Allama Dr Muhammad Iqbal was the great mystic Poet of the Sub Continent India-Pakistan. Iqbal is also the philosopher of East and national poet of Pakistan. Allama Muhammad Iqbal has given a comprehensive message about "Khudi" in the poetry about the downfall of Muslims and method to rise again. This write up in Urdu "کہ امیر کارواں میں نہیں خوئے دل نوازی" is an explanation of the Iqbal's verse on leadership with the help of various verses of Iqbal, keeping the main theme in focus.
أَعُوذُ بِاللّٰهِ مِنَ الشَّيْطَانِ الرَّجِيمِ۔
بِسۡمِ ٱللهِ ٱلرَّحۡمَـٰنِ ٱلرَّحِيمِ
اللہ کے نام سے شروع جو بڑا مہربان نہایت رحم کرنے والا ہے
کہ امیر کارواں میں نہیں خوئے دل نوازی
یہ علامہ محمد اقبال کی کتاب 'بالِ جبریل' کی ایک غزل کے مشہور شعرکا مصرع ثانی ہے۔
کوئی کارواں سے ٹوٹا، کوئی بدگماں حرم سے
کہ امیرِ کارواں میں نہیں خُوئے دل نوازی
علامہ محمد اقبال نے اس شعر میں کیا خوب پیغام دیا ہے اس کو سمجھنے کے لیےکچھ الفاظ کے استعال کو سمجھنا چاہیے۔ جیسے "کاروان"؛ اس سے مراد ماضی میں قافلہ بنا کر کارواں کی شکل میں کیا جانے والے سفر ہے، جس میں اکثر مسافر، تاجر یا سیاح کا گروہ ہوتا تھا، جوکسی ایک منزل کی جانب مل کر سفرکیا کرتا تھا۔ تاریخی طور پر، یہ لفظ شاہراہ ریشم جیسے تجارتی راستوں پر سفر کرنے والے قافلوں کے لیے استعمال ہوتا تھا۔ ایسے قافلوں کا ایک میرِکارواں ہوتا تھا، جو سفر کے دوران پیش آنے والے حالات میں رہنمائی کے فرائض ادا کرتا تھا۔ یہ کار دارد کام ہوتا تھا اور اس لیے اس کا بڑا احترام کیا جاتا تھا۔
شاعری اور ادب میں، یہ لفظ اکثر زندگی کے سفر، اتحاد یا منزل کی طرف بڑھنے کے لیے استعمال ہوتا ہے، جیسے علامہ اقبال کی شاعری میں یہ متعدد بار استعمال ہونے والا استعارہ ہے۔ یہ اکثر کسی مقصد کے لیے متحد لوگوں کے گروہ یا لیڈر (میرِ کارواں) کے تحت چلنے والے قافلے، پارٹی، انتظامی ادارے کے طور پر بھی استعمال ہوتا ہے۔
مندرجہ بالا شعر میں علامہ محمد اقبال فرماتے ہیں کہ امتِ مسلمہ یا قافلہ اسلام انتشار کا شکار ہے؛ کوئی گروہ کارواں / قافلے سے بچھڑ گیا ہے تو کوئی گروہ اپنے دین و مرکز (حرم) سے بدگمان ہو چکا ہے۔ لیکن علامہ محمد اقبال کے نزدیک اس انتشار کی وجہ قوم کے رہبر یا لیڈر (امیرِ کارواں) کا دل نوازی، محبت اور شفقت (خُوئے دل نوازی) سے عاری ہونا ہے؛ جس کی وجہ سے لوگ اکٹھے ہوکر اپنی منزل کی جانب نہیں بڑھ رہے بلکہ بکھر رہے ہیں۔ یعنی قیادت میں اخلاص اور محبت نہ ہو تو کارواں (امت) بکھر جاتا ہے؛ انتشار کا شکار ہوجاتا ہے۔
خُوئے دل نوازی فارسی/ اردو کا مرکب لفظ ہے جس میں خُوئے کے معنی عادت، خصلت، طبیعت یا مزاج کے ہیں۔ یہ اکثر تراکیب میں استعمال ہوتا ہے، جیسے "خُوئے یار" (دوست کی عادت) یا "خُوئے دل نوازی" (دل جیتنے کی عادت)۔ یہ لفظ شاعری میں مزاج یا فطرت کے مفہوم میں کثرت سے استعمال ہوتا ہے
دل نوازی کا مطلب ہے دل کو تسلی دینا یا دل کو جیت لینا ، مہربان ہونا، عنایت کرنا، ڈھارس بندھانا یا نرم مزاجی سے پیش آنا؛ یہ لفظ محبت اور دلداری کے معنوں میں بھی استعمال ہوتا ہے، جیسے کسی کی ہمت افزائی کرنا یا نرم گفتگو سے دل جیتنا۔ علامہ اقبال نے مسلمان کی صفت "سلیقہ دل نوازی" بیان کی ہے۔
اوپر کی تفصیل کے بعد ہم علامہ محمد اقبال کے مندرجہ بالا شعر کے معنی کچھ یوں بیان کرسکتے ہیں کہ قافلہ اسلام گروہ درگروہ بکھرا ہوا ہے؛ "فرقہ بندی ہے کہیں اور کہیں ذاتیں ہیں؛ کیا زمانے میں پنپنے کی یہی باتیں ہیں؟" امتِ مسلمہ کے پاس خلافتِ عثمانیہ کے ختم ہونے کے بعد کوئی مرکزیت نہیں ہے اور بعد از مرگِ اقبال قومیت میں ملبوس سرحدوں کی قید میں ہے۔ (حالانکہ اسلام قوم مسلم کو سرحدوں سے آزاد کرتی ہے؛ چین و عرب ہمارا، ہندوستاں ہمارا؛ مسلم ہیں ہم، وطن ہے سارا جہاں ہمارا) اور کمال یہ ہے شاداں فرحاں اور نازاں بھی ہے۔
آج امتِ مسلمہ اپنے کاروانِ حیات کا مقصد ہی کھوچکی ہے، جو سوائے حاکمیت اعلی خداوند کریم کی خلافت ارضی پر متمکن ہونے کے سوا کچھ اور نہیں ہے۔ نتیجتا" اس قافلے میں کوئی روٹی کپڑا مکان کا غلام ہے؛ کوئی لذاتِ دنیا کا تمنائی ہے؛ کسی کو سیکولر لبرل کی چھاپ درکار ہے؛ کسی کو اعتدال پسند روشن خیال بننے کی چاہ ہے؛ کہیں بادشاہت کے پائے سے لپٹے خرام مراعات کے طلبگار ہیں اور ایسے بھی ہیں جو جمھوریت کے نام لیوا عوام کو رعایا بناکر حکمران بننے کا خواہشمند ہیں۔ اور ان سب کا قبلہ حرم کعبہ نہیں ہوتا بلکہ مغرب اقوام کا مرکز ہوتا ہے؛ جو پہلے تاجِ برطانیہ، فرانس، ہالینڈ یا روس تھا اور اب امریکہ ہے؛ نجانے کل کس کو سجدہ کریں ؛ آنے والا سورج دیکھے گا۔
آج امت مسلمہ نظریاتی طور پر افلاس کا شکار ہے؛ کیونکہ وہ اپنے دین کے مرکز (حرم) سے بدگمان ہو چکا ہے؛ یعنی اللہ تعالی کی ماننے کے بجائے ابلیسی نظام کے تابع ہوگیا ہے۔ اور آج سوائے اسلامی جمھوریہ ایران کے کہیں بھی نظام اسلام کے نفاذ کی کوشش نہیں کی جارہی۔ علامہ محمد اقبال کا پورا کلام اس پر مفصل گواہ ہے؛ اور بطور حکیم الامت انہوں نے حق ادا کیا ہے۔ امتِ مسلمہ کس غلامی کا طوق پہنے بافخر جی رہی ہے اقبال نے کھل کر بیان کردیا ہے۔
کیا میرِ کارواں / قیادت کے بغیر منزل کا حصول مشکل ہوتا ہے؟ یہ سوال اکثر پوچھا جاتا ہے اور دیکھا گیا ہے کہ رہنما یا رسمی قیادت کے بغیر منزل تک پہنچنا اکثر مشکل ہوتا ہے، اگرچہ ناممکن نہیں۔ اگرچہ ایک "خود منظم / خود انحصار /خود کار" ٹیم کامیاب ہوسکتی ہے، قیادت کی غیر موجودگی اکثر فیصلہ سازی، تنازعات کے حل، اور ہدف کی صف بندی کے حوالے سے بڑھتے ہوئے خطرات کا باعث بنتی ہے۔ مسلم امت کا ایک واضع مسئلہ یہ ہے کہ اس کے پاس "خود منظم / خود انحصار / خود کار" کا کوئی سلسلہ ہے ہی نہیں۔ اگرچہ قوم مسلم کے پاس ایک اللہ تعالی خدائے واحد و یکتا، ایک نبی آخر و رحمتﷺ، ایک کتاب اور ایک منزل فردوس بریں کا حصول ہے۔ مگر قوم مسلم قرآن کے اس پیغام کو فراموش کئے بیٹھی ہے کہ یہ دنیا محض ایک دھوکہ ہے؛ متاع الغرور ہے۔ اور اصل زندگی تو آخرت میں کامیابی ہے۔ نتیجتا" پچھلے دو سو سال سے خرقہ غلامی اوڑھے سو رہی ہے۔ اور اگر کہیں کوئی ہوش مند انکی صفوں میں ابھر بھی جائے جو انکو اصل مقصد حیات کی جانب راستہ دکھائے تو اسکو اغیار کے ساتھ مل کر موت کے گھاٹ اتار دیتے ہیں۔ اور بعد میں اسکو شہید بناکر پوجتے ہیں۔
آخر امیر کارواں خوئے دل نوازی کی سعی کیوں کرے؟
قرآن نے حضرت آدم کو بعد از تخلیق اشرف المخلوقات کا درجہ عطا کیا اور خلافتِ ارضی کے مقام پر متمکن کیا؛ اور ابن آدم بوجہ وراثت اسی خلافت کا حقدار ٹہرا۔ چنانچہ ہم دیکھتے ہیں کہ آج زمین پر ایک واحد مخلوق انسان ہی ہے جو اپنی مرضی چلا رہا ہے۔ اور چونکہ وہ خالق و مالک کل اللہ تعالی کے احکام کی پیروی نہیں کررہا تو ہر سو افراتفری اور ابلیس کی خباثت راج کررہی ہے۔
اللہ سبحان تعالی نے قوم مسلم کو پیدا ہی قیادت کے مقام پر فائز کرنے کےلیے کیا۔ یہ قرآن کریم کی تعلیمات کا نچوڑ ہے کہ اللہ تعالیٰ نے امت مسلمہ کو امت وسط (متوازن امت) اور بہترین امت (خیرِ امت) قرار دیا ہے۔
"اور اسی طرح ہم نے تمہیں امتِ وسط (معتدل اور بہترین امت) بنایا تاکہ تم لوگوں پر گواہ ہو اور رسولؐ تم پر گواہ ہوں" (سورۃ البقرہ: 143)۔
"تم بہترین امت ہو جو لوگوں (کی رہنمائی) کے لیے پیدا کی گئی ہے، تم نیکی کا حکم دیتے ہو، برائی سے روکتے ہو اور اللہ پر ایمان رکھتے ہو" (سورۃ آل عمران: 110)۔
علامہ محمد اقبال قرآن کا سبق جانتے تھے؛ اس لیے وہ بارہا نوجوانانِ اسلام کو قیادت یا امامت کا منصب سنبھالنے کی تلقین کرتے رہے۔ " سبق پھر پڑھ صداقت کا، عدالت کا، شجاعت کا؛ لیا جائے گا تجھ سے کام دنیا کی امامت کا"۔ یعنی قوم مسلم دنیا کی تمام قوموں کی امام ہوگی اگر اللہ تعالی کے احکامات کی پیروی کرتی رہے گی۔ اور اپنے سفر حیات کا دارومدار قرآن و سنت کی تعلیمات کو بنائے گی۔ لیکن قوم مسلم کمزور پڑگئی اور مغربی اقوام بارود کی طاقت کے ساتھ غالب آگئے۔ اور پھر ابلیس نے وہ کھل کھیلا کہ تاریخ دنگ رہ گئی۔
حقیقتِ حال یہ ہے کہ آج مسلم اکثریتی قومیں نوآبادیاتی طاقتوں کے اسیر ہیں- جسے اکثر نوآبادیاتی نظام یا نوآبادیاتی میراث کا "لمبا تاریک اور بدنما سایہ" کہا جاتا ہے- بعد از نوآبادیاتی مطالعات، سیاسی تجزیہ اور اسلامی فکر میں ایک نمایاں نقطہ نظر بھی یہی ہے۔ اگرچہ براہ راست، رسمی انتظامیہ (علاقائی قبضہ) 20ویں صدی کے وسط تک زیادہ تر کے لیے ختم ہو گیا، تام تر حکمرانی کا ساختی انحصار آج بھی ان خطوں پر اثر انداز ہو رہا ہے۔ بہت سی مسلم قومیں آج بھی نوآبادیاتی دور کے سیاسی، قانونی اور اقتصادی ڈھانچے کو اپنائے ہوئی ہیں۔
اکثر مسلم ممالک میں آمرانہ حکومتوں نے مغرب مخالف نظریات یعنی اسلامی احکامات کو روکا ہوا ہے۔ مغربی میڈیا، زبان، اور ثقافتی اصولوں کو غلبہ بطور "نوآبادیاتی ذہن" ترویج دیا جاتا ہے اور مقامی روایات کو مغربی روایات سے کمتر سمجھا جاتا ہے۔ بعد از آزادی نوآبادیاتی ریاست کا انتظام اکثر مقامی حکمران اشرافیہ کے ذریعہ تابع کیا گیا ہے جو مغرب میں تربیت یافتہ تھے اور سابق نوآبادیات سے ملتے جلتے خیالات کا اشتراک کرتے ہیں؛ اور اکثر ایسی پالیسیوں کو نافذ کرتے ہیں، جو عام آبادی کے مفادات سے ہم آہنگ نہیں ہوتی ہیں۔ آج سنہ 2026 میں جب کہ براہ راست علاقائی نوآبادیات بڑی حد تک ختم ہو چکی ہے، لیکن مسلم قوموں کو نوآبادیاتی نظام کے ایک لطیف لیکن وسیع نظام کا سامنا ہے جو ان کی سیاسی، اقتصادی اور ثقافتی خودمختاری کو متاثر کرتا رہتا ہے۔ نتیجتا" قوم مسلم جو خود اپنی زمین پر حکمران اشرافیہ کے غلام بن کر جی رہے ہیں؛ ایک ایسے مہدی علیہ السلام یا مسیحا کا راستہ دیکھ رہی ہے جو اسے اس غلامی سے نجات دلا کر حقیقی منزل تک پہنچا دے۔ یعنی ہاتھ پہ ہاتھ دھرے منتظر فردا ہے۔ ایسے افراد یا قوم کبھی بھی کامیاب نہیں ہوتے۔
کامیابی کس کو ملے گی؟
علامہ محمد اقبال نے مغربی تہذیب سے مرعوبیت پر تنقید کی ہے اور نوجوانوں کو خودی، ہمت اور اپنی نگاہوں کو خوددار (صاحب 'مازاغ') رکھنے کا پیغام دیا ہے۔ علامہ محمد اقبال نے غلام اور آزاد بندے (مردِ حر) کی تشریح بھی کردی ہے اور کہا ہے کہآزاد انسان بندہ حر ہوتا ہے جو محض سیاسی طور پر آزادی نہیں ہوتا، بلکہ فکری، روحانی اور نفسیاتی بنیادوں پر بھی آزاد ہوتا ہے۔ اقبال کے نزدیک غلامی صرف جسمانی زنجیروں کا نام نہیں، بلکہ ذہن کی محکومی، خودی کی موت اور غیر اللہ کے سامنے جھکنے کا نام ہے۔ غلام اپنی "خودی" (ذات) کھو دیتا ہے اور اپنی ذات کے بجائے آقا کی خواہشات کا تابع ہو جاتا ہے۔ غلاموں کی فکری صلاحیتیں مردہ ہو جاتی ہیں، اسی لیے اقبال کہتے ہیں کہ غلاموں کی بصیرت پر بھروسہ نہیں کیا جا سکتا۔ غلامی انسان کو سست، ناامید اور مصلحت پسند بنا دیتی ہے۔ غلام اپنی بزدلی کو تقدیر کا نام دیتا ہے اور ملوکیت (طاقتور) کے سامنے سرِ تسلیم خم کر دیتا ہے۔ (بدن غلام کا سوزِ عمل سے ہے محروم؛ کہ ہے مرور غلاموں کے روز و شب پہ حرام)
میسر آتی ہے فرصت فقط غلاموں کو
نہیں ہے بندہَ حر کے لیے جہاں میں فراغ
اس لیے ہم دیکھتے ہیں کہ آج قوم مسلم ایسا بندہ غلام بنے ہوئے ہیں کہ اس کو فرصت ہی فرصت میسر ہے؛ کیونکہ اس کی نہ کوئی اپنی آرزو ہے اور نہ کوئی مقصد حیات ما سوائے روٹی؛ اور عیاشی اس کے منزل ہے؛ چیانچہ آج قوم مسلم کی ساری زندگی حصول رزق کی تگ و دو میں ہے اور کوئی اعلی مقصد اس کے سامنے نہیں ہے۔ اس کے مقابلے میں آزاد بندہ (جو ہر کلمہ گو کو ہونا چاہیے)ایک لمحے کے لیے بھی فارغ نہیں ہوتا کیونکہ وہ ہر وقت اپنے مقاصدِ جلیلہ کے حصول اور منزل (اُخروی کامیابی) تک پہنچنے کی دوڑ دھوپ میں لگا رہتا ہے ۔ یعنی اپنی موت تک مصروف رہتا ہے۔
آزاد بندہ وہ ہے جو صرف اللہ کے سامنے جھکتا ہے اور جس کی خودی بیدار ہوتی ہے۔ آزاد انسان اپنی خودی کو بیدار رکھتا ہے اور اپنی تقدیر خود بناتا ہے۔ آزاد بندہ عقل کو غلام اور عشق (روحانی تڑپ) کو رہبر بناتا ہے۔ مردِ حر کے لیے دنیا میں "فراغت" (سستی/آرام) نہیں ہوتی، اس کی زندگی مسلسل عمل سے عبارت ہوتی ہے۔ وہ اپنی عزتِ نفس پر سمجھوتہ نہیں کرتا اور کسی انسان کے سامنے سر نہیں جھکاتا۔
ملے گا منزلِ مقصود کا اُسی کو سراغ
اندھیری شب میں ہے چیتے کی آنکھ جس کا چراغ
یہ نفسِ مضمون میرِکارواں سے متعلق ہے۔ اورعلامہ محمد اقبال نے آج قوم مسلم کے انتشار کی وجہ میرِ کارواں میں دل نوازی کی کمی کو بیان کیا ہے۔ دراصل علامہ محمد اقبال کا مخاطب مسلم نوجوان ہے؛ اور علامہ اس کو اپنی قوم کی قیادت کے لیے راستہ دکھا رہے ہیں۔ اور اس کو ابھار رہے ہیں کہ اپنی قوم کو ایسے جوہر دکھا کہ وہ اسکی قیادت میں اکھٹی ہوجائے۔
اوپر کا شعر علامہ اقبال کی کتاب ضربِ کلیم سے ہے، جو بیداری، خودی اور جدوجہد کا درس دیتا ہے۔ اس شعر کا مطلب ہے کہ اپنی منزل صرف اُسی شخص کو ملتی ہے جو مشکلات کی اندھیری رات (مشکل وقت) میں بھی چیتے کی آنکھ (تیز نگاہ اور حوصلہ) کی طرح باصلاحیت اور چوکنا رہتا ہے۔
چیتا ایک درندہ ہے جس کی آنکھیں رات کے اندھیرے میں دیئے کی طرح روشن دکھائی دیتی ہیں اور ساتھ ہی وہ اندھیرے میں دیکھنے کی طاقت بھی رکھتا ہے ۔ علامہ نے اس کو تشبییہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ اس شخص کو اپنے مقصد کی منزل کا نشان مل سکتا ہے جس کی آنکھیں رات کے اندھیرے میں چیتے کی آنکھوں کی طرح روشن اور دیکھنے والی ہوں ۔ مراد یہ ہے کہ وہ شخص مشکلات کے اندھیرو ں سے نہ گھبرائے اور چیتے جیسے حوصلے سے اور اس جیسی تیز نظر پیدا کر کے آگے بڑھتا جائے ۔
علامہ محمد اقبال یہ پیغام دے رہے ہیں کہ اے نوجواں مسلم تجھے ایک خوئے غلامی میں سرشار قوم کی قیادت کرنی ہے جو بڑا جان جوکھم کام ہے؛ یہ خطرات سے بھرا راستہ ہے بالکل ویسے ہی جسے کسی درندوں سے بھرے گھنے جنگل میں رات کا سفر ہو؛ تو بہتر ہے کہ تو اس جنگل کے چیتے کو تابع کرلے اور اس کی انکھوں کی روشنی میں اپنا راستہ روشن کرلے۔ انسان کا نفس جنگل کے شیر اور چیتے سے زیادہاُتھرا ہے اور اسکو بے بس کردیتا ہے اور حکیم الامت یہ پیغام دے رہے ہیں کہ اپنے نفس کو تابع کرلے اور پھر ایمان کی آنکھ کھل جائے گی اور مومن اللہ کی بصیرت سے نمو پاتا ہے۔ اور یہ سب انسان کو کلمہ طیبہ کے فیض سے ملتا ہے۔
اقبال کے نزدیک "لا الہ" کا حقیقی مفہوم سمجھنا ہی اصل آزادی ہے۔ جب تک انسان کے دل میں غیر اللہ کا خوف رہے گا، وہ غلام رہے گا، چاہے وہ بظاہر آزاد ہی کیوں نہ ہو۔
غلامی انسان سے جمالیاتی حس، حسن و خوبی کی پہچان، اور تخلیقی صلاحیتیں چھین لیتی ہے، جس سے اس کی روح مردہ ہو جاتی ہے۔ چنانچہ آزاد انسان ہی حسن و جمال کی صحیح قدر کر سکتے ہیں اور ان کی پسند ہی حقیقی معیارِ حسن ہوتی ہے۔ اور ہم دیکھتے ہیں کہ آج کی دنیا میں اگر کوئی شخص یا قوم حقیقی حسن، خوبصورتی، یا خوبی کی حامل ہے تو پھر دنیا بھر کے آزاد اور باشعور لوگ خواہ انکا تعلق کسی قوم یا خطے سے ہو اس کواچھا سمجھتے ہیں اور تعریف کرتے اور سراہتے ہیں۔
علامہ محمد اقبال کا فلسفہ خودی وہ جادو ہے، وہ عرقِ معجزہ ہے؛ جسے وہ ذاتی اور قومی آزادی کی دلیل بنا کر انسان کی روحانی اور نفسیاتی بقا کے لیے ضروری قرار دیتے ہیں۔
غلامی کیا ہے؟ ذوقِ حُسن و زیبائی سے محرومی
جسے زیبا کہیں آزاد بندے، ہے وہی زیبا
علامہ محمد اقبال نوجوانوں کو شاہین کی علامتی خوبیوں—بلند پروازی، خودداری، سخت کوشی، اور غیرت—کو اپنانے کا درس دیتے ہیں۔ اقبال کا شاہین ایسی خودی کا مالک ہے؛ جو خود مختاری، اعلیٰ عزائم، اور روحانی طاقت کی علامت ہے۔ اقبال نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ خودی کو اپنائیں، نقالی کے بجائے تنقیدی سوچ کو فروغ دیں، اور مغربی ثقافت کی نقل کرنے کے بجائے، ہمت اور جدت کے ساتھقوم کی رہنمائی پر فائض ہوں۔ اقبال کا مقصد نوجوانوں میں "خودی" بیدار کرنا اور انہیں غلامانہ ذہنیت سے نکال کر منزلِ مقصود تک پہنچنے والا ایک نڈر اور خود مختار انسان بنانا ہے۔ اقبال کے کلام کا مقصد عمل، ایمان اور قومی ترقی کے لیے وقف ایک ایسی نوجوان نسل تیار کرنا تھا جو امت مسلمہ کے کاروان کو منزل مقصود تک پہنچا سکے۔ علامہ محمد اقبال دیکھ رہے ہوںگے کہ ابھی خود انکی قوم ادھوری آزاد ہوئی ہے اور حقیقی آزادی ابھی کوسوں دور ہے۔ دیکھنا یہ بھی ہے کہ گردشِ لیل و نہار میں امت مسلمہ کو کب آزادی کا سبق ملتا ہے؟
They also stay updated on modern orthodontic techniques, allowing them to recommend the mo...
Jane Smith is an inspiring author, teacher, and technology educator dedicated to helping s...
Titanium Tetrachloride Production Cost Analysis Report 2026: Industry Trends, Plant Setup,...
Starfruit Processing Plant Project Report 2026: Industry Trends, Plant Setup, Machinery, R...