خواب نگر کا خواب محل

"خواب نگر کا خواب محل" is a fictional story in Urdu exploring humanity's eternal search for a perfect sanctuary of peace, justice, and absolute contentment. It traces mankind's historical and spiritual journey from the pristine realms of Paradise and the model society of Riyasat-e-Madina to the elusive philosophies of Western Utopia. Through the symbolic contrast of the fly and the moth, the story critiques modern materialism and reflects deeply on the tragic socio-political decline of Pakistan. The story moves through a close family discussion about a true dream home built not on raw material greed, but on a collective system of divine devotion, moral integrity, and human equality.

Oct 20, 2026 - Muhammad Asif Raza

أَعُوذُ بِاللّٰهِ مِنَ الشَّيْطَانِ الرَّجِيمِ

بِسۡمِ ٱللهِ ٱلرَّحۡمَـٰنِ ٱلرَّحِيمِ

اللہ کے نام سے شروع جو بڑا مہربان نہایت رحم کرنے والا ہے



خواب نگر کا خواب محل


خواب نگر کا ایک بے مثال گھر: ایک فکری داستان

پھول نگر کے خواب محل میں اس دن خوب رونق تھی۔ رانا مکرم داد کے بہن بھائی، بیٹے داماد، بیٹیاں، بہوئیں، بھانجے بھتیجے اور پوتے پوتیاں، نواسے نواسیاں—جو زیادہ تر جنریشن زی سے تعلق رکھتے تھے—اپنے آبائی حویلی کے ایک خاص عشائیے میں شامل تھے۔ حویلی کے وسیع باورچی خانے سے روایتی اور خوشبودار کھانوں کی مہک اٹھ رہی تھی، صحن کے ایک کونے میں چھوٹے بچے کھیل رہے تھے اور دوسرے کونے میں بڑے اپنی گفتگو میں محو تھے۔

رانا مکرم داد کی پہچان ہمیشہ سے ایک علم دوست اور وضع دار بزرگ کے طور پر رہی تھی۔ یہی وجہ تھی کہ ان کے گھر میں ہونے والی محفلیں عام گپ شپ کے بجائے اکثر کتابوں، تاریخ، علم اور تدریس کے گرد ہی گھومتی تھیں۔

اس دن بھی، جب سب حویلی کے کھلے اور وسیع دالان میں اکھٹے بیٹھے اپنی اپنی بولیاں بول رہے تھے اور مادی دنیا کی ترقی، نئی ٹیکنالوجی اور معاشی دوڑ پر بحث جاری تھی، تو رانا صاحب کے ہر دلعزیز پوتے نے، جو اپنے ہاتھ میں ایک جدید ترین ٹیبلٹ سنبھالے ہوئے تھا، اچانک دادا جی کو مخاطب کیا۔ اس نے اسکرین پر سے نظریں ہٹا کر بڑے معصومانہ اور متجسس انداز میں پوچھا:۔

"دادا جی! میں نے پچھلے کچھ دنوں سے انٹرنیٹ اور سوشل میڈیا پر یہ شعر بار بار پڑھا ہے، لیکن اس کی گہرائی میری سمجھ سے بالاتر ہے:۔۔

کوئی سمجھا میرے شکوے کو تو رضواں سمجھا

مجھے جنت سے نکالا ہوا انسان سمجھا


دادا جی! یہ کیا ہے؟ کچھ اس کی تشریح تو کر دیں کہ شاعر اس میں کیا کہنا چاہ رہا ہے اور اس کا ہماری زندگی سے کیا تعلق ہے؟"

پوتے کے اس اچانک اور گہرے سوال پر دالان میں جاری دنیاوی باتوں کا شور یکدم تھم گیا۔ سب کی نظریں رانا مکرم داد کے نورانی چہرے پر ٹک گئیں، جو اپنے پوتے کے اس علمی تجسس پر دھیمے سے مسکرا رہے تھے۔ انہوں نے اپنی عینک درست کی اور چاندنی پر اپنی کتاب کے ساتھ بچوں کی محفل سجائےاپنی بیٹی نیلم کی طرف اشارہ کیا، جنہوں نے اردو ادب اور اقبالیات میں خوب پڑھ رکھا تھا۔ رانا جی نے محبت بھری آواز میں کہا:۔

"بیٹا! تم نے علامہ اقبال کی زبان سے انسان کے وجود کا سب سے بڑا سچ پوچھ لیا ہے۔ اس ایک شعر کے پیچھے 'خواب نگر کے اس حقیقی گھر' کی داستان چھپی ہے جسے پانے کے لیے پوری انسانی تاریخ صدیوں سے بھٹک رہی ہے۔ میں تمہاری پھوپی نیلم سے کہتا ہوں کہ پہلے اس شعر کی تشریح کر دیں کہ یہ شعر جس نظم کا حصہ ہے اس کے سیاق و سباق کے ساتھ ذرا اسے بیان کریں۔ جی بیٹا نیلم! اب مختصراً بیان ہو جائے۔"۔۔۔۔


پھوپی نیلم نے مسکرا کر اپنے ہاتھ میں موجود ڈائری بند کی اور سب کو متوجہ پاتے ہوئے نہایت شائستہ آواز میں کہنا شروع کیا:۔

"جی ابّا جی، بالکل۔ اور پھر بھتیجے کی جانب مڑیں اور بولیں۔۔۔۔ جی بیٹا! یہ شعر علامہ اقبال کی لافانی اور تاریخی نظم ’جوابِ شکوہ‘ کا حصہ ہے، جو ان کے پہلے شاہکار مجموعے ’بانگِ درا‘ میں شامل ہے۔ اس نظم کا سیاق و سباق یہ ہے کہ جب اقبال نے اپنی نظم "شکوہ" میں ایک مسلمان کے طور پہ زمین سے اپنی مظلومیت اور زوال کی فریاد کی، تو اس کی آواز اتنی پُردرد تھی کہ عرشِ بریں تک گونج اٹھی۔ آسمان پر فرشتے حیران تھے کہ یہ خاک کا پتلا کون ہے جو اتنی جرأت اور تڑپ سے بات کر رہا ہے؟

تب جنت کا داروغہ، یعنی ’رضوان‘ بول اٹھا۔

چونکہ رضوان صبح و شام جنت کے عالی شان محلات اور لافانی نعمتوں کو دیکھتا تھا، اس لیے جب انسان کو وہاں سے رخصت کیا گیا تو صرف رضوان ہی وہ واحد کردار تھا جو انسان کے دل کے دکھ اور اس کے شکوے کو سمجھ سکا۔ وہ جانتا تھا کہ یہ عام مخلوق نہیں ہے، یہ تو ’جنت سے نکالا ہوا انسان‘ ہے جس سے اس کا سب سے پہلا، سب سے خوبصورت اور حقیقی ’خواب نگر کا گھر‘ چھن گیا ہے اور اب یہ زمین پر اس کی یاد میں تڑپتا پھرے گا۔"۔۔

پھوپی نیلم نے اپنی بات کو سمیٹتے ہوئے پوتے کے ٹیبلٹ کی طرف دیکھا اور کہا:۔۔

"بیٹا! آسان لفظوں میں اس کا مطلب یہ ہے کہ ہم انسان زمین پر جتنے بھی خوبصورت گھر بنا لیں، ہماری روح کبھی مطمئن نہیں ہوتی۔ ہمارے لاشعور میں ہمیشہ اپنے اس پہلے ابدی گھر کی یاد تڑپاتی رہتی ہے، اور زمین پر کی جانے والی ہماری ہر تگ و دو دراصل اسی کھوئی ہوئی جنت کو دوبارہ پانے کی ایک لاشعوری کوشش ہے۔"۔۔۔

رانا مکرم داد صاحب نے اپنی بیٹی کو داد دیتے ہوئے محبت سے سر ہلایا اور اپنے پوتے کی طرف دیکھتے ہوئے گویا ہوئے:۔۔۔

"بیٹا! نیلم نے تمہیں اس گھر کا پتہ تو بتا دیا جو ہم سے چھوٹ گیا، لیکن اب سوال یہ ہے کہ الہامی کتب (قرآنِ مجید اور تورات) کے مطابق وہ پہلا گھر کیسا تھا، اور انسان نے وہاں کیا کھویا ہے؟ وہ اینٹ پتھر کا نہیں بلکہ یاقوت، مرجان، سونے اور چاندی کی اینٹوں سے بنا تھا، جس کا گارا کستوری کا تھا۔ وہاں نہ بڑھاپا تھا، نہ بیماری، نہ تھکن اور نہ ہی موت کا خوف۔ وہاں پاکیزہ پانی، لذیذ دودھ اور خالص شہد کی ندیاں بہتی تھیں، اور سب سے بڑھ کر وہاں خالق کی رضا اور اس کے دیدار کا وہ اطمینان میسر تھا جس کے بعد انسان کو کسی مادی چیز کی حسرت نہیں رہتی۔

ہم اگر غور کریں تو معلوم ہوگا کہ انسان نے وہاں کیا کھویا ہے اور جب وہ سرخرو ہو کر واپس لوٹے گا تو کیا پائے گا؟ وہاں اینٹ پتھر کا نہیں، یاقوت و مرجان کا گھر ہے۔ وہاں مادی آلائشوں اور زوال سے پاک زندگی ہے؛ نہ بڑھاپا، نہ بیماری، نہ موت کا خوف اور نہ ہی تھکن۔ وہاں لذیذ ترین اور لافانی نعمتیں ہیں جہاں مہر بند شرابِ طہور کی ندیاں بہتی ہیں۔ وہاں ایسے پھل ہیں جنہیں ایک بار توڑا جائے تو ان کی جگہ فوراً دوسرا پھل آ جاتا ہے۔ سب سے بڑھ کر، خالق کی رضا اور دیدار کا سکون ہے، جہاں کا ماحول ہر قسم کے حسد، بغض اور لغو باتوں سے پاک ہے یعنی سلامتی ہی سلامتی ہے۔ زمین پر ہم جو بھی خوبصورت گھر بناتے ہیں، وہ دراصل اسی کھوئی ہوئی لافانی جنت کی ایک انتہائی ادھوری، فانی اور عارضی سی نقل یا اس کی بازگشت ہوتا ہے"۔۔۔


دالان میں بیٹھے جنریشن جی کے بچے، جو اب تک اپنی ٹیکنالوجی اور مادی دنیا کی چکا چوند میں گم تھے، دادا جی کی یہ باتیں سن کر بالکل خاموش ہو گئے۔ ان کے چہروں پر یہ سوال واضح تھا کہ اگر انسان کے پاس اتنا عظیم اور پُرسکون گھر موجود تھا، تو وہ اس زمین پر آ کر کہاں بھٹک گیا؟

رانا صاحب کے چھوٹے بھائی، جنہیں سب بچے 'چھوٹے دادا جی' کہتے تھے، حویلی کے دالان میں بچھی چاندنی پر تھوڑا آگے کو سرک آئے۔ انہوں نے محبت بھری نظروں سے خاموش بیٹھے بچوں کو دیکھا اور بڑے رعب دار مگر شفیق انداز میں آواز دی:۔۔۔

"بھائی جان! آپ نے بالکل سچ کہا۔ یہ ایک ایسی سچائی ہے جس کی گواہی تاریخِ انسانی کے ہر دور نے دی ہے۔"۔۔۔

پھر انہوں نے بچوں کی طرف رخ کیا اور گویا ہوئے، "میرے بچو! تمام آسمانی کتابوں نے انسان کے اس پہلے گھر اور اس کے دل کی بھٹکن کی یہ کہانی بالکل اسی طرح بیان کی ہے۔ الحمدللہ، ہم مسلمان ہیں اور ہمارے پاس اللہ کی آخری کتاب قرآنِ مجید موجود ہے جس میں اس کی تفصیلی داستان بیان ہوئی ہے، لیکن یہی نہیں، بلکہ پچھلی الہامی کتابوں جیسے تورات اور انجیل میں بھی اس کا گہرا ذکر ملتا ہے، جسے بائبل میں 'باغِ عدن' (گارڈن آف ایڈن) کہا گیا ہے۔ تمام الہامی کتب اس بات پر متفق ہیں کہ وہ پہلا گھر صرف ایک جگہ کا نام نہیں تھا، بلکہ وہ خالق کی اطاعت اور ایک پاکیزہ 'حالتِ دل' کا نام تھا۔ وہاں انسان کو کوئی فکر، کوئی خوف یا کوئی مادی محنت نہیں کرنی پڑتی تھی۔ لیکن پھر انسان حضرت آدم علیہ السلام سے ایک لغزش ہوئی، ایک نافرمانی ہوئی، اور اسی لمحے وہ پرسکون گھر انسان کے لیے اجنبی ہو گیا اور اسے زمین پر بھیج دیا گیا۔"۔۔۔


یہ سن کر رانا صاحب کے ایک داماد، جو انگریزی ادب کے پروفیسر تھے، گفتگو میں شامل ہوئے اور بولے، "چچا جان نے بالکل درست الہامی نکتہ اٹھایا ہے۔ مغرب کے ایک بہت مشہور انگریز شاعر جان ملٹن نے اپنے شاہکار 'پیراڈائز لاسٹ' میں اسی الہامی سچائی کو 'انسان کی پہلی نافرمانی' کے عنوان سے لکھا ہے اور بتایا ہے کہ انسان نے کیسے اپنی لغزش سے وہ خواب نگر کھو دیا اور خدا کے فیصلے کتنے برحق تھے"۔۔۔۔۔


اب باری رانا صاحب کے منجھے ہوئے اور سنجیدہ مزاج بیٹے کی تھی، جو تاریخ اور قرآنی قصص پر گہری نظر رکھتے تھے۔ انہوں نے دالان میں بڑھتی ہوئی سردی کی شام چائے کا گھونٹ بھرا، سب کو متوجہ پایا اور گفتگو کا تانا بانا آگے بڑھاتے ہوئے کہا:۔


"ابو جی اور چچا جان! آپ لوگوں نے انسان کے اس ازلی خسارے کا ذکر تو بہت خوبصورت انداز میں کیا۔ لیکن گھر، وطن اور بھٹکن کی یہ آزمائش صرف حضرت آدم علیہ السلام تک محدود نہیں رہی، بلکہ تاریخِ انسانی میں یہ بار بار دہرائی گئی ہے۔ قرآنِ مجید میں اس کی سب سے بڑی اور عبرت انگیز مثال قومِ موسیٰ (بنی اسرائیل) کی ہے۔ فرعون کے ظلم و ستم اور بدترین غلامی سے نجات پانے کے بعد، قومِ موسیٰ نے سچے دل سے اپنے ایک الگ گھر، ایک پُرسکون وطن اور اپنی ایک آزاد ریاست کی خواہش کی تھی۔ خدائے لم یزل نے ان کی یہ خواہش پوری کرنے کا وعدہ کیا اور ان کی پسند کے مطابق ایک عظیم شہر—یعنی ارضِ مقدسہ کا ان سے وعدہ فرما دیا۔ لیکن جب اس گھر کو حاصل کرنے کا وقت آیا اور حضرت موسیٰ علیہ السلام نے انہیں آگے بڑھنے کا حکم دیا، تو وہ قوم وہاں کے جابر اور طاقتور حکمرانوں سے خوف کھا گئی۔

وہ بزدلی دکھا گئے اور اپنے نبی سے کہنے لگے کہ 'اے موسیٰ! تم اور تمہارا رب جا کر لڑو، ہم تو یہیں بیٹھے ہیں'۔

نتیجہ کیا نکلا؟ اپنے خوابوں کے گھر کو حاصل کرنے کے لیے الہامی پکار پر لبیک نہ کہنے کی سزا کے طور پر قدرت نے وہ شہر ان پر چالیس سال کے لیے حرام کر دیا۔ وہ کئی دہائیوں تک صحرا کے میدانِ تِیہہ میں بھٹکتے رہے۔

لیکن جب یہ شہر ان کے ہاتھ آیا، تو اللہ تعالیٰ نے انہیں فتح کا کوئی مادی جشن منانے کے بجائے عاجزی کا درس دیا۔ حکم ہوا کہ جب اس شہر کے دروازے سے داخل ہونا، تو سر جھکا کر داخل ہونا اور زبان سے کہنا 'حِطَّۃٌ'—یعنی باری تعالیٰ! ہم نے توبہ کی اور تیری بندگی اختیار کی، ہمارے گناہ معاف کر دے!"۔۔۔


رانا صاحب کے بیٹے کی بات ختم ہوئی تو دالان پر ایک گہرا سکوت طاری تھا، جسے رانا صاحب کے اسی لاڈلے پوتے نے اپنے ٹیبلٹ پر کچھ اسکرول کرتے ہوئے توڑا۔ اس نے متجسس نگاہوں سے دادا جی کی طرف دیکھا اور ایک نیا سوال داغ دیا:۔۔۔


"دادا جی! یہ سب تو ٹھیک ہے، لیکن قومِ یہود کا وہ خوابوں کا گھر کیسا تھا اور وہ اب کہاں ہے؟"

رانا مکرم داد صاحب نے اپنے پوتے کے سر پر شفقت سے ہاتھ پھیرا اور ان کی آنکھوں میں تاریخ کی چمک ابھر آئی۔ انہوں نے دالان میں بیٹھے تمام بچوں کو مخاطب کرتے ہوئے بڑے دلنشین انداز میں کہنا شروع کیا:۔۔۔۔


"میرے بچو! جب اللہ تعالیٰ نے اس قوم کی توبہ اور عاجزی کو قبول کر کے انہیں ارضِ مقدسہ میں کامیاب کیا، تو ان پر اپنی نعمتوں کی بارش کر دی۔ قدرت نے ان کی سربراہی کے لیے ایک نہیں، بلکہ دو شاندار نبی اور بادشاہ عطا کیے—یعنی حضرت داؤد علیہ السلام اور ان کے بیٹے حضرت سلیمان علیہ السلام۔ ان کے دورِ حکومت میں وہ شہر اور ان کا وہ گھر دنیا کا سب سے عالی شان، طاقتور اور بارونق مرکز بن گیا۔ حضرت سلیمان علیہ السلام نے جنات اور انسانوں کی مدد سے وہاں ’ہیکلِ سلیمانی‘ تعمیر کروایا، جو سونے، چاندی اور قیمتی پتھروں سے چمکتا ہوا ان کا سب سے مطہر اور مقدس گھر تھا۔ وہ ایک ایسی سلطنت تھی جہاں عدل اور برکت کا دور دورہ تھا۔


لیکن ہائے رے انسان کی کج فہمی! اس قوم نے اس عظیم عروج کو پانے کے بعد بار بار اپنے خدا کی نافرمانی کی، انبیاء کا دل دکھایا، عدل کو چھوڑ کر ظلم کا راستہ اپنایا اور مادی ہوس میں گم ہو گئے۔ نتیجہ کیا نکلا؟ اللہ کا عذاب ان پر مسلط ہوا، پہلے بختِ نصر اور پھر رومیوں نے ان کے اس عالی شان گھر اور ہیکل کو مٹی میں ملا دیا اور وہ قوم ایک بار پھر صدیوں کے لیے پوری دنیا میں بھٹکنے پر مجبور ہو گئی"۔۔۔۔۔


محفل میں بیٹھے تمام نوجوان دادا جی کی زبانی تاریخ کا یہ عبرت انگیز موڑ سن کر دنگ رہ گئے۔ جنریشن زی کے ان بچوں کے لیے یہ بات بالکل نئی تھی کہ مادی طاقت کا عروج بھی خدا کی نافرمانی کے سامنے ریت کی دیوار ثابت ہوتا ہے۔ اب رانا جی کی دل کی رانی نواسی جو آجکل ایک شاندار یونیورسٹی میں پڑھ رہی تھی نے کہا: "کہ دادا جی ہمارے نبی محمد صلی اللہ علیہ وسلم نے ایک شاندار ریاست مدینہ قائم کی تھی۔۔۔ وہ کیسی تھی؟"۔۔۔


رانا مکرم داد صاحب کی آنکھوں میں عقیدت کی نمی ابھر آئی۔ انہوں نے اپنی نواسی کو محبت سے دیکھا اور گویا ہوئے:۔

پیاری بیٹی! تم نے تاریخِ انسانی کے اس کامل ترین خواب نگر کا ذکر چھیڑ دیا ہے جسے خود پروردگارِ عالم نے اپنے حبیبؐ کے ذریعے مادی دنیا پر مجسم کر کے دکھایا تھا۔ یہ ریاستِ مدینہ محض ایک سیاسی حکومت کا نام نہیں تھی, بلکہ یہ زمین پر بنے بنائے ’جنت کے گھر‘ کا متبادل تھی، جہاں مواخات، عدل و انصاف، ایثار، قربانی اور رنگ و نسل سے بالاتر برابری کے اصول کارفرما تھے۔ اس پاکیزہ ریاست نے اپنے عروج پر مادی فتوحات اور عالیشان محلات نہیں، بلکہ انسانی سیرت و کردار کا وہ عروج حاصل کر کے دکھایا جس کی مثال زمین کے کسی خطے میں نہیں ملتی۔

وہاں عروج پر یہ حاصل ہوا کہ صدقہ اور زکوٰۃ دینے والے امیر گلیوں میں گھومتے تھے مگر پوری ریاست میں کوئی ایک بھی فقیر یا زکوٰۃ لینے والا نہیں ملتا تھا۔ وہاں عروج یہ تھا کہ بھیڑیے اور بکریاں ایک ہی گھاٹ پر پانی پیتے تھے اور ایک اکیلی عورت اکیلی اونٹ پر سونا لاد کر صنعا سے حضرموت تک کا طویل سفر طے کرتی تھی مگر اسے اللہ کے سوا کسی کا خوف نہیں ہوتا تھا۔ وہاں خوفِ خدا کا یہ عروج تھا کہ راتوں کو حاکمِ وقت پیٹھ پر آٹے کی بوری لاد کر بیواؤں کے گھر پہنچاتا تھا اور خود بھوکا سو جاتا تھا۔

اور اس خواب نگر کی سب سے بڑی خوبی، عظمت اور لافانی سند یہ تھی کہ اللہ تعالیٰ نے خود کلامِ پاک (قرآنِ مجید) کو گواہ بنا کر رہتی دنیا تک کے لیے لکھ دیا: ’رَّضِيَ اللَّهُ عَنْهُمْ وَرَضُوا عَنْهُ‘ یعنی اللہ ان سے راضی ہو گیا اور وہ اللہ سے راضی ہو گئے۔ کائنات کی تاریخ میں اس سے بڑا عروج اور سند کسی مادی یا سیاسی معاشرے کو کبھی نصیب نہیں ہوئی"۔۔۔۔


دادا جی نے جب قرآنِ پاک کی وہ ابدی گواہی سنائی، تو دالان میں موجود ہر فرد کا دل عقیدت سے لبریز ہو گیا۔ اسی لمحے چھوٹے دادا جی نے، جو کافی دیر سے سر جھکائے خاموش بیٹھے تھے، ایک سرد آہ بھری۔ انہوں نے دردمندانہ نظر ڈالی اور دھیمی مگر گونجتی ہوئی آواز میں کہنا شروع کیا:۔۔۔۔


"میری پیاری بچی! مدینے کا وہ خواب نگر کتنا مطہر اور کامل تھا، تم نے سن لیا۔ لیکن اب تاریخ کا وہ المیہ بھی سنو جس نے انسانیت کو ابدی خسارے میں دھکیل دیا۔ وائے ناکامی کہ انسان کی کج فہمی، اندرونی اختلافات اور مادی حرس کے باعث یہ کامل اور عادلانہ ریاست اپنی سیاسی اور اجتماعی ہیئت میں محض ستائیس سال ہی قائم رہ سکی! اور اس کے بعد وہ مرکز انسانوں کے لیے صرف ایک 'روحانی فیض کا مقام' بن کر رہ گیا۔ عجب انسان ہے کہ صدیوں کی علمی، فکری اور ایمانی ریاضت کے بعد حاصل ہونے والے اس 'مقامِ بندگی کی جنت' کو چھوڑ کر، نام نہاد مادی ترقی اور سلطنتوں کی ہوس کے سراب کی تلاش میں مصروف ہو گیا۔ انسان نے کتنا نقصان دہ اور خسارے کا سودا کیا کہ اپنے بنے بنائے حقیقی گھر کو اجاڑ بیٹھا"۔۔۔


رانا صاحب کے سب سے بڑے بیٹے اس المیے کو مزید کھولتے ہوئے تلخ لہجے میں کہنے لگے:۔۔۔۔

"پھر اسلامی ریاست ملوکیت میں پھنس گئی۔۔۔ پہلے اموی خاندان نے قبضہ کیا ۔۔ کربلا جیسے کربناک سانحہ کو جنم دیا اور سو سال سے بھی کم وقت میں بنو عباس کے ہاتھوں دفن ہو گئے۔ اور اس کے بعد عباسی خاندان نے اسلام پہ عرب ملوکیت کی چھاپ مسلط کر دی۔۔۔ جسے تاتاریوں نے مٹا ڈالا۔۔۔ اور یوں ایک اسلام کی تہذیب مٹا دی گئی۔۔ مسلمان دنیا کے رہنما نہیں رہے"۔۔۔

پوری محفل پر اب ایک گہرا فکری حزن طاری ہو چکا تھا۔ جنریشن زی کے بچے جو مادی دنیا کی چکا چوند میں گم تھے، آج واضع طور پہ سمجھ رہے تھے کہ مادی محلات کی ہوس کیسے ایک پوری تہذیب کو کھا جاتی ہے۔

رانا صاحب نے دالان میں بیٹھے تمام اداس چہروں پر ایک گہری نظر ڈالی اور حوصلہ افزا مسکراہٹ کے ساتھ بولے:۔۔۔

"لیکن بچو یہ دنیا ایک دارالامتحان ہے اور اللہ تعالی انسانوں پہ دن پھیرتا رہتا ہے۔۔۔ اسلام عالم مشرق کا تاج تھا۔۔۔ اس کے بعد باری آ گئی مغرب کی۔۔۔ وہ اس سے قبل یونانی تہذیب اور رومی بادشاہت کے تحت جیتے تھے اور پھر حضرت عیسیٰ کے حواریوں کے ہاتھوں وہ عیسائی بن گئے۔۔ اور کئی سال مسلمانوں کے ساتھ کروسیڈ کی جنگ لڑی۔۔۔ مگر تعلیم سے دور تھے اور غربت میں پھنسے رہے۔۔۔۔ اسے وہ تاریک دور کہتے ہیں۔۔ پھر دور نشاط ثانیہ آیا اور ان میں علم کی لگن بڑھی۔ مسلمان اسپین کی علمی درسگاہوں اور بغداد کے دارالحکمہ سے علم ملا اور خود بھی ترقی کی۔۔۔ ان کے شاعروں اور فلسفیوں نے خوب حصہ لیا"۔۔۔


پروفیسر داماد نے گفتگو کو آگے بڑھاتے ہوئے کہا:۔۔۔

"بیٹو! دادا جی نے مغرب کے جس دورِ نشاطِ ثانیہ کا ذکر کیا ہے، اسی عہد میں سر تھامس مور سامنے آیا جو 1478ء میں لندن میں پیدا ہوا تھا۔ اس نے 1516ء میں لاطینی زبان میں ایک کتاب لکھی جس کا نام تھا (یوٹوپیا)۔ یونانی زبان کے مفہوم کے مطابق لفظ 'یوٹوپیا' کا مطلب ہی یہ ہے کہ 'کوئی ایسی جگہ جو کہیں وجود نہیں رکھتی'۔

تھامس مور نے اس کتاب میں ایک ایسے خیالی اور عادلانہ معاشرے کا نقشہ کھینچا جہاں سب برابر تھے، اور انسان کے لیے اسی 'خواب نگر میں گھر' کا رونا رویا جسے انسان خود اپنے ہاتھوں سے گنوا چکا تھا۔ مگر المیہ یہ تھا کہ مغرب جس گھر کو اب صرف ایک خیالی خواب سمجھ رہا تھا، اسلام اسے تاریخ کی ایک روشن حقیقت بنا کر دکھا چکا تھا!"۔۔۔۔۔


رانا صاحب نے پروفیسر صاحب کی بات سن کر گہرے تاثر کے ساتھ سر ہلایا اور گویا ہوئے:۔۔۔۔

"میرے بچو! اب ضروری ہے کہ آپ کے سامنے ایک ایسی مثال پیش کروں جسے ہم ہر روز اپنے سامنے دیکھتے ہیں۔ پروردگارِ عالم نے انسان کے اسی اندرونی ظرف اور کج فہمی کو سمجھانے کے لیے اس کائنات کی بساط پر مکھی اور پروانے پیدا کیے ہیں۔ اب ذرا ایک قصہ سنو۔۔ یہ قصہ آج ہی مجھے تمہارے ماموں نے سنایا ہے:۔۔۔۔


ایک دفعہ کا ذکر ہے کہ مکھیوں کا ایک وفد اپنے حالات سے تنگ آکر ربِ کائنات کے دربار میں حاضر ہوا کہ ہمیں بھی پروانے جیسا عشق و وفاداری کا مقام اور عزت عطا کی جائے! مالکِ کل نے فرمایا: ’چلو تم بھی روشنی کے سارے منبعوں کو دیکھ آؤ۔‘ مکھیاں اڑیں لیکن ان کی جبلت میں گندگی تھی، اس لیے ان کی نظر صرف نجاست پر ہی پڑتی رہی۔ مکھیا نے روتے ہوئے التجا کی کہ ہماری فطرت سے گندگی کی کشش ختم کر دے۔ خالقِ کل نے ان پر رحم فرمایا اور ان کی فطرت بدل دی۔ مکھیاں دوبارہ زمین پر پھیل گئیں اور علم و محبت کا نور، چاند ستارے دیکھ کر واپس آئیں۔

لیکن مکھیا نے روتے ہوئے اعتراف کیا: ’اے باری تعالیٰ! گندگی کی کشش ختم ہونے کے باوجود، ہمیں اپنی بقا اور پیٹ بھرنے کے لیے بہرحال اسی گندگی اور فضلے پر ہی جانا پڑا۔ ہمارا نوے فیصد وقت کھانے پینے کی تلاش میں گندگی پر گزرا، اور صرف دس فیصد وقت ہی ہم روشنی کے لیے نکال سکے۔‘


مالکِ کل نے مسکرا کر پوچھا: ’تم تو اپنی بقا کی خاطر گندگی پر لوٹ گئیں اور زندہ واپس آ گئیں... لیکن یہ بتاؤ کہ اس روشنی کو پا کر کتنے پروانے واپس آئے؟‘ مکھیا بولا: ’اے پروردگار! ایک بھی نہیں! جو پروانہ بھی اس روشنی تک پہنچا، وہ اسی شمع پر نثار ہو گیا، جل کر راکھ ہو گیا۔‘

باری تعالیٰ نے فرمایا: ’اے مکھیو! تم انسان کو باور کراتی ہو کہ پیٹ پوجا کی طلب گھٹیا راستوں کا سفر ہے... لیکن پروانہ زمین کی تاریکی سے نکلتا ہے، شمع تک پہنچتا ہے اور خود کو فنا کر دیتا ہے۔

جب تک انسان کی اندرونی خواہش اور ظرف صرف پیٹ پوجا رہے گا، دنیا میں یہ پستی ہی اس کا نصیب رہے گی۔‘۔۔


المیہ یہ ہے میرے بچو، کہ انسانوں کی عظیم اکثریت—بشمول اسلامی ممالک کے—مادی دوڑ میں گندگی کے متلاشی بن گئے ہیں۔ انسان کا نوے فیصد وقت صرف پیٹ پوجا اور مادی بقا کی نذر ہو رہا ہے، اور وہ اس سچی شمعِ بندگی سے دور ہو چکا ہے جہاں روح کا چین اور خواب نگر کا حقیقی گھر آباد تھا۔"۔۔۔


اب چھوٹے دادا جی بولے کہ بھائی جان اب موقع ہے کہ ان بچوں کو خواب محل کی کہانی سنائی جائے۔

"میرے بچو سنو! یہ حویلی تقریباً پچاسی سال پہلے بنائی گئی۔ ہمارے دادا حضور نے لاہور میں منٹو پارک میں مسلم لیگ کے جلسے میں خوب بڑھ چڑھ کر حصہ لیا تھا، اور قائد کا وژن دل میں سجا کر گاوں سے پھول نگر شہرمیں آکر بس گئے تھے اور اس حویلی کی بنیاد رکھی تھی کہ جب ہمارا خواب نگر یعنی پاکستان بنے گا تو یہ گھر 'خواب محل' اس کی شاندار تعمیر میں حصہ ہوگا۔ انہوں نے اپنی ساری اولاد کو علی گڑھ سے تعلیم دلائی۔" چھوٹے دادا جی نے مسکرا کر اپنے بڑے بھائی کو دیکھا، "بھائی جان ان کو کسی دن اپنے بڑوں کے علی گڑھ کے قصے سنائیں نا۔۔۔؟" رانا مکرم داد صاحب بولے، "ہاں بھائی، ضرور، مگر ابھی تو پاکستان کی کہانی"۔۔۔


دادا جی نے ایک گہرا سانس لیا اور ان کا لہجہ اب اسّی سالہ ملکی تاریخ کے عروج و زوال کو بیان کرنے کے لیے سنجیدہ ہو گیا:۔۔

"دیکھو بچو؛ ہندوستان میں مغل خاندان کی کمزوری اور مسلمان زعماء کی عیاشی کی وجہ سے انگریز قابض ہو گیا اور مسلمان ابتلاء کا شکار ہو گیا۔۔۔ اب مسلمان کے لیے فیصلہ کرنا تھا کہ دنیا کی گندگی ہی پہ بیٹھے رہیں یا ایک پاکیزہ معاشرے کے لیے جدوجہد کریں۔۔۔ اس لیے جب قائد اعظم نے پاکستان کے لیے نعرہ لگایا تو مسلمان شمع رسالت کے پروانے بن گئے۔۔۔ اور ریاست مدینہ ثانی کے لیے، پاکستان کے لیے ڈٹ گئے۔۔۔۔ اور ملک آزاد ہو گیا۔

لیکن جیسے ہی ملک آزاد ہوا، ہم اس پروانے والے پاکیزہ جذبوں کو بھول گئے۔ پچھلے ستر پچھتر سالوں میں اس خواب نگر اسلامی ریاست میں کیا کیا تجربے نہیں ہوئے! سیاسی مفادات، ہوسِ اقتدار اور اخلاقی گراوٹ کا کیسا کیسا نجس راستہ اور گندگی کا ڈھیر نہیں تھا کہ جس پر اس قومِ پاکستان کو بٹھایا گیا اور صرف پیٹ پوجا کی ڈور سے باندھ کر مادی بقا کی اندھی دوڑ کا اسیر کیا گیا۔ اس کا خمیازہ یہ نکلا کہ سکون اور اطمینان بالکل ناپید ہو گیا اور غربت بڑھتی چلی گئی۔

حالانکہ اللہ تعالیٰ کا کلامِ پاک میں ابدی وعدہ ہے کہ اگر میری اور میرے رسولؐ کی اطاعت کرو گے تو مادی خوشحالی بھی دوں گا اور دلوں کو 'سکینہ' (اطمینان و سکون) بھی عطا کروں گا۔ لیکن ہائے ناکامی کہ کاروان لٹ گیا مگر راستہ نہیں بدلا!"۔۔


دادا جی نے محفل کو سمیٹتے ہوئے اپنا حتمی اور لافانی حاصلِ کلام بیان کیا:۔۔۔

"تو میرے پیارے بچوں! ہم انسان کیا جانتے ہیں؟ ہم یہ سمجھتے ہیں کہ شاید ہمیں اس مادی دنیا کو ہی اپنی ابدی جنت بنانا ہے، حالانکہ یہ دنیا تو صرف ایک عارضی دارِ امتحان ہے۔ ہمیں اس دنیا کو جنت نہیں بنانی، بلکہ یہاں زندگی کو ایک ایسے طریقے سے جینا ہے اور باہم مل کر عدل، برابری، ایثار اور خدا کی بندگی پر مبنی ایسا پاکیزہ نظامِ زندگی تعمیر کرنا ہے کہ سب انسان امن اور سکون سے رہ سکیں۔ جب ہم اس طرح جئیں گے، تو کل قیامت کے بعد خدا کی عدالت میں اس کی سچی جنت کے صحیح دعوے دار بن سکیں گے اور بالاآخر کل جنت میں اپنا حقیقی، لافانی اور ابدی ’خواب نگر کا گھر‘ پا سکیں گے۔

میرے بچو! اپنے وطن پاکستان کو ایک پاکیزہ معاشروں کا ملک بنانا ہے۔۔۔ جہاں شمع رسالت کے پروانے بستے ہوں۔۔ اور جو باہم محبت سے ایک دوسرے کے لیے اچھی زندگی کی مثال بنیں"۔۔۔

دادا جی کی بات ختم ہوئی تو حویلی کے دالان میں رات کا پچھلا پہر شروع ہو چکا تھا، لیکن جنریشن زی کے ان بچوں کے دلوں میں اب اپنے ٹیبلٹس اور فونز کی اسکرینوں سے زیادہ، اپنے اس حقیقی اور ابدی گھر کو پانے کی شمع روشن ہو چکی تھی۔


More Posts