کہانی: عارفِ زمانہ کی تلاش
In an age of digital distraction and deep moral crisis, true wisdom lies in becoming an Arif-e-Zamana—a conscious observer who looks inward to choose light over darkness. Weaving together Quranic wisdom on free will, Iqbal’s spiritual vision, and Steinbeck’s timeless philosophy of Timshel ("Thou Mayest"), this Urdu "کہانی: عارفِ زمانہ کی تلاش" set within the historic halls of Government Gordon College؛ reflects on the pivotal choices facing both the individual soul and the nation. As Pakistan approaches its eightieth year, "کہانی: عارفِ زمانہ کی تلاش" issues an urgent call to leaders and citizens alike to ignite the lamp within and return to the foundational ideals of justice, faith, and sacred tradition.
أَعُوذُ بِاللّٰهِ مِنَ الشَّيْطَانِ الرَّجِيمِ
بِسۡمِ ٱللهِ ٱلرَّحۡمَـٰنِ ٱلرَّحِيمِ
اللہ کے نام سے شروع جو بڑا مہربان نہایت رحم کرنے والا ہے
کہانی: عارفِ زمانہ کی تلاش
گورنمنٹ گورڈن کالج شہر کی سوا سو سال پرانی تعلیمی درسگاہ ہے اور اس کی پہچان اس علاقے کے سیاسی شعور اور سیاستدانوں کی نرسری کے طور پر رہی ہے۔ تاریخ، فلسفہ اور پولیٹیکل سائنس کے مضامین کی تدریس اور حصول کے لیے یہ ہمیشہ سے اساتذہ اور طالب علموں کا پسندیدہ مرکز رہا ہے۔ سردیوں کا آغاز تھا؛ کالج کے شعبہ سیاسیات کی کلاس جاری تھی اور جدید دور کے سیاسی اور فکری مسائل کا ذکر چل رہا تھا۔ پروفیسر صدیقی اپنی عینک سنبھالتے ہوئے، ضخیم کتابیں میز پر رکھے، اور ان کے تین ہونہار شاگرد اس بحث میں بھرپور حصہ لے رہے تھے: زید، جو تاریخ اور اقبالیات کا دلدادہ تھا؛ کاشف، جو ہر واقعے کو جدید نفسیات کی عینک سے دیکھنے کا عادی تھا؛ اور رافع، جو جنریشن زی کا نمائندہ، ہاتھ میں آئی پیڈ لیے ہر چیز کو ڈیجیٹل دنیا اور مستقبل کے زاویے سے پرکھتا تھا۔
کلاس کی کھڑکیوں سے سرد دھوپ اندر آ رہی تھی۔ رافع نے اپنے آئی پیڈ کی اسکرین پر انگلی پھیرتے ہوئے بحث کا آغاز کیا۔ "سر! آج کا انسان تو سب کچھ جانتا ہے۔ ساری دنیا ہماری ہتھیلی میں سمٹ کر آ گئی ہے؛ پلک جھپکتے ہی ہم ہزاروں میل دور ہونے والے کسی بھی واقعے کا براہِ راست مشاہدہ کر لیتے ہیں۔ تو پھر کیا ہم سب خود کو جدید دور کا دانا یا 'عارفِ زمانہ' نہیں کہہ سکتے؟"۔۔۔
پروفیسر صدیقی مسکرائے، عینک کے شیشوں کے پیچھے سے رافع کو دیکھا اور بولے، "رافع! تم نے ایک نہایت اہم اصطلاح چھیڑ دی ہے۔ ادبی اور فکری روایت میں 'عارفِ زمانہ' اُس صاحبِ بصیرت اور باخبر انسان کو کہا جاتا ہے جو اپنے عہد کے مزاج، معاملاتِ دنیا اور وقت کے تقاضوں کا گہرا ادراک رکھتا ہو۔ لیکن اصل سوال یہ ہے کہ آج کے دور میں ایک ترقی یافتہ یا عام آدمی کے لیے، باہر کی دنیا کی خبر رکھتے ہوئے، خود اپنی ذات میں جھانکنے اور عرفانِ ذات حاصل کرنے میں کیا شے مانع ہے؟
انہوں نے اپنی آواز میں لہجے کو بلند کرتے ہوئے کہا کہ "اس تیز رفتار ڈیجیٹل دور میں ہر بالغ مرد و زن کو حقیقی معنوں میں عارفِ زمانہ ہونا چاہیے؛ کیونکہ آج اسی عام انسان کی غفلت کی آڑ میں دنیا بھر میں کچھ بدنیت، بدقماش اور غاصب ابلیسی قوتیں پوری انسانیت کی تقدیر سے کھیل رہی ہیں۔ عام انسان خود بھی اس کا شکار ہو کر متاثر ہوتا ہے، مگر افسوس کہ وہ اس حقیقت سے غافل رہتا ہے۔ یہ غفلت نہ صرف افسوسناک ہے بلکہ تباہ کن بھی ہے"۔۔۔
کاشف، جو انسانی رویوں اور نفسیات کی گرہیں سلجھانے کا شوقین تھا، فوراً بولا، "سر، انسان اتنا بے بس اور غافل کیوں ہو جاتا ہے؟ کیا انسانی فطرت میں ہی کوئی کمزوری ہے؟"۔۔
"ہرگز نہیں کاشف!" پروفیسر صدیقی نے میز پر رکھی کتابوں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا۔ "انسان تو اللہ سبحانہ و تعالیٰ کی تخلیق کا سب سے خوبصورت فن پارہ ہے۔ خالقِ کائنات نے خود اس کی عظمت کی گواہی دیتے ہوئے فرمایا ہے:۔۔۔
لَقَدْ خَلَقْنَا الْإِنسَانَ فِي أَحْسَنِ تَقْوِيمٍ (سورۃ التین: 4)
(بے شک ہم نے انسان کو بہترین ساخت اور بہترین اعتدال پر پیدا کیا ہے)۔۔۔
اور پھر اسی انسان کو شعور، شرحِ صدر اور حق گوئی کا سلیقہ سکھاتے ہوئے یہ عظیم دعا عطا فرمائی:۔۔
رَبِّ اشْرَحْ لِي صَدْرِي ﴿٢٥﴾ وَيَسِّرْ لِي أَمْرِي ﴿٢٦﴾ وَاحْلُلْ عُقْدَةً مِّن لِّسَانِي ﴿٢٧﴾ يَفْقَهُوا قَوْلِي (سورۃ طٰہٰ: 25-28)
(اے میرے رب! میرے لیے میرا سینہ کھول دے۔ اور میرے لیے میرا کام آسان فرما دے۔ اور میری زبان کی گرہ کھول دے۔ تاکہ وہ میری بات سمجھیں)"۔۔
زید، جو بڑی توجہ سے نوٹس لے رہا تھا، سر اٹھا کر بولا، "سر، اگر انسان بہترین ساخت پر پیدا ہوا ہے، تو پھر اس کے اندر خیر اور شر کی یہ کشمکش کہاں سے آتی ہے؟"۔
پروفیسر صدیقی کرسی سے اٹھ کر وائٹ بورڈ کے قریب آئے۔ "زید، انسان کے اختیار اور انتخاب کا یہ بنیادی فلسفہ قرآنِ مجید میں نہایت واضح اور مستند انداز میں بیان کیا گیا ہے۔ انسانیت کی تاریخ میں انتخاب کی یہ پہلی آزمائش حضرت آدم علیہ السلام کے قصے سے شروع ہوتی ہے، جب ابلیس کے بہکاوے نے ایک کڑا امتحان پیدا کیا تھا؛ ایک طرف ابلیس کی ترغیب پر بھٹک جانے کا راستہ تھا اور دوسری طرف قادرِ مطلق کی تنبیہ اور حکم کو یاد رکھنے کا تقاضا۔ بشری لغزش کے تحت اس لمحے اگرچہ وہ بہکاوے میں آ گئے، مگر جب اس کے بعد ندامت اور واپسی کے انتخاب کا مرحلہ آیا تو انہوں نے مایوسی یا ضد کے بجائے توبہ کو ترجیح دی اور ربِ کائنات کے حضور جھک گئے۔
قرآنِ حکیم اسی انسانی آزادی اور اختیارِ عمل کا اعلان کرتے ہوئے انسان کو راستہ دکھا کر اس کے سامنے دو راہیں رکھ دیتا ہے:۔۔۔
إِنَّا هَدَيْنَاهُ السَّبِيلَ إِمَّا شَاكِرًا وَإِمَّا كَفُورًا (سورۃ الدہر: 3)
(بے شک ہم نے اسے راستہ دکھا دیا، اب خواہ وہ شکر گزار بنے یا ناشکرا)
اور قرآن و سنت نے یہ راز بھی کھول دیا کہ اس تمام تر انتخاب کا اصل مرکز اور محور انسان کا دل ہوتا ہے۔ ارشادِ باری تعالیٰ ہے:۔۔
وَاعْلَمُوا أَنَّ اللَّهَ يَحُولُ بَيْنَ الْمَرْءِ وَقَلْبِهِ (سورۃ الانفال: 24)
(اور جان لو کہ اللہ تعالیٰ آدمی اور اس کے دل کے درمیان آڑ بن جاتا ہے)۔۔۔
اور رسولِ اکرم ﷺ نے دلوں کی اس کیفیت اور رب کی قدرت کو یوں بیان فرمایا:۔۔۔
'بنی آدم کے سارے دل ایک دل کی صورت میں اللہ تعالیٰ کی انگلیوں میں سے دو انگلیوں کے درمیان ہیں، وہ جس طرح چاہتا ہے اسے (ان سب کو) گھماتا ہے۔' اس کے بعد رسول اللہ ﷺ نے دعا کرتے ہوئے فرمایا: 'اے اللہ! اے دلوں کو پھیرنے والے! ہمارے دلوں کو اپنی اطاعت پر پھیر دے۔' (صحیح مسلم: 6750)۔۔۔
اس کے ساتھ ہی نور اور ظلمت کے سرچشموں کی پہچان بھی کروا دی گئی:۔۔۔
اللَّهُ وَلِيُّ الَّذِينَ آمَنُوا يُخْرِجُهُم مِّنَ الظُّلُمَاتِ إِلَى النُّورِ ۖ وَالَّذِينَ كَفَرُوا أَوْلِيَاؤُهُمُ الطَّاغُوتُ يُخْرِجُونَهُم مِّنَ النُّورِ إِلَى الظُّلُمَاتِ ۗ أُولَٰئِكَ أَصْحَابُ النَّارِ ۖ هُمْ فِيهَا خَالِدُونَ (سورۃ البقرہ: 257)
(خدا مومنین کا دوست ہے، وہ انہیں اندھیروں سے نکال کر روشنی کی طرف لے جاتا ہے۔ اور جو لوگ کافر ہوئے ان کے حمایتی طاغوت ہیں، وہ انہیں روشنی سے نکال کر اندھیروں میں لے جاتے ہیں۔ یہی لوگ دوزخی ہیں، وہ اس میں ہمیشہ رہیں گے)۔۔۔
اسی لیے ہر مسلمان اور ہر عارفِ زمانہ کو چاہیے کہ حق پر ثابت قدمی اور باطنی نور کے لیے اس قرآنی دعا کو اپنا وظیفہ بنا لے:۔۔
رَبِّ أَدْخِلْنِي مُدْخَلَ صِدْقٍ وَأَخْرِجْنِي مُخْرَجَ صِدْقٍ وَاجْعَل لِّي مِن لَّدُنكَ سُلْطَانًا نَّصِيرًا (سورۃ بنی اسرائیل: 80)
(اے رب! مجھے ایسی جگہ میں داخل کیجیے جو سچائی اور بہتری کی جگہ ہو، اور مجھے سچائی کے ساتھ نکالیے، اور میرے لیے اپنے پاس سے کوئی ایسی مددگار طاقت بنا دیجیے)"۔۔۔۔
کاشف نے نفسیاتی زاویے سے بات آگے بڑھائی۔ "سر، جدید نفسیات بھی یہی کہتی ہے کہ انسان حالات کا قیدی نہیں ہوتا بلکہ اس کا اصل اختیار اس کے ردعمل میں پوشیدہ ہے۔ مجھے اس پر امریکی مصنف جان اسٹائن بیک کا شہرہ آفاق ناول ایسٹ آف ایڈن یاد آ رہا ہے، جس کا ایک نہایت خوبصورت منظر اسی نکتے کو بیان کرتا ہے۔"۔۔
"بالکل درست کہا کاشف،" پروفیسر صدیقی نے تائید کی۔ "ناول کے اس منظر میں ایک کردار، "لی"، مسٹر ہیملٹن اور آدم ٹراسک کے سامنے ایک قدیم عبرانی لفظ کا ذکر کرتا ہے جس کی اصل روح تک پہنچنے کے لیے اس نے برسوں محنت کی۔ وہ لفظ تھا "ٹمشیل" — جس کا مفہوم ہے "تھاو مےیسٹ" یعنی 'تمہارے پاس انتخاب ہے'۔ کتنا عجیب اور حسین خیال ہے کہ انسان کی پوری زندگی کا فلسفہ کبھی کبھی محض ایک لفظ میں سمٹ آتا ہے۔
لی اس لفظ کی گہرائی بیان کرتے ہوئے سمجھاتا ہے کہ اس کا مطلب یہ ہرگز نہیں کہ انسان ہر حال میں جیت ہی جائے گا، اور نہ ہی اس کا یہ مطلب ہے کہ اس کے راستے میں دکھ، ظلم یا کڑی آزمائشیں نہیں آئیں گی؛ بلکہ اس کا اصل اور حقیقی مفہوم یہ ہے کہ حالات چاہے کتنے ہی سخت اور کٹھن کیوں نہ ہوں، انسان کے پاس اپنے ردعمل، اپنے فیصلے اور اپنی امید کو زندہ رکھنے کا انتخاب بہرحال باقی رہتا ہے"۔۔۔
زید کی آنکھوں میں چمک ابھری۔ "سر! یہی وہ انتخاب ہے جو ہمارے مشرقی ادب میں مکھی اور پروانے کی تمثیل سے واضح ہوتا ہے۔ ایک طرف دنیاوی غلاظت اور عارضی لذات پر منڈلاتی ہوئی مکھی ہے، اور دوسری طرف شمعِ حقیقت پر جان نثار کرنے والا پروانہ۔ انسان کے سامنے بھی ہمیشہ یہ دو راستے کھلے رہتے ہیں کہ آیا وہ دنیا کی عارضی چمک دمک اور نفسانی خواہشات کا اسیر ہو جائے، یا پھر خدائے پاک کے عشق میں سرشار ہو کر آقائے نامدار حضرت محمد ﷺ کی غلامی اور اتباع کا راستہ اختیار کرے۔ فیصلہ اس کے اپنے ہاتھ میں ہوتا ہے کہ وہ نور اور روشنی کا طلب گار بنتا ہے یا اندھیروں کے راج میں جینا قبول کر لیتا ہے۔ اور جب انسان شکر گزاری اور روشنی کا راستہ چننے کا ارادہ کر لیتا ہے، تو شاعرِ مشرق علامہ اقبالؒ اس انتخاب کی عملی صورت اور منزل کا پتہ یوں دیتے ہیں:۔۔۔
قوتِ عشق سے ہر پست کو بالا کر دے
دہر میں اسمِ محمدؐ سے اجالا کر دے"۔۔
پروفیسر صدیقی نے مسکراتے ہوئے سر ہلایا۔ "واہ زید! علامہ اقبالؒ کے اس شعر کا پیغام نہایت روشن اور واضح ہے کہ دنیا میں پھیلی ہوئی فکری، اخلاقی اور سماجی تاریکیوں کو مٹانے کا واحد ذریعہ عشقِ رسول ﷺ اور آپ ﷺ کی سیرتِ طیبہ کی پیروی ہے۔ جب انسان اپنے دل میں اس عشق کی شمع جلاتا ہے تو وہ نہ صرف اپنی پستیوں سے بلند ہو جاتا ہے بلکہ اس کا وجود پورے زمانے (دہر) کے لیے روشنی اور ہدایت کا سرچشمہ بن جاتا ہے۔"۔۔
اس دن پچھلی صف میں بیٹھے ایک نووارد نے ہاتھ بلند کیا اور سوال کرنے کی اجازت چاہی۔ پروفیسر صدیقی کے سر ہلانے پر وہ گویا ہوا:۔۔
"سر، ہم طالب علم ابھی عملی زندگی کی دہلیز پر کھڑے ہیں۔ کل کو ہم میں سے کوئی کاروبار کرے گا، کوئی سول سروس یا سیاست میں جائے گا۔ عملی زندگی میں یہ 'انتخاب' کس طرح ہمارا امتحان لیتا ہے؟"۔۔
پروفیسر صدیقی سنجیدہ ہو گئے اور کہا، "بیٹا! حقیقت یہ ہے کہ ہر انسان کے سامنے بنیادی انتخاب کا یہ دوراہا ضرور آتا ہے کہ وہ اپنی زندگی کا مرکز اور مقصد کسے بناتا ہے—یعنی اس کا حقیقی رب کون ہے، اور وہ اپنی زندگی کس اصول کی بنیاد پر گزارے گا؟ خالقِ کائنات نے قرآنِ مجید میں تخلیقِ انسانی کا اصل مقصد واضح کرتے ہوئے ارشاد فرمایا:۔۔
وَمَا خَلَقْتُ الْجِنَّ وَالْإِنسَ إِلَّا لِيَعْبُدُونِ (سورۃ الذاریات: 56)
(اور میں نے جنوں اور انسانوں کو صرف اس لیے پیدا کیا ہے کہ وہ میری عبادت کریں)۔۔
اس مقصد کے تعین کے بعد عملی زندگی کے ہر موڑ پر انسان کو انتخاب کرنا پڑتا ہے۔ معاش کے میدان میں اس کے سامنے یہ فیصلہ ہوتا ہے کہ آیا وہ صبر و استقامت کے ساتھ رزقِ حلال کماتا ہے یا لالچ اور شارٹ کٹ کے دوسرے ناجائز ذرائع اختیار کرتا ہے؛ حالانکہ اللہ کریم نے توکل اور تقویٰ اختیار کرنے والوں سے واضح وعدہ فرما رکھا ہے:۔۔
وَمَن يَتَّقِ اللَّهَ يَجْعَل لَّهُ مَخْرَجًا ﴿٢﴾ وَيَرْزُقْهُ مِنْ حَيْثُ لَا يَحْتَسِبُ ۚ وَمَن يَتَوَكَّلْ عَلَى اللَّهِ فَهُوَ حَسْبُهُ (سورۃ الطلاق: 2-3)
(اور جو کوئی اللہ سے ڈرے گا، اللہ اُس کے لیے مشکل سے نکلنے کا کوئی راستہ پیدا کر دے گا، اور اُسے ایسی جگہ سے رزق عطا کرے گا جہاں سے اُسے گمان بھی نہیں ہوگا۔ اور جو کوئی اللہ پر بھروسہ کرے، تو اللہ اُس کا کام بنانے کے لیے کافی ہے)"۔۔
اس پر ایک خاموش طالب علم نے—جو کلاس سے باہر اسٹوڈنٹ سیاست میں خاصا متحرک رہتا تھا—سوال کیا، "سر، ہمارے یہاں کی ریاست اور سیاست کے تناظر میں اسے کیسے سمجھا جائے؟"۔۔
پروفیسر صدیقی مسکرائے اور کہا، "بیٹا! اسی طرح، ہم میں سے اکثر اس آزمائش سے بھی دوچار ہوتے ہیں کہ جب اللہ تعالیٰ انسان کو صاحبِ ثروت، منصب یا اقتدار بنا دے تو اس کا رویہ اور برتاؤ کیسا ہونا چاہیے؟ اس نازک مقام پر بھی قرآنِ حکیم نے انسان کو غرور و سرکشی کے بجائے آخرت کی فلاح، اعتدال اور مخلوقِ خدا کے ساتھ احسان کا راستہ چننے کی رہنمائی دی ہے:۔۔۔
وَابْتَغِ فِيمَا آتَاكَ اللَّهُ الدَّارَ الْآخِرَةَ ۖ وَلَا تَنسَ نَصِيبَكَ مِنَ الدُّنْيَا ۖ وَأَحْسِن كَمَا أَحْسَنَ اللَّهُ إِلَيْكَ ۖ وَلَا تَبْغِ الْفَسَادَ فِي الْأَرْضِ (سورۃ القصص: 77)
(اور جو کچھ اللہ نے تجھے دیا ہے اس کے ذریعے آخرت کے گھر کی تلاش کر، اور دنیا سے اپنا حصہ بھی نہ بھول، اور لوگوں کے ساتھ احسان کر جیسا اللہ نے تیرے ساتھ احسان کیا ہے، اور زمین میں فساد برپا کرنے کی کوشش نہ کر)۔۔۔
پروفیسر صاحب نے ایک لمحہ توقف کیا اور سب کے طرف دیکھا اور گویا ہوئے کہ "کیونکہ اگر صاحبِ اختیار و اقتدار لوگ ظلم اور جبر کا انتخاب کریں تو قدرت کا قانون حرکت میں آتا ہے، جس پر علامہ اقبالؒ نے یوں تنبیہ فرمائی تھی:۔۔
حذر اے چیرہ دستاں! سخت ہیں فطرت کی تعزیریں"
کاشف نے سر ہلایا، "اور سر، انسان کی عمر کے مختلف ادوار بھی تو فطرت کے اسی نظام کے تحت چلتے ہیں؟"۔۔
"بالکل کاشف!" پروفیسر صدیقی نے کہا۔ "فطرت کا تقاضا بھی یہی ہے کہ انسانی زندگی مختلف منظم جہتوں اور ادوار میں بٹی ہوئی ہے، اور ہر دور اپنا ایک درست انتخاب مانگتا ہے۔ ایک عمر علم حاصل کرنے کی ہے—جس دور سے ابھی آپ سب گزر رہے ہو—جہاں انسان کا یعنی آپ سب کا اختیار یہ ہونا چاہیے کہ آپ سب دنیا کی دیگر لایعنی مصروفیات کو ترک کر کے یکسوئی کے ساتھ تحصیلِ علم میں اپنا وقت صرف کریں"۔
پروفیسر صاحب نے پھر ایک توقف کیا اور سب کی طرف دیکھ کر یہ کہا کہ " اس کے بعد جوانی کا دور آتا ہے، جس کا تقاضا یہ ہے کہ آدمی عمل کی زندگی میں راسخ ہو، محنت کرے اور زندگی کی تعمیری بھاگ دوڑ میں آگے بڑھے۔ پھر عمر کی پختگی یعنی چالیس سال کا دوراہا آتا ہے، جو ٹھہر کر غور و فکر کرنے کا مقام ہے—جہاں انسان عقل، شعور اور تجربے کی بنیاد پر اپنے خدا کی معرفت تلاش کرے اور اپنی باقی ماندہ زندگی کے سفر کا حتمی اور درست راستہ متعین کرے۔"۔۔
کمرۂ جماعت میں ایک گہرا سکوت چھا گیا۔ زید نے دھیمے لہجے میں کہا، "سر، جب ہم اپنے معاشرے اور ملک کے حالات دیکھتے ہیں تو چاروں طرف مایوسی اور بے بسی نظر آتی ہے۔ ایسے میں انسان کیا کرے؟"۔۔۔
پروفیسر صدیقی کھڑکی کے پاس جا کھڑے ہوئے، جہاں باہر کالج کے قدیم درختوں پر دھوپ چمک رہی تھی۔ انہوں نے ٹھہرے ہوئے لہجے میں کہا، "زید، شاید یہی وہ بنیادی نکتہ ہے جو آج کے ہمارے اجتماعی کرب اور معاشرتی صورتحال کو سمجھنے کے لیے بھی بے حد اہم ہے۔ آج ہم ایک ایسے دور سے گزر رہے ہیں جہاں بے بسی، جدائی اور اذیت نے جیسے زندگی کے کئی حسین رنگ چھین لیے ہیں۔ ہر طرف قنوطیت اور ناامیدی کے بادل چھائے دکھائی دیتے ہیں۔ مگر حقیقت یہ ہے کہ شاید ابھی سب کچھ ختم نہیں ہوا؛ شاید ابھی بھی ہمارے پاس کچھ چننے، کچھ بدلنے اور کچھ بچانے کا اختیار موجود ہے۔ کیونکہ:۔۔
اندھیرے راج کرتے ہیں، گر روشنی نہیں ہوتی
اجالا تب ہی ہوتا ہے، جو لو دلوں میں جلتی ہو
تاریخ گواہ ہے کہ کسی بھی قوم یا معاشرے کی سب سے بڑی آزمائش یہی ہوتی ہے کہ وہ اپنے مشکل ترین وقت میں کیا راستہ چنتا ہے: نفرت یا انسانیت، مایوسی یا امید، بزدلانہ خاموشی یا سچا حوصلہ؟"۔۔۔
رافع نے اپنے آئی پیڈ کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا، "سر، دلچسپ بات یہ ہے کہ اب تو مغرب اور دنیا کے بڑے فلسفی بھی جدیدیت کے اس بحران کو محسوس کر رہے ہیں۔ ابھی کل ہی میں روسی فلسفی الیگزینڈر ڈوگن کے خیالات پڑھ رہا تھا۔"۔۔
"تم نے بالکل بجا نشاندہی کی رافع!" پروفیسر صدیقی نے مڑ کر کہا۔ "روحانی غفلت کی نیند سے بیدار ہونے کی یہ عالمگیر پکار آج دنیا کی مختلف تہذیبوں میں سنائی دے رہی ہے۔ ڈیجیٹل عہد کی فکری یلغار کے درمیان، حتیٰ کہ روسی فلسفی الیگزینڈر ڈوگن جیسے ہم عصر مفکرین بھی مغرب سے یہ پرزور اپیل کر رہے ہیں کہ وہ سیکولر جدیدیت - جو مقدس روایات کے انکار پر کھڑی ہے—کے تباہ کن بحران سے خود کو نکالے اور اپنی بنیادی مسیحی روایات و اقدار کی طرف لوٹ آئے۔ درحقیقت یہ گہری تشخیص محض مسیحیت تک محدود نہیں، بلکہ اس میں ایک ایسی آفاقی سچائی پنہاں ہے جو دنیا کے تمام مذاہب پر صادق آتی ہے۔ خواہ گرجا گھر ہو، مندر ہو یا مسجد، انسانیت کی حقیقی نجات جدیدیت کی کھوکھلی مادہ پرستی کو ترک کرنے اور الہامی ہدایت کی ابدی و مقدس روایات کی طرف لوٹنے ہی میں مضمر ہے۔"۔۔
پھر پروفیسر صدیقی نے ساری کلاس کی جانب اشارہ کرتے ہوئے پُرجوش لہجے میں کہا، "بچو! آج کے ڈیجیٹل دور میں آپ خاموش تماشائی نہیں رہ سکتے۔ جب دنیا سمٹ کر آپ کی ہتھیلی میں آ گئی ہے تو یاد رکھیں کہ آپ ہی کے نام پر یہ حکومت کی جاتی ہے۔ آج جب پاکستان کو قائم ہوئے اَسّی برس ہونے کو ہیں، تو یہ لمحۂ فکریہ ہمارے سامنے اور بھی شدت سے آ کھڑا ہوا ہے۔ ہم گزشتہ کئی دہائیوں سے مسلسل اس بنیادی عہد — یعنی ریاستِ مدینہ کے طرز پر ایک مثالی اسلامی فلاحی ریاست کے قیام — سے روگردانی اور نافرمانی کرتے چلے آ رہے ہیں، جس کے نام پر یہ ملک حاصل کیا گیا تھا"۔
یہاں پروفیسر صاحب ایک لمحہ کے لیے رکے؛ ساری کلاس کی جانب دیکھا جیسے سب کی آنکھوں میں کسی جواب کی تلاش کی ہو اور پھر گویا ہوئے کہ "تاہم، اصل سوال مایوسی کا نہیں بلکہ درست سمت کی جانب سفر اور واپسی کا ہے کہ ہم کب اور کیسے اپنے اصل مقصد کی طرف لوٹتے ہیں۔ جس طرح حضرت آدم علیہ السلام نے لغزش کے بعد توبہ اور رجوع کا انتخاب کیا تھا، اسی طرح ایک قوم کی حیثیت سے ہمارے پاس بھی اجتماعی توبہ، اصلاح اور اپنے اصل عہد کی طرف لوٹ آنے کا اختیار ابھی باقی ہے"۔
پھر انہوں نے سب لڑکوں کی طرف دیکھا اور پوچھا کہ "کیا خیال ہے کیسا ہوگا یہ لوٹ آنے کا سفر؟"۔۔۔
اور ایک لمحہ توقف کرکے خود ہی بولے "کاش آج ریاستِ پاکستان کا ہر طاقتور طبقہ—خواہ وہ سیاست کے ایوانوں میں ہو یا انتظام و انصرامِ ریاست کا حصہ ہو؛ عدل و انصاف کا ترازو تھامے ہو، قومی نبض کی تشخیص کرتا ہوا ابلاغِ عامہ کا منبہ و بھونپو ہو، یا قومی معاش و معیشت اور خزانے سے کھیلنے والے ہوں—خود کو 'عارفِ زمانہ' کی مسند پر سمجھیں اور خود کو اس کے قابل کریں؛ اور ہم سب اپنی انفرادی اور اجتماعی زندگیوں میں اندھیروں سے سمجھوتہ کرنے کے بجائے باطن کا چراغ روشن کرنے، اور اللہ سبحان تعالی کی حاکمیتِ اعلیٰ کے تحت باوقار طریقے سے زندہ رہنے کا انتخاب کریں؛ جیسا کہ کسی اسلامی ریاست کے آزاد شہریوں کا زندہ رہنے کا حق ہے۔ اے کاش!"۔
کلاس ختم ہونے کی گھنٹی بجی، مگر گورڈن کالج کے اس تاریخی کمرے میں بیٹھے ہر طالب علم کے دل میں ایک نیا چراغ روشن ہو چکا تھا—انتخابِ دلِ عارف کا چراغ!۔