Storytelling is an important tool because it builds emotional connections, helps people remember information, and fosters empathy. Humanity has always been obsessed with the pursuit of power. We chase titles, wealth, and status, believing that climbing the external ladders of society will finally grant us dominion over our lives. This story in Urdu "جنونِ ممتا؛ بیٹے کا فخر؛ تعلیم اور ٹائر کے جوتے" is about the national building by individuals through seeking knowledge and hardwork.
أَعُوذُ بِاللّٰهِ مِنَ الشَّيْطَانِ الرَّجِيمِ
بِسۡمِ ٱللهِ ٱلرَّحۡمَـٰنِ ٱلرَّحِيمِ
اللہ کے نام سے شروع جو بڑا مہربان نہایت رحم کرنے والا ہے
جنونِ ممتا؛ بیٹے کا فخر؛ علمی ڈگری اور ٹائر کے جوتے
ٹائر کے جوتے: ایک ماں کا تحفہ اور لازوال سبق
پچھلی صدی میں امریکی قوم کو ایک خواب دکھایا گیا تھا، جسے تاریخ "امریکن ڈریم" کے نام سے یاد کرتی ہے۔ امریکی عوام نے اسے محض ایک فقرہ نہیں، بلکہ اپنی تقدیر کا لکھا سمجھ کر اپنایا تھا—اور وہ خواب تھا: "مسلسل، پرعزم محنت اور علم کے بلبوتے پر بدترین حالات سے نکل کر اپنی تقدیر خود بدلنے کا خواب۔" ان جفاکش امریکیوں میں ایک کورا ہارگرو بھی تھی، جو خود تو پڑھ لکھ نہیں پائی تھی لیکن اپنے بیٹے ارل ہارگرو کو ہر مادی ضرورت سے پہلے علم کی روشنی دلانا چاہتی تھی۔ ریاستہائے متحدہ امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سنہ 2024 عیسوی میں اپنی صدارتی مہم کے لیے "میگا" (میک امریکہ گریٹ اگین) کا نعرہ لگایا تھا تو ان کا اشارہ دراصل ان افراد کی جانب ہی تھا جو اس امریکی خواب کے سفر میں کہیں پیچھے رہ گئے تھے؛ جس کی وجہ سے امریکہ ایک عظیم ریاست بنا تھا یعنی علم اور صنعت کی ترقی کا سفر۔ اس صدارتی مہم میں ان کے ہمنواؤں میں اوکلاہوما کا ہارگرو گیراج کا موجودہ مالک پیٹر ہارگرو بھی شامل تھا۔
مئی 1933 کی ایک تپتی ہوئی دوپہر تھی۔ امریکہ کی ریاست اوکلاہوما کا ایک چھوٹا سا قصبہ 'گائیمون' شدید معاشی بدحالی اور مٹی کے ہولناک طوفانوں کی زد میں تھا، جسے تاریخ 'گریٹ ڈپریشن' کے نام سے یاد کرتی ہے۔ ہر طرف غربت، بھوک اور بے بسی کا راج تھا۔ لیکن یہ اسی امریکہ کی کہانی ہے جو اس وقت اپنی تاریخ کے سیاہ ترین دور سے گزرتے ہوئے، کمزوری سے طاقت کی طرف بلندی کا سفر شروع کر رہا تھا۔
اس کٹھن دور میں، 45 سالہ بیوہ ماں کورا ہارگرو اپنے کچے زیرِ زمین مکان (ڈگ آوٹ) کے باہر تیز دھوپ میں بیٹھی تھی۔ اس کے کام سے تھکے اور کھردرے ہاتھوں میں کچن کا ایک عام سا چاقو اور ایک پرانی آری تھی، اور سامنے سڑک پر پھینکا ہوا ایک پرانا، گھسا ہوا 'فائر اسٹون' ٹائر پڑا تھا۔ کورا کے پاس کوئی جدید اوزار نہیں تھے، لیکن اس کے سینے میں ایک ماں کا عزم پہاڑ کی طرح جم کر کھڑا تھا۔
کورا ہارگرو زیادہ پڑھ لکھ نہیں سکی تھی، مگر وہ یہ راز جانتی تھی کہ اسے محنت سے قطرہ قطرہ سمندر بنانا ہوگا؛ پوری لگن اور ہمت سے اپنے بیٹے کو تعلیم دلانا ہوگی۔ وہ جانتی تھی کہ تعلیم حاصل کر کے اس کا بیٹا اس سائیکل (ارتقائی چکر) کو شروع کر سکے گا جس کی تفصیل علامہ ابنِ خلدون نے اپنی مشہور تصنیف "مقدمہ" میں کی ہے—یعنی وہ اصول کہ قومیں عیش و عشرت سے نہیں بلکہ کٹھن حالات میں سخت ترین محنت، علم کی لگن اور عصبیت (سماجی یکجہتی) کے ذریعے صفر سے عروج کا سفر شروع کرتی ہیں۔
اس کا 17 سالہ بیٹا، ارل ہارگرو اپنے پورے خاندان میں ہائی اسکول کی تعلیم مکمل کرنے والا پہلا لڑکا بننے جا رہا تھا۔ اس نے زندگی کی ہر سختی جھیلی تھی، مٹی کے طوفانوں کا مقابلہ کیا تھا، اور دن رات ایک کر کے خود کو اس قابل بنا لیا تھا کہ وہ تعلیمی اسناد حاصل کر سکے۔ اب وقت تھا اس کی برسوں کی انتھک محنت کے پھل کا—اس ڈگری کو حاصل کرنے کا جو ایک بہتر مستقبل کے لیے اس کا فخر اور ثبوت بننے والی تھی۔
مگر عین منزل پر پہنچ کر ایک آخری اور غیر متوقع دشواری حائل ہو گئی۔ ارل کے پاس جوتے نہیں تھے! پرانے جوتے اتنے پھٹ چکے تھے کہ ان کے تلوے تاروں سے بندھے ہوئے تھے۔ اسکول کے پرنسپل نے صاف کہہ دیا تھا: "ارل، تم ننگے پاؤں اسٹیج پر ڈگری لینے نہیں چڑھ سکتے۔" ریلیف اسٹور پر اس کے سائز کے جوتے دستیاب نہیں تھے اور کورا کے پاس اتنے پیسےبھی نہیں تھے کہ وہ بازار سے نیا جوتا خرید سکے۔
جوتوں کا نہ ہونا یا پرنسپل کا یہ سفاک جملہ ایک بڑی اور تکلیف دہ رکاوٹ ضرور تھا، لیکن ارل اور اس کی ماں کے اندر علم حاصل کرنے اور ڈگری لینے کا جنون اس رکاوٹ سے کہیں زیادہ بڑا تھا۔ وہ دونوں جانتے تھے کہ ان کی زندگی کی تقدیر اسی علم کی ڈگری سے بدلے گی، اس لیے وہ اس آخری موڑ پر ہار ماننے یا اپنے راستے سے بھٹکنے کے لیے تیار نہیں تھے۔
تبھی کورا کو گلی میں پڑا وہ پرانا، گنجا ٹائر نظر آیا۔ دو دن تک وہ تپتی دھوپ میں بیٹھ کر اس سخت ربڑ کو کاٹتی رہی۔ اس کی انگلیوں سے خون رسا، ہاتھ چھل گئے، لیکن اس کی آری نہ رکی۔ اس نے ارل کے پاؤں کے ناپ کے دو تلوے تراشے، اوپر کے حصے کے لیے چارے کے پرانے تھیلے کا کینوس لگایا اور بیلنگ تار سے ان سب کو آپس میں سی دیا۔ وہ جوتے بھاری تھے، بدصورت تھے اور چلتے وقت لکڑی کے فرش پر "تھپ، تھپ" کی عجیب آواز پیدا کرتے تھے۔
گریجویشن کا دن آن پہنچا۔ جب ارل کا نام پکارا گیا، تو وہ اسی ٹائر اور کینوس سے بنے بھاری جوتوں کو پہن کر لکڑی کے اسٹیج کی طرف بڑھا۔ فرش سے "تھپ، تھپ" کی آواز گونجی تو ہال میں بیٹھے کچھ لڑکے ہنس پڑے۔ ارل نے شرمندگی سے سر جھکانا چاہا، لیکن پھر اچانک وہ ہنسی تھم گئی اور ہال میں مکمل خاموشی چھا گئی۔
سب کی نظریں سامنے کی صف میں بیٹھی کورا پر گئیں، جو پھٹے پرانے کپڑوں میں ملبوس، اپنے بیٹے کو اسٹیج پر دیکھ کر فخر سے آنسو بہا رہی تھی۔ اس کے کام سے تھکے اور زخمی ہاتھ اس کی گود میں تھے، لیکن اس کا سر اونچا تھا۔ ہال میں موجود ہر شخص کو احساس ہو گیا تھا کہ یہ جوتے غربت کی نشانی نہیں، بلکہ دنیا کی سب سے عظیم محبت اور علم کے جنون کی علامت ہیں۔ ارل نے فخر سے اپنا سر اٹھایا اور اپنی ڈگری وصول کی۔
ارل ہارگرو کا محنت کا یہ عزم اس کے ترقی کے ہر سفر میں اس کے ہمراہ رہا۔ وہی ارل ہارگرو آگے چل کر اوکلاہوما سٹی کے سب سے بڑے گیراج کا بانی بنا۔ اس نے اپنی زندگی میں بڑی کامیابیاں دیکھیں، لیکن اپنے دفتر کی سب سے خوبصورت شیلف پر اس نے ہمیشہ ان ٹائر والے جوتوں کو سجائے رکھا۔ وہ جانتا تھا کہ انتھک محنت اور خود اپنی ذات کی حقیقت کا ادراک ہی اس کا اصل سرمایہ ہے، اور اس سرمائے کو اس نے زندگی بھر کبھی نہیں چھوڑا۔
جب بھی کوئی نوجوان اس کے پاس آتا اور وسائل کی کمی کا رونا روتا، تو ارل اس شیلف کی طرف اشارہ کرتا اور کہتا:"میری ماں نے یہ ٹائر سے بنائے تھے تاکہ میں اسکول سے گریجویٹ کر سکوں۔ اس لیے آج کے بعد کبھی میرے سامنے یہ بہانہ مت بنانا کہ تم زندگی میں کچھ اس لیے نہیں کر سکتے کیونکہ تمہارے پاس 'صحیح جوتے' (بہترین حالات) نہیں ہیں"۔۔
یہ کہانی صرف ایک کورا ہارگرو یا ارل ہارگرو کی نہیں ہے۔۔۔ لاکھوں امریکی اس سفر میں روانہ ہوئے اور امریکہ کو ایک عظیم قوم بنایا۔ انہوں نے ابنِ خلدون کا نظریہ ثابت کر دیا کہ جب کوئی قوم یا نسل اس حد تک محنت، علم اور عزم کو اپنا شعار بنا لیتی ہے، تو وہ کمزوری سے بلندی کی طرف سفر شروع کر دیتی ہے۔ 1930 کی دہائی کے اسی ملبے، فاقہ کشی اور ٹائر کے جوتوں سے امریکہ کی وہ نسل نکلی جسے تاریخ دان "دی گریٹسٹ جنریشن" (عظیم ترین نسل) کہتے ہیں۔ اسی نسل نے آگے چل کر دوسری جنگِ عظیم کا رخ بدلا، کارخانے کھڑے کیے، ٹیکنالوجی ایجاد کی اور امریکہ کو عالمی افق پر لا کھڑا کیا۔
یہ کہانی ہمیں انفرادی، خاندانی اور قومی سطح پر 5 بڑے اور انقلابی اسباق سکھاتی ہے:-۔
تعلیم اور علم کی حقیقی طاقت: ارل اور اس کی ماں کورا جانتے تھے کہ غربت اور پسماندگی کی دلدل سے نکلنے کا واحد راستہ 'علم' ہے۔ انہوں نے ہر مادی ضرورت پر تعلیم کو ترجیح دی۔ یہ سبق آج کے طالب علموں کے لیے ہے کہ علم کا اصل مقصد ڈگری یا چمک دمک نہیں، بلکہ زندگی اور تقدیر کو بدلنا ہے۔
بہانوں کا خاتمہ اور متبادل راستے تلاش کرنا: یہ کہانی سکھاتی ہے کہ کامیابی حاصل کرنے کے لیے "بہترین حالات" یا "مہنگی سہولیات" کا ہونا ضروری نہیں ہے۔ اگر آگے بڑھنے کا سچا جذبہ ہو، تو انسان بہانے بنانے کے بجائے دستیاب وسائل (جیسے ایک بیکار ٹائر) سے ہی اپنا راستہ نکال لیتا ہے۔ زندگی میں آگے بڑھنے کے لیے برانڈڈ یا 'صحیح جوتوں' کی ضرورت نہیں ہوتی، بلکہ عزمِ مصمیم کی ضرورت ہوتی ہے۔
ماں کی بے لوث محبت اور عزم: جب دنیا کے تمام دروازے بند ہو جائیں، تب بھی ایک ماں کی ہمت اور تخلیقی سوچ اپنے بچے کے خوابوں کو ٹوٹنے نہیں دیتی۔ کورا ہارگرو کے پاس اوزار نہیں تھے، لیکن اس کا عزم دنیا کا سب سے بڑا اوزار بن گیا۔
اپنی اصل اور ماضی کو نہ بھولنا: ارل ہارگرو نے زندگی میں بے پناہ کامیابی حاصل کی اور اوکلاہوما سٹی کے سب سے بڑے گیراج کا بانی بنا، لیکن اس نے اپنی کامیابی کے دور میں بھی ان پرانے ٹائر والے جوتوں کو اپنے دفتر کی شیلف پر سجا کر رکھا۔ یہ سبق سکھاتا ہے کہ انسان کتنا ہی بڑا کیوں نہ بن جائے، اسے اپنی غریبانہ اصل، والدین کی قربانیوں اور اپنی زمین کو کبھی فراموش نہیں کرنا چاہیے۔
عروجِ قوم کا خلدونی فلسفہ: قومی سطح پر یہ کہانی ثابت کرتی ہے کہ قومیں محلوں یا بنی بنائی آسائشوں سے نہیں بنتیں، بلکہ وہ بحرانوں (جیسے گریٹ ڈپریشن) کے ملبے سے جنم لینے والی جفاکش نسلوں کی انتھک محنت، صنعت اور علم کے سفر سے بنتی ہیں۔ سخت حالات قوموں میں "عصبیت" اور عزم پیدا کرتے ہیں جو انہیں کمزوری سے بلندی کی طرف لے جاتا ہے۔