خواب محل میں نورِ بصیرت
Allama Dr. Muhammad Iqbal is universally revered as one of the most profound thinkers, philosophers, and poets of the twentieth century. Allama Muhammad Iqbal was born on November 9, 1877, in Sialkot and today is his 149th Birth Anniversary and this story in Urdu "خواب محل میں نورِ بصیرت" is a tribute to the great thinker. His work did not merely cater to the Muslims of the subcontinent but served as a monumental awakening for the entire global Muslim Ummah. This story "خواب محل میں نورِ بصیرت" talks about Iqbal's persona and literary contributions constitute a towering beacon of spiritual insight (Noor-e-Basirat) that illuminated the paths of a stranded, weary caravan toward its destination.
أَعُوذُ بِاللّٰهِ مِنَ الشَّيْطَانِ الرَّجِيمِ
بِسۡمِ ٱللهِ ٱلرَّحۡمَـٰنِ ٱلرَّحِيمِ
In the name of ALLAH, the Most Gracious, the Most Merciful
خواب محل میں نورِ بصیرت
پھول نگر کے خواب محل میں اس دن خوب رونق تھی۔ یہ علامہ محمد اقبال کے جنم دن کی نسبت سے ایک فکری محفل کا موقع تھا جو اس حویلی کی اب ایک مضبوط اور لافانی روایت بن چکی تھی۔ رانا مکرم داد اس دن ملک بھر سے اقبالیات کے قابلِ حوالہ جات کو اقبال کی شاعری پہ گفتگو کرنے اور نئی نسل تک یہ پیغام پہنچانے کے لیے اکٹھا کرنے کا اہتمام کرتے تھے۔ اس دن رانا مکرم داد کے بہن بھائی، بیٹے داماد، بیٹیاں، بہوئیں، بھانجے بھتیجے اور پوتے پوتیاں، نواسے نواسیاں—جو زیادہ تر جنریشن زی (جن زی) سے تعلق رکھتے تھے—اس آبائی حویلی کے ایک خاص عشائیے میں شامل ہوتے تھے۔ حویلی کے وسیع باورچی خانے سے روایتی اور خوشبودار کھانوں کی مہک اٹھ رہی تھی، اور فضا میں ایک غیر معمولی توانائی اور تازگی محسوس ہو رہی تھی۔
اس محفل کی اصل خوبصورتی اس گھرانے کے مختلف افراد کا علمی و ادبی ذوق تھا؛ رانا صاحب کے ایک داماد، جو انگریزی ادب کے پروفیسر تھے اور مغربی و مشرقی افکار کا موازنہ خوب جانتے تھے؛ رانا صاحب کے چھوٹے بھائی، جنہیں سب بچے محبت سے 'چھوٹے دادا جی' کہتے تھے اور جو پرانی حویلیوں اور خاندانی تاریخ کے امین تھے؛ رانا صاحب کے منجھے ہوئے اور سنجیدہ مزاج بیٹے، جو تاریخ اور قرآنی قصص پر گہری نظر رکھتے تھے؛ اور رانا صاحب کی بیٹی نیلم، جنہوں نے اردو ادب اور اقبالیات میں خوب پڑھ رکھا تھا۔
عشائیے کے بعد جب سارے مہمان چلے گئے تو حویلی کے بڑے دالان میں قالین بچھائے گئے اور رانا مکرم داد چلمن کے پاس تکیے سے ٹیک لگا کر بیٹھ گئے۔ ان کے ارد گرد ڈیجیٹل اسکرینوں اور سوشل میڈیا کی دنیا میں مگن رہنے والی جنریشن زی کے نوجوان اکھٹے ہو گئے۔
محفل کا آغاز کرتے ہوئے رانا مکرم داد نے دھیمی مگر گونجتی ہوئی آواز میں ایک عجیب سوال اٹھایا: "بچو! تم جانتے ہو کہ خواب محل سے اقبال کا کوئی رشتہ بھی ہے؟"
سب نوجوان چونک پڑے۔ ان کے پوتے، زریاب نے جو موبائل پر کچھ ٹائپ کر رہا تھا، سر اٹھا کر حیرت سے کہا، "دادا ابو! ہماری حویلی سے اقبال کا رشتہ؟! علامہ اقبال تو اتنی بڑی تاریخی شخصیت تھے، ہمارا ان سے کیا رشتہ ہو سکتا ہے؟"۔۔
رانا مکرم داد مسکرائے اور بولے، "اس حویلی میں جو نور ہے، اس میں اقبال کی فکر کے علاوہ ایک رشتہ اور بھی ہے۔ آؤ تمہیں ایک سچی کہانی سناتا ہوں کہ یہ نور ہمارے گھرانے میں کیسے آیا۔ ہمارے اجداد بھی اقبال کے بزرگوں کی طرح کشمیر کے راجپوت تھے۔ علامہ محمد اقبال کے خاندان کا تعلق سپرو خاندان سے تھا، اور ہمارے بزرگ بھی اسی علاقے کے بسنے والے تھے۔ ہمارے اور اقبال کے مورثِ اعلیٰ، بابا صالح (جنہیں غیاث الدین بھی کہا جاتا ہے) نے اٹھارویں صدی کے اوائل میں صوفیائے کرام کے اخلاق اور انسانیت سے متاثر ہو کر اسلام قبول کیا۔ جب انہوں نے سیالکوٹ ہجرت کی، تو یہ سچا ایمان ان کے وجود کا حصہ بن چکا تھا۔ تب ہمارے بزرگ یہاں آباد ہو گئے تھے، لیکن ہماری آپس کی دوستیاں جاری رہی تھیں۔ میرے دادا جان بذاتِ خود اقبال سے گہرے مراسم رکھتے تھے"۔۔۔
رانا صاحب کے منجھے ہوئے اور سنجیدہ مزاج بیٹے نے، جو تاریخ پر گہری نظر رکھتے تھے، بات کو آگے بڑھاتے ہوئے کہا: "بالکل زریاب! جب اقبال کے دادا شیخ محمد رفیق نے سیالکوٹ کے محلہ کھٹیکاں میں مستقل ڈیرہ جمایا، تو اس وقت اقبال کے والد، شیخ نور محمد بالکل کم سن، ایک شیر خوار بچے تھے، مگر ان کی پرورش اسی پاکیزہ اور دوستدار ماحول میں ہوئی تھی"۔۔۔
اس پر رانا صاحب کی پوتی، علیزے نے اشتیاق سے پوچھا، "پھوپھو نیلم! علامہ اقبال کے والدین کیسے تھے؟ انہوں نے اقبال کی تربیت کس طرح کی؟"
رانا صاحب کی بیٹی نیلم نے، جنہوں نے اردو ادب اور اقبالیات کا گہرا مطالعہ کر رکھا تھا، بڑے پیار سے جواب دیا: "بیٹا! ان کے والد شیخ نور محمد ایک نہایت متقی اور صوفی منش انسان تھے، جنہیں لوگ 'ان پڑھ فلسفی' کہتے تھے کیونکہ وہ رسمی اور کتابی علم کے بغیر بھی تصوف کے گہرے فکری نکات آسانی سے سمجھ لیتے تھے۔ اور ان کی والدہ، امام بی بی، تو مجسمِ انسانیت تھیں؛ غریبوں کا درد رکھنے والی عابدہ و زاہدہ خاتون۔ ان دونوں ہستیوں کے تقویٰ، حلال روزی اور راتوں کی دعاؤں نے اقبال کو وہ 'نورِ بصیرت' دیا جس نے انہیں دنیا کے عام شعرا سے الگ کر دیا۔"۔۔۔
رانا مکرم داد نے اثبات میں سر ہلایا اور زریاب کی طرف دیکھ کر پوچھا، "بچو، کیا تم جانتے ہو کہ 'بصیرت' کا اصل مفہوم کیا ہے؟"
زریاب نے سستی سے کہا، "دادا ابو، شاید بہت تیز دماغ یا اچھی آنکھیں ہونا؟"
رانا صاحب کے انگریزی ادب کے پروفیسر داماد نے گفتگو میں حصہ لیتے ہوئے اِس نقطے کو واضح کیا: "نہیں زریاب بیٹا! بصیرت سے مراد محض آنکھوں کی بینائی یا دنیاوی عقل نہیں، بلکہ دل اور روح کی وہ گہرائی ہے جو ظاہر کے مادی پردے چاک کر کے باطن کی حقیقت اور کائنات کے سچ کو دیکھ لے۔ اقبال اسی نورِ بصیرت کے امین تھے۔ انہوں نے مسلم امہ کے زوال کے اسباب کو دیکھا اور بھانپ لیا کہ ہماری اصل بیماری اپنے مرکز اور قرآنِ پاک کے آفاقی پیغام سے دوری ہے۔ اقبال کہتے ہیں:۔۔۔
خرد نے کہہ بھی دیا ’لا الہ‘ تو کیا حاصل
دل و نگاہ مسلماں نہیں تو کچھ بھی نہیں“۔۔
بات کو آگے بڑھاتے ہوئے رانا صاحب کے منجھے ہوئے بیٹے نے کہا: "اسی نورِ بصیرت کا آغاز اقبال کی ابتدائی زندگی سے ہی ہو گیا تھا۔ وہ 9 نومبر 1877ء کو سیالکوٹ میں پیدا ہوئے اور ان کی ابتدائی تعلیم مسجد سے شروع ہوئی۔ پھر انہیں شمس العلماء مولوی میر حسن جیسے استاد ملے جنہوں نے ان کے باطن کو عربی اور فارسی ادب کے حقیقی اسلوب سے آشنا کیا۔"۔۔۔
پھوپھو نیلم کی آنکھوں میں ایک چمک ابھری، وہ بولیں: "اور بچوں، جب وہی اقبال اعلیٰ تعلیم کے لیے لاہور آئے اور گورنمنٹ کالج میں داخل ہوئے، تو بازارِ حاکماں کے ایک مشاعرے میں انہوں نے اپنی زندگی کی پہلی غزل پڑھی۔ اس وقت ان کی عمر بہت کم تھی، لیکن جب انہوں نے یہ شعر پڑھا:۔
موتی سمجھ کے شانِ کریمی نے چُن لیے
قطرے جو تھے مرے عرقِ انفعال کے
تو مشاعرے میں موجود اس وقت کے نامور استاد شعرا، بالخصوص مرزا ارشد گورگانی دہلوی، بے اختیار تڑپ اٹھے اور داد دیتے ہوئے بولے کہ میاں اقبال! اس عمر میں یہ بلند پروازی! سب نے پیشگوئی کی کہ یہ نوجوان آسمانِ ادب کا درخشندہ ستارہ بنے گا۔"۔۔۔
رانا صاحب کے چھوٹے بھائی (چھوٹے دادا جی) نے اپنی یادوں کا دفتر کھولتے ہوئے کہا: "پھر 1905ء میں اقبال اعلیٰ تعلیم کے لیے یورپ گئے، کیمبرج سے قانون کی ڈگری لی اور جرمنی کی میونخ یونیورسٹی سے فلسفے میں پی ایچ ڈی کی۔ اسی سفر کے دوران انہوں نے اسپین (اندلس) کا دورہ بھی کیا اور 'مسجدِ قرطبہ' میں حاضری دی، جہاں انہوں نے صدیوں بعد اذان دی اور نماز ادا کی۔ اندلس کی اس تاریخی سرزمین اور مسلمانوں کے ماضی کے عروج نے ان کے دل پر گہرا اثر چھوڑا، جس کے نتیجے میں انہوں نے اپنی شاہکار نظم 'مسجدِ قرطبہ' لکھی۔ یورپ سے واپسی پر وہ لاہور میں اورینٹل کالج اور گورنمنٹ کالج میں فلسفے کے پروفیسر مقرر ہوئے اور وکالت کا پیشہ بھی اختیار کیا"۔۔۔
نوجوانوں میں سے حمزہ نے سوال کیا، "چھوٹے دادا جی! مغرب کی دنیا تو اتنی جدید اور چکا چوند والی ہے، اقبال وہاں جا کر متاثر کیوں نہیں ہوئے؟"۔۔
پروفیسر داماد جی نے ہنستے ہوئے جواب دیا: "حمزہ، یہی تو اقبال کی آفاقی بصیرت تھی۔ جہاں عام لوگ مغربی ترقی سے مرعوب ہو رہے تھے، وہاں اقبال نے اس تہذیب کے کھوکھلے پن، مادہ پرستی اور روحانی تنزلی کو دیکھ لیا۔ انہوں نے وقت سے پہلے ہی پیشگوئی کر دی تھی کہ جو تہذیب اخلاقیات سے عاری ہو، وہ دیرپا نہیں رہ سکتی:۔۔۔
تمہاری تہذیب اپنے خنجر سے آپ ہی خود کشی کرے گی
جو شاخِ نازک پہ آشیانہ بنے گا، ناپائیدار ہوگا"۔۔
پھوپھو نیلم نے اضافہ کیا: "بالکل! اور اسی فکری بیداری کے بعد انہوں نے کتابوں کا ایک لافانی سلسلہ شروع کیا۔ ان کا پہلا اردو مجموعہ 'بانگِ درا' (1924) تھا جس نے برصغیر میں انقلاب برپا کیا۔ پھر بالِ جبریل، ضربِ کلیم، اور فارسی میں اسرارِ خودی، رموزِ بے خودی، پیامِ مشرق، زبورِ عجم اور جاوید نامہ جیسی لازوال کتب سامنے آئیں۔ ان کی شاعری کا سب سے بڑا حسن یہ تھا کہ وہ قرآنی آیات کی شعری تفسیر تھی، جس میں مایوسی کے گھور اندھیرے میں بھی امید کا چراغ جلتا تھا"۔۔
رانا صاحب کے منجھے ہوئے بیٹے نے گفتگو کا رخ موڑتے ہوئے کہا: "اور وہ صرف شاعر نہیں تھے، ان کی سیاسی بصیرت کا سب سے بڑا مظہر خطبۂ الٰہ آباد (1930) ہے، جب انہوں نے مسلم لیگ کے تاریخی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے مسلمانوں کے لیے ایک الگ خود مستقل وطن کا تصور پیش کیا"۔۔۔
زریاب نے گہری سوچ میں ڈوبتے ہوئے پوچھا، "دادا ابو! پھوپھو اور پاپا کی باتوں سے یہ تو معلوم ہو گیا کہ اقبال کا فنی قد کتنا بلند تھا۔ کیا ہم ان کی شاعری کے فنی و فکری محاسن کو مزید تفصیل سے سمجھ سکتے ہیں؟"۔۔
نیلم پھوپھو نے زریاب کو داد دیتے ہوئے گفتگو کو سمیٹا: "زریاب بیٹا! علامہ محمد اقبال کی شاعری اردو ادب میں ایک منفرد اور انقلاب آفریں باب کی حیثیت رکھتی ہے۔ اقبال کی شاعری محض قافیہ پیمائی نہیں بلکہ فکر و فلسفہ اور آفاقیت کا امتزاج ہے۔ ان کی شاعری کے نمایاں محاسن میں قرآنی آیات کی شعری تفسیر، بلند آہنگی، استعارات کا خوبصورت استعمال (جیسے شاہین، صحرا، لالہ)، اور سوز و گداز شامل ہیں۔ وہ مایوسی کے گھور اندھیرے میں امید کا چراغ جلاتے ہیں اور ان کا اسلوبِ بیان دلوں کو گرمانے کی حیرت انگیز صلاحیت رکھتا ہے۔ اگر ہم اس کے نمایاں فکری اور فنی محاسن کو ترتیب وار دیکھیں تو وہ مندرجہ ذیل ہیں:۔۔۔
1۔ نظریۂ خودی اور عملِ پیہم
• خودی کی پہچان: اقبال کے فلسفے کا مرکز اقبالیات کے نقوش کے مطابق انسان کی خودی (ذات کی شناخت، روحانی بلندی اور خود اعتمادی) ہے۔
• عمل اور جہدِ مسلسل: وہ کاہلی کے سخت خلاف ہیں اور ہمیشہ عملِ پیہم، جدوجہد اور خود اعتمادی کا درس دیتے ہیں۔
2۔ عشق اور عقل کا امتزاج
• تصورِ عشق: اقبال کے نزدیک 'عشق' سے مراد وہ گرمیِ جنوں اور ایمانی حرارت ہے جو انسان کو مادی حدود سے آگے بڑھا کر کائنات کو مسخر کرنے کا حوصلہ دیتی ہے۔
• عقل کی محدودیت: وہ عقل کو رہنمائے منزل تو مانتے ہیں لیکن اسے عشق (دل و روح کی بیداری) کے تابع رکھنے پر زور دیتے ہیں۔
3۔ منفرد علامتی نظام (استعارات و تلمیحات)
• شاہین: ان کی شاعری میں بلند پروازی، غیرت، تنگیِ رزق سے بے پرواہی اور خودداری کی علامت ہے۔
• مردِ مومن: ان کا نظریۂ مردِ مومن کردار کی پختگی، ایمانداری، علم و عمل اور اخلاقی برتری کا عکاس ہے۔
• قرآنی آیات کی شعری تفسیر: انہوں نے قرآن کریم کی آیات اور فلسفے کو شعر کے قالب میں ڈھالا، جس سے شاعری محض تفریح نہ رہی بلکہ رہنمائی کا ذریعہ بن گئی۔
4۔ تغزل میں نیا پن اور وسعت
• روایتی مضامین سے آزادی: اقبال نے غزل کو محض زلف و کاکل کے مضامین سے نکال کر حیات، معاشرت اور سیاسی و فکری بیداری سے ہم آہنگ کیا۔
• بالِ جبریل: ان کی یہ کتاب (جس میں ردیف اور محدود علامتوں کی بجائے وسعتِ خیال ہے) فنی پختگی کا شاہکار مانی جاتی ہے۔
5۔ امید اور سوز و گداز کا پیغام
• مایوسی کا خاتمہ: وہ زوال کے دور میں بھی امتِ مسلمہ اور انسان کو ناامیدی سے نکالنے کے لیے امید کا چراغ جلاتے ہیں۔"
رانا صاحب کے پروفیسر داماد نے سر ہلا کر تائید کی: "بہت خوب نیلم! یہی وجہ ہے کہ ان کی شاعری فکری اعتبار سے آج بھی اتنی ہی تروتازہ ہے۔"
زریاب نے ایک اور سوال کیا، "دادا ابو! اقبال کی شاعری میں 'آہِ سحر' کا بھی بہت ذکر ملتا ہے، اس کا اصل مطلب کیا ہے؟"۔۔
رانا مکرم داد چوکنا ہو کر بیٹھے اور بولے: "بہت اچھا سوال ہے زریاب! خودی اور ان محاسن کو جلا کہاں سے ملتی ہے؟ مَری آہِ سحَر سے! یہ آہِ سحر محض روایتی رونے کا نام نہیں، یہ ایک عہد ہے، ایک تصور ہے، ایک پورا فلسفۂ حیات ہے۔ رات کے آخری پہر خدا کے حضور سجدہ ریزی انسان کے اندر وہ باطنی توانائی پیدا کرتا ہے جو سلطنتوں کے تخت الٹ دیتی ہے۔ اقبال نے اسی لیے کہا تھا:۔۔
عطار ہو، رومی ہو، رازی ہو، غزالی ہو
کچھ ہاتھ نہیں آتا بے آہِ سحر گاہی!"۔
دالان میں اب مکمل خاموشی تھی، 'جن زی' کے نوجوان دادا جان کی باتیں دل کی گہرائیوں سے سن رہے تھے۔
رانا مکرم داد نے جوشیلے انداز میں اپنے ارد گرد بیٹھے نوجوانوں کی طرف دیکھا اور کہا: "اب میں تمہارے اس سوال کی طرف آتا ہوں کہ آخر اقبال نے جوانوں کو کیوں اپنا مرکزِ تصور کیا؟ بچو! نوجوان ہی کسی قوم کا حقیقی مستقبل ہوتے ہیں۔ اقبال نے نوجوانوں کو 'شاہین' کا استعارہ دیا اور اسے نوجوانوں کی پہچان قرار دیا۔ شاہین ایک ایسا پرندہ ہے جو بلند پرواز ہے، غیرت مند ہے، اپنا آشیانہ نہیں بناتا، تیز نگاہ رکھتا ہے اور کبھی کسی کا لایا ہوا شکار نہیں کھاتا۔ اقبال چاہتے تھے کہ امت کا نوجوان بھی مادی آسائشوں کے پنجرے سے نکل کر کائنات پر کمند ڈالے:۔۔۔
تو شاہیں ہے پرواز ہے کام تیرا
ترے سامنے آسماں اور بھی ہیں
نہیں تیرا نشیمن قصرِ سلطانی کے گنبد پر
تو شاہیں ہے، بسیرا کر پہاڑوں کی چٹانوں میں
پرواز ہے دونوں کی اسی ایک فضا میں
کرگس کا جہاں اور ہے، شاہیں کا جہاں اور"۔۔
رانا صاحب کے منجھے ہوئے بیٹے نے بات کی گرہ کھولتے ہوئے ایک اہم ترین تاریخی پہلو کا اضافہ کیا: "اور بچو! اقبال جانتے تھے کہ مصلحت پسند طبقہ انقلاب نہیں لا سکتا۔ وہ یہ بھی جانتے تھے کہ اس عظیم خواب کی تعبیر کے لیے ایک ایسے مخلص اور جری رہنما کی ضرورت ہے جو قوم کے ان شاہینوں کی صحیح سمت میں رہنمائی کر سکے۔ چنانچہ اقبال کا قائد اعظم محمد علی جناح سے جو تعلق تھا، وہ تاریخِ اسلام کا ایک سنہرا باب ہے۔ جب قائد اعظم برصغیر کی مایوس کن سیاست سے دلبرداشتہ ہو کر لندن چلے گئے تھے، تو یہ علامہ اقبال ہی تھے جنہوں نے اپنی بصیرت سے پہچانا کہ قائد اعظم کے سوا کوئی دوسرا مسلمانوں کی ناؤ پار نہیں لگا سکتا۔ 1936ء اور 1937ء کے دوران اقبال نے قائد اعظم کو مسلسل مکتوبات اور تاریخی خطوط لکھے۔ ان کی اس اہم خط و کتابت نے قائد اعظم کو وطن واپسی اور مسلم امہ کی قیادت سنبھالنے پر آمادہ کیا۔ اقبال نے اپنے خطوط میں نہ صرف الگ وطن کا نقشہ واضح کیا بلکہ قائد اعظم کو یقین دلایا کہ 'اس طوفان میں صرف آپ کی ذات ہی برصغیر کے مسلمانوں کی رہنمائی کی اہل ہے'۔ قائد اعظم نے خود اعتراف کیا تھا کہ اقبال ان کے لیے ایک دوست، رہنما اور فلسفی کی مانند تھے جو اندھیرے وقت میں ان کے ساتھ چٹان کی طرح کھڑے رہے۔"۔۔
یہاں نیلم پھوپھو نے گہرا سانس لیا اور جذباتی آواز میں بولیں: "لیکن دادا ابو! زریاب، علیزے اور حمزہ! تم سب کو یہ بات ہمیشہ یاد رکھنی چاہیے کہ علامہ اقبال کی اس لازوال فکری و سیاسی بصیرت کا اصل سرچشمہ کیا تھا؟ ان کی بصیرت اور ان کے کلام کا اصل سرچشمہ قرآن مجید اور عشقِ رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ہی ہے! انہوں نے اپنی فکر کو کسی مغربی فلسفے یا مادی عقل کا مرہونِ منت رکھنے کے بجائے مکمل طور پر اسلام کے ان دو بنیادی ستونوں سے وابستہ رکھا، جو ان کی زندگی اور کلام کی سچائی کے سب سے بڑے گواہ ہیں۔ اس کے دو تاریخی اور فکری ثبوت ایسے ہیں جو دل ہلا دیتے ہیں:"۔۔
سارے بچے پھوپھو کی طرف متوجہ ہو گئے، انہوں نے انگلی سے اشارہ کرتے ہوئے بتانا شروع کیا:۔۔
"پہلی بات، قرآن پاک سے کلام کی وفاداری کا چیلنج ہے! اقبال کی فارسی مثنوی 'رموزِ بے خودی' کے آخر میں بحضورِ سرورِ کائنات صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ایک دعا موجود ہے۔ اقبال اس بات پر اتنے پکے اور پُریقین تھے کہ ان کا کلام قرآن کی اصل روح کے عین مطابق ہے، کہ انہوں نے بارگاہِ رسالت میں یہ سخت ترین التجا کی تھی:۔۔۔
گر دلم آئینۂ بے جوہر است
ور بہ حرفم غیرِ قرآں مضمر است
روزِ محشر خوار و رسوا کن مرا
بے نصیب از بوسۂ پا کن مرا
یعنی: (اے اللہ کے رسول!) اگر میرا دل ایمان کے جوہر سے خالی ہے، اور اگر میرے کلام میں قرآن کے علاوہ کوئی اور چھپی ہوئی بات یا غیر اسلامی فکر ہے، تو قیامت کے دن مجھے خوار و رسوا کرنا اور مجھے اپنے قدموں کو چومنے کی سعادت اور شفاعت سے محروم کر دینا۔ بچو! یہ اس بات کی روشن دلیل ہے کہ اقبال کے نزدیک ان کی شاعری کوئی عام شاعری نہیں تھی، بلکہ وہ قرآنِ پاک کے آفاقی پیغام کی ہی ترجمانی کر رہے تھے"۔۔۔
رانا صاحب کے پروفیسر داماد نے بات میں گرہ لگائی: "بالکل نیلم! اور دوسری بات ان کا نزولِ قرآن پر یقین اور وارداتِ قلبی تھی۔ ایک اور واقعہ جو اقبال کے اس گہرے وجدان کو ظاہر کرتا ہے؛ جب ان سے ایک بار پوچھا گیا کہ کیا آپ کو پکا یقین ہے کہ یہ قرآن حضورؐ پر ہی نازل ہوا؟ تو اقبال کا جواب ایک مومن اور عارف کا جواب تھا۔ انہوں نے فرمایا تھا کہ جب مجھ جیسے ایک عام انسان اور گناہ گار پر رات کے اندھیرے میں یہ اشعار اس طرح اترتے ہیں کہ میں خود کو ان کا مصنف نہیں بلکہ صرف ایک ذریعہ محسوس کرتا ہوں (کیونکہ اقبال پر جب کیفیت طاری ہوتی تھی، تو وہ تڑپتے تھے اور اشعار املا کرواتے تھے)، تو اس ہستیِ مبارکؐ پر کلامِ الٰہی یعنی قرآن کا اترنا کیسے ممکن نہیں ہو سکتا جو کائنات کی سب سے پاکیزہ ہستی ہیں! اقبال کے نزدیک قرآن محض ایک کتاب نہیں تھی، بلکہ ایک زندہ جاوید حقیقت تھی جو انسان کے دل پر وارد ہوتی ہے۔ اسی لیے انہوں نے نوجوانوں کو نصیحت کی تھی:۔۔۔
تیرے ضمیر پہ جب تک نہ ہو نزولِ کتاب
گرہ کُشا ہے نہ رازی، نہ صاحبِ کشّاف
یعنی جب تک انسان قرآن کو اس طرح نہ پڑھے کہ جیسے وہ خود اس کے دل پر اتر رہا ہے، تب تک بڑے سے بڑے مفسر کی تفاسیر بھی اس کے اندر کی دنیا کو نہیں بدل سکتیں۔"۔۔۔
رانا صاحب کے چھوٹے بھائی (چھوٹے دادا جی) نے جوش سے کہا: "اور یہی عشقِ رسولؐ ان کی بصیرت کا آخری نقطہ ہے! اقبال عقل کو عشقِ رسولؐ کے تابع دیکھنے کے خواہشمند تھے۔ ان کے نزدیک محمدِ عربی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ذاتِ گرامی ہی وہ مرکز ہے جہاں پہنچ کر انسان کو کائنات کی اصل حقیقت نظر آتی ہے۔ انہوں نے واشگاف الفاظ میں کہا تھا:۔۔۔
بہ مصطفیٰ برساں خویش را کہ دیں ہمہ اوست
اگر بہ او نرسیدی، تمام بولہبی است
یعنی: اپنے آپ کو مقامِ مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم تک پہنچاؤ، کیونکہ دین سراسر وہی (ان کی محبت اور پیروی) ہے۔ اگر تم وہاں تک نہ پہنچ سکے، تو تمہارا سارا علم اور فلسفہ محض بو لہب کی طرح اندھیرا ہے۔"۔۔۔
رانا مکرم داد نے بڑے فخر سے اپنی بیٹی، بھائی، بیٹے اور داماد کی طرف دیکھا اور پھر 'جن زی' کے نوجوانوں کو مخاطب کیا: "بالکل درست! میرے عزیز بچو، علامہ اقبال کی اسی قرآنی فکری آبیاری، عشقِ رسولؐ کے باطنی سوز اور قائد اعظم کی ولولہ انگیز قیادت کا ہی اثر تھا کہ انہی نوجوانوں نے ان کی پکار پر لبیک کہا، تحریکِ پاکستان کا بیڑا اٹھایا اور ناممکن کو ممکن کر دکھایا!۔۔۔
آج تم لوگ جو جنریشن زی (جن زی) ہو، میری بات یاد رکھنا! اگر آج امتِ مسلمہ کو دوبارہ فکری، اخلاقی اور حقیقی آزادی ملنی ہے، تو وہ کسی اور کی بدولت نہیں، بلکہ صرف اور صرف تم جیسے نوجوانوں کی بدولت ہوگی۔ اگر تم سوشل میڈیا کی فرضی دنیا اور مغربی فکری غلامی کو جھٹک کر اقبال کے شاہین کی طرح اپنی خودی کو بیدار کر لو، تو انسانیت کبھی نہیں مر سکتی۔"۔۔۔
رانا مکرم داد نے اپنی بات کو آگے بڑھاتے ہوئے انتہائی محبت اور دردمندی سے اپنے پوتوں، پوتیاں، نواسوں اور نواسیوں کے چہروں کی طرف دیکھا اور دھیمی مگر پُر اثر آواز میں بولے:۔۔۔
"میرے بچو؛ آپ سب نے اقبال کو پڑھنا ہے اور اس کو سمجھ کر آگے بڑھنا ہے۔ یہ ہمیشہ یاد رکھنا کہ خواب محل کی اصل میراث آقا نامدار حضرت محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے سچا عشق ہے، اور اس عشق کو نبھانے کا بہترین انداز علامہ محمد اقبال کے کلام کو قبولِ عام کرنا ہے۔ اقبال کا کلام اس حویلی سے ہمیشہ گونجتا رہنا چاہیے!"۔۔۔
دادا جان کی یہ دلنشین نصیحت سن کر دالان میں موجود جنریشن زی کے تمام نوجوانوں کے چہروں پر ایک عزمِ نو ابھر آیا۔ زریاب نے اپنا موبائل فون ایک طرف رکھ دیا اور علیزے اور حمزہ نے بھی سر ہلا کر اس پاکیزہ میراث کو تھامنے کا عہد کیا۔ نیلم پھوپھو، چھوٹے دادا جی اور پروفیسر داماد صاحب نے رانا مکرم داد کے اس آخری جملے پر گہرے سکون اور فخر کا اظہار کیا۔
رانا صاحب نے اب جذباتی انداز میں باقاعدہ دعا کے لیے ہاتھ اٹھائے، تو حویلی کے دالان میں موجود چھوٹے بڑے، سبھی نے پورے خشوع و خضوع کے ساتھ ہاتھ اٹھا لیے۔ خواب محل کی فضا رانا مکرم داد کی بلند اور پر سوز آواز کے ساتھ گونجنے لگی:۔۔
جوانوں کو سوزِ جگر بخش دے
مرا عشق، میری نظر بخش دے
ملکوتی صفات پیدا کر، حق گوئی کا خوگر بنا
دلِ شاہیں عطا کر مجھ کو، شہباز کی پرواز دے
روشن ہے زمانے میں نامِ محمدؐ
یارب! میرے دل کو بھی وہ انوار عطا کر
اور آخر میں، خواب محل کا پورا دالان رانا مکرم داد کی اس آخری، ابدی اور آفاقی دعا کی گونج سے منور ہو گیا، جس پر وہاں موجود تمام نوجوانوں نے آنکھوں میں آنسو اور دل میں سچا عزم لیے پورے دل سے 'آمین' کہا:۔۔۔
خدایا! آرزو میری یہی ہے
میرا نورِ بصیرت عام کر دے!۔