معمارِ حرم! باز بہ تعمیرِ جہاں خیز
Rooted in Allama Iqbal’s timeless call to action, "Memaar-e-Haram! Baaz ba Tameer-e-Jahan Khaiz" (O Architect of the Sanctuary! Rise once more to rebuild the world), this essay "معمارِ حرم! باز بہ تعمیرِ جہاں خیز" explores the true purpose of human existence beyond mere material limits. Through the awakening of Khudi (selfhood), devotion to the Holy Prophet ﷺ, and the pursuit of modern knowledge, it urges the Muslim youth to reclaim their historic legacy of leadership and reshape the destiny of the world.
أَعُوذُ بِاللّٰهِ مِنَ الشَّيْطَانِ الرَّجِيمِ
بِسۡمِ ٱللهِ ٱلرَّحۡمَـٰنِ ٱلرَّحِيمِ
اللہ کے نام سے شروع جو بڑا مہربان نہایت رحم کرنے والا ہے
معمارِ حرم! باز بہ تعمیرِ جہاں خیز
انسانی تاریخ کے ہر دور میں جب بھی انسانیت جمود، مایوسی اور مادی غلامی کا شکار ہوئی، مفکرین اور شعرا نے انسان کو اس کی اصل حقیقت اور عظمت یاد دلانے کے لیے آواز بلند کی۔ شاعرِ مشرق علامہ محمد اقبال نے انسان کو محض مٹی کا پتلا یا حالات کا غلام سمجھنے کے بجائے اسے کائنات کا اصل معمار قرار دیا۔
تاریخی پس منظر اور امتِ مسلمہ کی بیداری
اقبال جس دور میں سانس لے رہے تھے، وہ برِصغیر سمیت پوری اسلامی دنیا کے لیے انتہائی کٹھن اور آزمائش کا زمانہ تھا۔ ایک طرف ہندوستان برطانوی سامراج کی زنجیروں میں جکڑا ہوا تھا تو دوسری طرف عالمِ اسلام کا بیشتر حصہ مغربی استعمار کے تسلط اور ذہنی و سیاسی غلامی کا شکار تھا۔ تاہم، اسی مایوسی کے اندھیروں میں بیداری اور جدوجہد کا ایک نیا شعور بھی جنم لے رہا تھا۔ جمال الدین افغانی کی اتحادِ عالمِ اسلام کی صدائیں ہوں یا حسن البنا جیسے مصلحین کی تحریکی جدوجہد، ہر طرف امت کو خوابِ غفلت سے جگانے کی کوششیں جاری تھیں۔ اقبال نے بھی اپنی شاعری اور فلسفے کے ذریعے اسی فکری انقلاب کو مہمیز دی۔ وہ مسلمانوں کو محض ایک بے جان ہجوم کے بجائے ایک "زندہ قوم" کے روپ میں دیکھنے کے متمنی تھے، جو اپنی تقدیر خود لکھنے کا حوصلہ رکھتی ہو۔ اسی تڑپ میں وہ امتِ مسلمہ کو جھنجھوڑتے ہوئے پکارتے ہیں:
معمارِ حرم! باز بہ تعمیرِ جہاں خیز
(اے حرم کے معمار! دوبارہ اس جہان کی تعمیر کے لیے اٹھ کھڑا ہو)
یہ مصرع انسان کو اس کے اصل منصب کی طرف بلاتا ہے کہ اس کا کام محض دنیا کے پرانے ڈھانچوں پر قناعت کرنا یا غلامی قبول کرنا نہیں، بلکہ اپنے ایمان، عمل اور عشق کی قوت سے ایک نئے اور بہتر جہان کی تعمیر کرنا ہے۔
زندگی کا غلط تصور اور اس کا اصل جوہر
عام انسان اس زندگی کو محض کھانے پینے، سانس لینے اور مادی آسائشیں جمع کرنے کا نام سمجھتا ہے۔ وہ اس فانی دنیا کے ہنگاموں میں الجھ کر اپنی تخلیق کا اصل مقصد بھول جاتا ہے۔ حالانکہ زندگی کا اصل جوہر یہ ہے کہ انسان خود کو پہچانے اور اپنی ذات کی تکمیل کرے۔ اقبال زندگی اور خودی کے اس تعلق کو ایک خوبصورت استعارے میں یوں بیان کرتے ہیں:
زندگانی ہے صدَف، قطرۂ نیساں ہے خودی
وہ صدَف کیا کہ جو قطرے کو گُہر کر نہ سکے
یعنی یہ دنیاوی زندگی محض ایک سیپ (صدف) ہے اور انسان کی خودی اس میں گرنے والا وہ خاص قطرہ ہے جسے ایک قیمتی موتی (گُہر) بننا ہے۔ انسان کا اصل کام دنیا کا تماشائی بننا نہیں بلکہ اپنے کردار اور عمل سے اس کائنات میں نکھار پیدا کرنا ہے۔
دراصل اس شعر میں مسلم نوجوان کے لیے یہ عظیم پیغام پوشیدہ ہے کہ اے نوجوان! تُو اپنی خودی کو پہچان، اپنی قدر و منزلت اور شان کو بلند کر، اور اس دنیا میں مسلسل جدوجہد کر۔ علم اور عمل کی راہ کو اپنا کر اپنی شخصیت میں ایسا نکھار پیدا کر کہ تُو ایک گوہرِ یگانہ (بے مثال موتی) بن جائے، تاکہ تیرے دم سے امتِ مسلمہ دوبارہ اپنا کھویا ہوا عروج اور وقار حاصل کر سکے۔ ذرا غور تو کر کہ تجھے کس عظیم کام کے لیے پیدا کیا گیا ہے اور تجھے کس اوجِ ثریا (بلند ترین مقام) تک پہنچنے کی تاکید کی گئی ہے! اپنا اصل مقصد سمجھ کہ تُو محض ایک عام فرد نہیں بلکہ حرم کی شان و شوکت کا داعی ہے۔ تجھے اس زندگی میں معیاری اور مسلسل جدوجہد سے اپنی خودی کو گوہر بنانا ہے، اور پھر اسی گوہرِ نایاب کی چمک سے اس جہان میں اللہ تعالیٰ کی حاکمیتِ اعلیٰ کا گھر تعمیر کرنا ہے—یعنی:
معمارِ حرم! باز بہ تعمیرِ جہاں خیز
(اے حرم کے معمار! دوبارہ اس جہان کی تعمیر کے لیے اٹھ کھڑا ہو)
مادی وسعتوں کا طلسم اور عشقِ رسول ﷺ کی قوت
جب انسان ظاہری آنکھ اور محدود عقل (خِرد) سے اس دنیا کو دیکھتا ہے تو اسے یہ زمین و آسمان ناقابلِ تسخیر اور لا محدود محسوس ہوتے ہیں۔ وہ خود کو اس عظیم کائنات اور باطل قوتوں کے سامنے بے بس سمجھ بیٹھتا ہے۔ لیکن اقبال کے نزدیک عشق وہ اعلیٰ ترین روحانی قوت اور یقینِ محکم ہے جس کی ایک ہی چھلانگ (جَست) تمام مادی فاصلوں اور رکاوٹوں کو سمیٹ لیتی ہے:
عشق کی اِک جَست نے طے کر دیا قصّہ تمام
اس زمین و آسماں کو بےکراں سمجھا تھا میں
عشق کی بدولت انسان پر یہ حقیقت کھل جاتی ہے کہ حقیقی لا محدودیت اس مادی کائنات میں نہیں بلکہ انسان کے اپنے باطن اور اس کے روحانی عروج میں پوشیدہ ہے۔ یہ عشق دراصل اللہ تعالیٰ کی سچی بندگی اور اطاعت کا نام ہے، مگر کوئی بھی مسلمان اس عشق کی بنیاد تک بھی نہیں پہنچ سکتا—بلندی تو درکنار—جب تک کہ وہ آقائے نامدار حضرت محمد ﷺ کا سچا غلام اور شیدائی نہ بن جائے۔ آقا کریم ﷺ کی ذاتِ اقدس سے عشق ہی وہ بے پناہ قوت فراہم کرتا ہے جو بندے کو اس "جَست" کے قابل بناتی ہے جس کے بعد وہ محض اوجِ ثریا ہی نہیں بلکہ اس سے بھی کہیں آگے کی منزلوں کا مسافر بن جاتا ہے۔ رسولِ اکرم ﷺ کی محبت اور اتباع ہی وہ کلید ہے جو انسان کو پست حالات سے نکال کر کائنات کی بلندیوں پر فائز کرتی ہے، جیسا کہ اقبال فرماتے ہیں:
قوّتِ عشق سے ہر پست کو بالا کر دے
دہر میں اسمِ محمدؐ سے اُجالا کر دے
تعمیرِ جہاں کا راستہ: خودی کا انقلاب اور تاریخ کی گواہی
اب سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ انسان کو اس باطنی عروج اور تعمیرِ جہاں کا راستہ کیسے معلوم ہوگا؟ اقبال اس کا حل خودی کی بیداری، اس کی جھاڑ پونچھ (تزکیہ و اصلاح) اور زندگی کے معیار کو بلند کرنے میں بتاتے ہیں۔ جب انسان اپنی خودی پر جمی غفلت کی گرد کو صاف کرتا ہے، معرفتِ الٰہی کے نور سے اپنے باطن کو منور کر کے نیابتِ ارضی (زمین پر اللہ کی خلافت) کا حق ادا کرتا ہے، اور پھر اصلاحِ قوم اور فلاحِ انسانیت کو اپنی زندگی کا مستقل اصول بنا لیتا ہے، تو وہ موت اور غلامی کے خوف سے بھی آزاد ہو جاتا ہے:
ہو اگر خودنِگر و خودگر و خودگیر خودی
یہ بھی ممکن ہے کہ تُو موت سے بھی مر نہ سکے
یہی وہ باطنی بیداری ہے جو انسان کو کائنات کا اصل محور بنا دیتی ہے۔ دنیا کو بدلنے کے لیے باہر کے نظام سے پہلے اپنے اندر انقلاب لانا ضروری ہے، کیونکہ جب انسان کا باطن بدلتا ہے تو باہر کی دنیا خود بخود اس کے تابع ہونے لگتی ہے:
تری خودی میں اگر انقلاب ہو پیدا
عجب نہیں ہے کہ یہ چار سُو بدل جائے
اکثر لوگ اس فلسفے کو محض کتابی باتیں یا شاعرانہ تخیل سمجھتے ہیں اور سوال اٹھاتے ہیں کہ اس جدید مادی دور میں ان افکار کی کیا عملی وقعت ہے؟ لیکن تاریخ اس بات کی گواہ ہے کہ جب بھی افراد کے اندر خودی کا یہ انقلاب برپا ہوا، دنیا کے نقشے بدل گئے۔ کیا اسی دنیا میں ایک عام قانون دان محمد علی جناح نے اپنی خودی اور عزمِ محکم کی بدولت قائداعظم بن کر تاریخ کا دھارا نہیں موڑا؟ کیا خود شیخ محمد اقبال نے اپنے فکری انقلاب سے شاعرِ مشرق اور حکیم الامت کا مقام پا کر ایک سوئی ہوئی قوم کو بیدار نہیں کیا؟ اسی طرح جدید دور میں ایران کی انقلابی قیادت—پہلے آیت اللہ روح اللہ خمینی اور ان کے بعد علی خامنہ ای—نے اسی خودی اور مزاحمت کے فلسفے کو اپنا کر دنیا کی بڑی عالمی طاقتوں، بالخصوص امریکہ کے سامنے ڈٹ جانے کی مثال قائم کی اور خطے کی سیاست میں ایک نمایاں کردار ادا کیا۔ یہ تمام مثالیں ثابت کرتی ہیں کہ خودی کا انقلاب کوئی افسانہ نہیں بلکہ ایک زندہ حقیقت ہے۔
عصرِ حاضر کے تقاضے اور ہمارا علمی ورثہ
آج کے دور میں "تعمیرِ جہاں" کا تقاضا یہ ہے کہ امتِ مسلمہ کے نوجوان محض ماضی کی عظمت کے قصوں پر اکتفا نہ کریں، بلکہ جدید علوم، سائنسی تحقیق اور ٹیکنالوجی کے میدان میں بھی امامت سنبھالیں۔ اقبال کے نزدیک ایمان اور علم میں کوئی تضاد نہیں، بلکہ مومن کا کام تسخیرِ کائنات ہے۔ اور یہ کوئی انوکھا یا ناممکن کام نہیں ہوگا! آج اگرچہ قومِ مسلم فکری و مادی غلامی کا شکار نظر آتی ہے، مگر ہمیشہ سے ایسا نہیں تھا؛ صدیوں تک مسلمان علم و فن اور تہذیب و تمدن میں دنیا کی قیادت کر رہے تھے۔ شاید یہ جان کر حیرت ہو کہ آج کی جدید سائنس فکشن کہانیوں اور تخیلاتی ادب کی ابتدا بھی مسلمان ادبا اور مفکرین ہی نے کی تھی، اور کئی سو سال تک مسلمان اہلِ قلم سائنسی تخیل اور کائناتی اسرار پر مبنی ادب تخلیق کرتے رہے۔ اس کا واضح مطلب یہ ہے کہ مسلم زمین کبھی بنجر نہیں رہی—افسوس تو یہ ہے کہ ہم ہی نادانی میں اس ذہنی غلامی پر نازاں ہو گئے ہیں۔ ضرورت صرف اس امر کی ہے کہ آج کا نوجوان قرآنِ حکیم کی حکمت، سیرتِ نبوی ﷺ کے اخلاق اور عصری علوم کی مہارت کو یکجا کر کے اپنی خودی کو جگائے اور علم و عمل کے زور پر دنیا کو دوبارہ فتح کر لے:۔۔
نہیں ہے نا اُمید اقبالؔ اپنی کِشتِ ویراں سے
ذرا نم ہو تو یہ مٹّی بہت زرخیز ہے ساقی
غرض مند دنیا پرستی سے نجات اور تسخیرِ کائنات کا سفر
آج کے مادہ پرست دور میں انسان کا سب سے بڑا المیہ یہ ہے کہ وہ اپنے ذاتی مفادات اور دنیاوی آسائشوں کے بتوں کی پوجا میں مگن ہے۔ وہ خدا کو بھی محض ایک ضرورت اور مجبوری کے طور پر یاد کرتا ہے؛ جب تک دنیا کے جھوٹے سہارے اور مادی بت اس کی خواہشات پوری کرتے رہتے ہیں، وہ غفلت میں ڈوبا رہتا ہے، اور جب ان سے ٹھوکر کھاتا ہے تب اسے خدا یاد آتا ہے۔ علامہ اقبال انسان کی اسی خود غرضانہ ذہنیت پر چوٹ کرتے ہوئے فرماتے ہیں:۔۔
اس دَیرِ کُہن میں ہیں غرض مند پُجاری
رنجیدہ بُتوں سے ہوں تو کرتے ہیں خدا یاد
اس غرض مند پوجا سے نکل کر ہی انسان حقیقی معنوں میں بندگی اور تسخیرِ کائنات کا اہل بنتا ہے۔ اے دورِ جدید کے نوجوانانِ اسلام! خود کو سائنس اور ٹیکنالوجی میں ماہر بناؤ اور علم و تحقیق کے زور پر دنیا کو فتح کرو، کیونکہ ابھی عشق کے امتحان اور بھی ہیں! تمھارے ہی درمیان سے نئے دور کے نیوٹن اور آئن سٹائن ابھر سکتے ہیں۔ یاد رکھو کہ ابھی تو جدید سائنس محض اپنے پاؤں پر کھڑی ہوئی ہے؛ ابھی کائنات کے اسرار کھلنے باقی ہیں۔ ستاروں کا سفر اور خلاؤں کی تسخیر کس نے کرنی ہے؟ یہ کام تمھیں ذوالقرنین کی طرح مشرق و مغرب کی وسعتوں کو مسخر کر کے کرنا ہے، حضرت سلیمان علیہ السلام کی طرح—جن کے لیے ہواؤں کو مسخر کر دیا گیا تھا کہ صبح کا سفر ایک ماہ کی مسافت کے برابر اور شام کا سفر ایک ماہ کی مسافت کے برابر طے ہوتا تھا—وقت اور فاصلوں کی قید کو توڑ کر دکھانا ہے، اور آصف بن برخیا کی طرح علمِ کتاب کی طاقت سے پلک جھپکتے میں سینکڑوں میل دور سے مادہ کو منتقل کرنے کے رازوں کو پانا ہے۔ مگر ایک بنیادی اصول ہمیشہ یاد رکھنا: تمھیں دنیا کو فتح کرنا ہے، دنیا کی لذتوں اور رنگینیوں میں کھو کر خود کو خراب نہیں کرنا ہے؛ کیونکہ تسخیرِ کائنات کے یہ اسباب خودی کی وسعتوں سے برآمد ہوں گے، محض تجربہ گاہوں سے نہیں!۔
حاصلِ کلام
مختصر یہ کہ "معمارِ حرم! باز بہ تعمیرِ جہاں خیز" محض ایک شعری مصرع نہیں بلکہ ایک زندہ پیغام اور دعوتِ عمل ہے۔ یہ انسان کو خوابِ غفلت سے جگا کر یاد دلاتا ہے کہ وہ اس کائنات کا غلام نہیں بلکہ اس کا معمار ہے۔ جب نوجوانوں کے اندر عشقِ الٰہی و عشقِ رسول ﷺ کی تپش، جدید علم کی روشنی اور خودی کا چراغ روشن ہوتا ہے تو نہ صرف ان کی اپنی ذات کو حیاتِ جاوداں نصیب ہوتی ہے بلکہ مردہ قوموں میں بھی نئی روح پھونک دی جاتی ہے:
خودی کے ساز میں ہے عُمرِ جاوداں کا سُراغ
خودی کے سوز سے روشن ہیں اُمتوں کے چراغ