانی نے کیا خوب کہا تھا:۔۔

نہ سکت ہے ضبطِ غم کی، نہ مجالِ اشکباری

یہ عجیب کیفیت ہے نہ سکوں نہ بے قراری

تیرے جاں فراز وعدے، مجھے کب فریب دیتے

تیرے کام آ گئی ہے میری زود اعتباری


ابھی انسان اس "شہرِ طلسمات" کے پتھروں اور ماموں بننے کے صدمات سے سنبھلنے کی کوشش ہی کر رہا ہوتا ہے کہ زندگی کا سب سے بڑا موڑ آ جاتا ہے۔ ایک دن محترم والدین متانت سے ماتھے پر ہاتھ رکھتے ہیں اور کہتے ہیں، "بس پتر! بہت آوارگی ہو گئی, اب سدھر جاؤ۔" اور پھر والدین کے توسط سے انسان کو عزت و احترام کے ساتھ "ایک کھونٹے" سے باندھ دیا جاتا ہے"۔۔۔

شادی کے اس کھونٹے سے بندھنے کے بعد، جب زندگی کی اصل دھوپ سامنے آتی ہے اور گھریلو ذمہ داریوں کا جوآ کندھے پر بیٹھتا ہے، تب انسان کو معلوم ہوتا ہے کہ کیسے کیسے مہربان، کہاں کہاں اور بھی تھے! اب وہ پرانے مہربان یاد آتے ہیں جن کے جھوٹے وعدوں پر کبھی روح روئی تھی، تو ہنسی آتی ہے کہ میاں محمد بخش اور منیر نیازی تو صرف دوستوں کا رونا رو رہے تھے، یہاں تو زندگی کا پورا نظام ہی "مہربانوں" سے بھرا پڑا ہے۔ سسرال کے مہربان، راشن والے مہربان، بلوں کے فارم تھماتے سرکاری مہربان—تب انسان کو احساس ہوتا ہے کہ ماضی کی وہ اداسیاں، وہ بچھڑنے کے غم تو اصل میں عیاشی تھے، اصل امتحان تو اب شروع ہوا ہے!۔۔


عامر عثمانی نے ٹھیک ہی کہا تھا کہ ہماری زود اعتباری ہی ہمارے کام آتی رہی، ورنہ بچپن سے اب تک جتنے دھوکے ہم نے "مہربانیوں" کے لبادے میں کھائے ہیں، اگر کوئی اور ہوتا تو کب کا پاگل ہو چکا ہوتا۔ جب انسان اس مصلحت پسند بھیڑ میں گھِر جاتا ہے، تو منیر نیازی کا وہ کلام یاد آتا ہے جس کا سبق ہم نے نوجوانی میں ہی پڑھ لیا تھا اور پلو سے باندھ لیا تھا:

مرنا ای جے تقدیر اے اپنی، کیوں فیر ایس توں نسئیے

کیوں فیر ایس نوں بھلن لئی، دنیا دے جال چ پھسیئے

جھوٹے سچے یار بنا کے، دل دیاں گلاں دسیئے

کیوں نہ گھر وچ کلیاں بہہ کے، پاگلاں وانگوں ہسیئے


مرنا ہی ہے تو پھر بھاگ جانے کا کیا فائدہ؟ اسی چکر میں ہم نے دنیا کے سامنے ڈٹے رہنے کی کوشش کی اور ان مہربانوں کی وجہ سے زندگی میں خوب مار کھائی۔ ہر دھکے اور ہر چوٹ کے بعد دل نے یہی سوچا کہ ان مصلحت پسند مہربانوں کی طرح مکر و فریب کی چادر اوڑھ کر بھاگ جانا ہی شاید بہتر تھا۔ لیکن اسی بھاگ دوڑ، اسی کشمکش اور دھوکے دہی کے بازار میں ہمیں جھوٹے اور سچے یاروں کی پہچان بھی ہوئی۔

آج جب زندگی کی شام ہو رہی ہے اور جسم پر بڑھاپا طاری ہے، تو گھر میں تنہا بیٹھ کر جب ان سارے چہروں، ان کے مکر، ان کی عیاریوں اور ان کی "مہربانیوں" کو یاد کرتا ہوں، تو واقعی گھر میں اکیلا بیٹھا پاگلوں کی طرح ہنس پڑتا ہوں کہ ہم بھی کس جادو نگری میں سچائی تلاش کرتے رہے!

تب انسان ماضی کی طرف مڑ کر دیکھتا ہے، اپنے اس دورِ جنوں کی طرف جہاں مخلص دوستوں کے قہقہے تھے اور بے لوث محبتیں ہوا کرتی تھیں۔ ناصر کاظمی کے لفظوں میں یوں کہنا چاہیے کہ:---

لاکھ راہیں تھیں لاکھ جلوے تھے

عہد آوارگی میں کیا کچھ تھا


مگر فلسفۂ حیات بھی عجیب ہے کہ جن لمحوں میں کبھی روح تک مسکرائی تھی، وقت گزرنے کے بعد وہی لمحے دل میں ایک انجانی سی اداسی اتار دیتے ہیں۔ شاید خوشی کا سب سے بڑا المیہ یہی ہے کہ وہ اپنے گزر جانے کے بعد بھی ہمارے اندر زندہ رہتی ہے، مگر اس کی طرف لوٹنے کے تمام راستے وقت کی دھند میں کھو جاتے ہیں۔ اور پھر انسان جان لیتا ہے کہ بعض خوشیاں، گزر جانے کے بعد خوشی نہیں رہتیں؛ وہ ایک ایسی محرومی بن جاتی ہیں جس کا ماتم خاموشی سے عمر بھر کیا جاتا ہے۔

زندگی کا ایک کڑوا سچ ایسا بھی ہے کہ ہم دیکھتے ہیں کہ کچھ لوگ ہمیشہ ہی دکھ دیتے ہیں، نقصان پہنچاتے ہیں، اور مسلسل کسی نہ کسی طور پر ڈستے رہتے ہیں۔ بڑے سنگین اور دیرپا صدمات جھیلنے کے بعد بڑی مشکل سے پتہ چلتا ہے کہ وہ مہربان دراصل آستین کے سانپ ہوتے ہیں؛ جو ہماری ہی مہربانیوں سے، ہمارے ہی دودھ پلائے ہوئے ہوتے ہیں! اور یہ بھی ایک عجیب ستم ہوتا ہے کہ انسان ان کے زہر کو چکھنے کے بعد بھی، مصلحتِ دل کے ہاتھوں ایسا مجبور ہوتا ہے کہ ترکِ تعلق کے بعد بھی ان کی یاد کو دل سے جدا نہیں کر پاتا، بقول شاعر:۔۔۔

اے دوست ہم نے ترکِ تعلق کے باوجود

محسوس کی ہے تیری ضرورت کبھی کبھی


سچ تو یہ ہے کہ ان مصلحت پسند مہربانوں کی "مہربانیوں" سے بندہ تنہا ہی اچھا ہے۔ ان کی بے لوثی میں اتنے "لوث" ہوتے ہیں کہ بندہ سوچنے پر مجبور ہو جاتا ہے کہ ایسے مطلبی یاروں کی بھیڑ سے وہ تنہائی سو گنا بہتر ہے، جہاں انسان کے پاس کھونے کے لیے کچھ نہیں ہوتا۔ اور آخر کار انسان جب اس مادی اور فانی دنیا کے سب رنگ دیکھ چکتا ہے، تو روح کی گہرائی سے ایک صوفیانہ پکار ابھرتی ہے:۔۔۔

اوڑک جانا ہی مر وے

چل میلے نوں چلیئے۔۔۔

پہلا میلہ آدم کیتا

ملکاں سر سجدے وِچ کِیتا۔۔۔

تے ابلیس گیا وچوں سڑ وے

چل میلے نوں چلیئے۔۔۔


جب جانا ہی مٹی کے ڈھیر میں ہے، تو پھر ان دنیاوی مصلحتوں اور مطلبی "مہربانوں" کا کیا گلہ کرنا؟ کائنات کا پہلا میلہ تو خود ابوالبشر حضرت آدم علیہ السلام نے سجایا تھا، جہاں ملائکہ نے سر سجدے میں رکھ دیے اور حسد کی آگ میں جل کر ابلیس ہمیشہ کے لیے مردود ہو گیا۔ یہ حسد، یہ عیاریاں اور یہ منافقتیں تو اسی دن سے اس میلے کا حصہ ہیں۔ چنانچہ، ان "مہربانوں" کے رویوں پر کڑھنے کے بجائے، انسان سب کچھ بھول کر، ملنگ بن کر مست الست ہو جاتا ہے اور پکار اٹھتا ہے: "چھوڑو ان جھوٹے سچے یاروں کو، اوڑک مٹی میں ہی ملنا ہے، پس چلو اس زندگی کے اصل میلے کی طرف چلیں اور اس کے خالق کے رنگ میں رنگ جائیں!"۔۔

ہمیشہ یاد رکھنا چاہیے کہ ہم انسانوں کا خالص حقیقی مہربان صرف اللہ سبحان تعالی کی ذات ہے۔۔ زندگی کی صبح و شام اللہ تعالی کے نام سے کریں تو وہ مہربان ذات آسانیاں عطا فرماتا ہے۔

2
163

Water Eject: How to Remove Water from Your Speaker

defaultuser.png
john
23 minutes ago
EE88: Exploring Modern Online Entertainment and Digital Gaming

EE88: Exploring Modern Online Entertainment and Digital Gaming

defaultuser.png
Remington88
48 minutes ago

Explore Creative Kitchen Cabinets Design Ideas for Your Home

A well-planned kitchen cabinets design can transform the appearance and functionality of y...

defaultuser.png
Grayson
55 minutes ago
شامِ شہرِ یاراں: آستیں کے ایناکونڈا

شامِ شہرِ یاراں: آستیں کے ایناکونڈا

1714584133.jpg
Muhammad Asif Raza
1 hour ago
خواب محل میں نورِ بصیرت

خواب محل میں نورِ بصیرت

1714584133.jpg
Muhammad Asif Raza
2 hours ago