Muhammad Asif Raza 2 months ago
Muhammad Asif Raza #education

جامِ جم سے میرا جامِ سفال اچھا ہے

This well-known line of a verse from a beautiful ghazal by Mirza Asadullah Khan Ghalib has deep meanings and carries loud message for an individual and a for any nation when read with another verse of Allama Muhammad Iqbal. This write up in Urdu (جامِ جم سے میرا جامِ سفال اچھا ہے) is discussing the concept and message contained wrt the auspicious Independence Day of Pakistan.

أَعُوذُ بِاللّٰهِ مِنَ الشَّيْطَانِ الرَّجِيمِ

بِسۡمِ ٱللهِ ٱلرَّحۡمَـٰنِ ٱلرَّحِيمِ

اللہ کے نام سے شروع جو بڑا مہربان نہایت رحم کرنے والا ہے


جامِ جم سے میرا جامِ سفال اچھا ہے


یہ معروف مصرعہ مرزا اسد اللہ خان غالب کی ایک خوبصورت غزل کے شعر کا ہے۔ اس مصرع میں مرزا غالب نے دو انتہاوں کا موازنہ پیش کیا ہے۔ ایک جامِ جم ار دوسرا جامِ سفال۔ "جامِ یا ساغرِ جم" قدیم ایران کے پیش دادی خاندان کے چوتھا اور مشہور افسانوی بادشاہ جمشید سے متعلق ہے۔ فردوسی کے شاہنامہ کے مطابق، اس کا دور حکومت ایران کا سنہرا دور مانا جاتا ہے۔ اسے نوروز کی بنیاد رکھنے، زرہ اور ہتھیار بنانے، اور ہنر سکھانے کا سہرا دیا جاتا ہے۔ اسی بادشاہ جمشید کا وہ طلسماتی پیالہ جس میں پوری دنیا کا حال دکھائی دیتا تھا (جامِ جہاں نما)، جو نایاب اور قیمتی ہونے کے ساتھ ناقابلِ مرمت بھی تھا۔

دوسری جانب تذکرہ ہے "جامِ سفال" کا مٹی کا عام سا پیالہ ہے۔ اور جو سستا ہے اور باآسانی بازار سے مل جاتا ہے۔ پورا شعر یوں ہے کہ "اور بازار سے لے آئے اگر ٹوٹ گیا؛ ساغرِ جم سے مرا جامِ سفال اچھا ہے"۔ اور مرزا غالب پیغام دےرہے ہیں کہ مٹی کا پیالہ اگر ٹوٹ جائے تو کوئی غم نہیں، نیا بازار سے خریدا جا سکتا ہے۔ اس کے برعکس جامِ جم اگر ٹوٹ جائے تو اس کا نقصان ناقابلِ تلافی ہے۔


اس شعر میں معنوں کا ایک جہان ہے جو بیان کیا جاسکتا ہے؛ اولا" یہ کہ یہاں قناعت، دل کی بے نیازی اور سادگی کی خوبصورت عکاسی کی گئی ہے کہ وہ چیزیں بہتر ہیں جن کے کھو جانے کا زیادہ خوف نہ ہو۔ اور ایک دوسرا مفہوم تصوف اور اخلاقیات کے تناظر میں انتہائی جاندار اور حقیقت پر مبنی یوں بیان کیا جاسکتا ہے کہ انسان خود تو مٹی کا پتلا ہے اور اسے مٹی ہی سے جڑا رہنا چاہیے۔ کیونکہ اگر مٹی کا سا ہوگا؛ تو زیادہ نقصان نہیں اٹھائے گا۔ اور اگر کہیں دنیا کے دیگر طلسمات میں پڑگیا تو نقصان ناقابل تلافی بھی ہوسکتا ہے۔

اس تفہیم کو مزید واضح کیا جائے تو اس کے اہم پہلو یہ ہیں کہ مٹی کے پیالہ کو انسان کی عاجزی اور انکساری سے تشبیہ دی جاسکتی ہے۔ انسان مٹی سے بنا ہے اور "جامِ سفال" (مٹی کا پیالہ) بھی مٹی کی علامت ہے۔ جب انسان اپنی اصل (مٹی) سے جڑا رہتا ہے، تو اس کے اندر عاجزی، سادگی اور قناعت پسندی رہتی ہے۔ پھر سادہ زندگی میں کم نقصان کا خوف رہتا ہے۔ مٹی کا انسان اگر کبھی دنیاوی مشکلات یا ناکامیوں کا سامنا کرے (یعنی مٹی کا پیالہ ٹوٹ جائے)، تو وہ ٹوٹ کر بھی مٹی ہی رہتا ہے۔ اسے سنبھالنا، دوبارہ کھڑا ہونا اور بازارِ دنیا سے نئی ہمت پانا آسان ہوتا ہے۔

جبکہ دوسری طرف ہے "جامِ جم اور دنیاوی طلسمات سے ابھرتا تکبر اور فانی چمک" کا نشہ۔ "جامِ جم" دنیاوی جاہ و جلال، اقتدار، غرور اور مادیت کی علامت ہے۔ اور اس کا ناقابلِ تلافی نقصان کای ہوسکتا ہے؟ جب انسان مٹی کی حقیقت کو بھول کر دنیا کے ان عارضی اور طلسماتی عہدوں، رتبوں یا تکبر میں پڑ جاتا ہے، تو وہ خود کو بہت بلند سمجھنے لگتا ہے۔ لیکن جب ایسا انسان اپنے عروج سے گرتا ہے یا اس کا وہ "طلسماتی پیالہ" ٹوٹتا ہے، تو اس کا نقصان واقعی ناقابلِ تلافی ہوتا ہے کیونکہ وہ اپنی اصل سے بہت دور جا چکا ہوتا ہے۔


غالب کے اشعار کی یہی خوبصورتی ہے کہ ان کی تہیں (پرتیں) وقت کے ساتھ کھلتی ہیں اور ہم نے اب تک اس شعر کو ایک بہترین صوفیانہ اور فلسفیانہ رخ سے دیکھا ہے۔ اب آگے بڑھنے سے پہلے ایک نظر علامہ محمد اقبال کے ایک فارسی شعر پہ ڈالتے ہیں۔

امم را از شهان پاینده تر دان

نمی بینی که ایران ماند و جم رفت

قوموں کو پادشاہوں سے زیادہ پائیندہ سمجھ؛ کیا تو دیکھتا نہیں کہ ایران باقی ہے جب کہ جمشید ختم ہو چکا ہے۔

یہ شعر علامہ محمد اقبال کی فارسی کتاب پیامِ مشرق (لالۂ طور کی رباعیات) کا ہے۔ اس کا مفہوم یہ ہے: "قوموں کو بادشاہوں سے زیادہ پائندہ (زندہ اور باقی رہنے والی) سمجھ؛ کیا تو دیکھتا نہیں کہ (جمشید جیسے جبار) بادشاہ مٹ گئے، مگر ایران (قوم و تہذیب کی صورت میں) پھر بھی باقی رہا ہے"۔

اس شعر میں لفظ "امم" بمعنی امت کی جمع، مراد قومیں، ملتیں ہے۔ اور "شَہاں" کی معنی شاہ کی جمع، مراد بادشاہ، حکمران، سلاطین۔ پھت ہے لفظ "پائندہ تر" معنی ہے زیادہ دیرپا، ہمیشہ رہنے والی، زندہ۔ اور ہے لفظ "جم" اور اس سے مراد ایران کا اسطوری اور مایہ ناز بادشاہ "جمشید" ہے، جس کی شان و شوکت اور تاج و تخت کی بڑی شہرت تھی۔

علامہ اقبال اس شعر کے ذریعے یہ واضح کرنا چاہتے ہیں کہ انفرادی حیات عارضی ہے اور بڑے سے بڑا طاقتور بادشاہ بھی وقت کے دھارے میں فنا ہوجاتا ہے۔ اس کے برعکس اجتماعی نظام، نظریات اور قومیں زیادہ طاقتور اور دیرپا ہوتی ہیں۔ بادشاہ اور حکمران اپنے محلات، ششمیر اور خزانے سمیت مٹی میں مل جاتے ہیں، لیکن عوام اور قومیں اپنی اجتماعی طاقت اور ثقافت کے ساتھ زندہ رہتی ہیں۔ جمشید جیسے باجگذار اور جاہ و جلال والے حکمران کا نام و نشان مٹ گیا، لیکن پوری تہذیب، زمین اور قوم (ایران) آج بھی تاریخ کے صفحوں اور دنیا میں موجود ہے۔ اس رباعی میں اقبال کا مقصد انفرادی پرستی یا شخصی اقتدار کی نفی کرنا اور اجتماعی خودداری، ملی وحدت اور قوم کی بقا کو دوام بخشنا ہے۔


علامہ محمد اقبال کے مندرجہ بالاشعر"امم را از شهان پاینده تر دان؛ نمی بینی که ایران ماند و جم رفت" کے تناظر میں غالب کا شعر اور بھی بامعنی ہوجاتا ہے۔ یہ کمال کا تقابلی فکری نکتہ یوں بیان کیا جاسکتا ہے۔ علامہ محمد اقبال کے اس فارسی شعر کے تناظر میں غالب کا شعر صرف انفرادی اخلاقیات سے نکل کر اجتماعی، تاریخی اور عمرانیاتی (سوشیالوجیکل) حقیقت کا روپ دھار لیتا ہے۔ جب ہم ان دونوں عظیم مفکر شاعروں کے اشعار کو ملا کر دیکھتے ہیں، تو ایک بہت گہرا سیاسی اور سماجی فلسفہ جنم لیتا ہے۔


۔۱۔ "جامِ سفال" بحیثیتِ عوام اور "جامِ جم" بحیثیتِ ملوکیت

غالب کا جامِ سفال (مٹی کا پیالہ): یہ اقبال کی اصطلاح میں "ایران" (زمین اور اس کے عوام) کی علامت بن جاتا ہے۔ عوام مٹی کی طرح سادہ، زمین سے جڑے اور مستقل ہوتے ہیں۔ اگر حکمران بدلیں یا جنگیں ہوں، تب بھی عوام (مٹی کا پیالہ) قائم رہتے ہیں؛ اور خود کو دوبارہ سنبھال لیتے ہیں۔

غالب کا ساغرِ جم (طلسماتی پیالہ): یہ اقبال کے نزدیک "شہان" (بادشاہ، ملوکیت، عارضی جاہ و جلال) کی علامت ہے۔ یہ نظام جتنا بھی چمکدار اور طاقتور نظر آئے، جب تاریخ کے ہاتھوں ٹوٹتا ہے تو اس کا نام و نشان مٹ جاتا ہے، جیسے جمشید کا اقتدار مٹ گیا۔۔۔۔

۔۲۔ بقا اور فنا کا فلسفہ (سسٹین ابیلیٹی بالمقابل ولنرابیلیٹی)۔۔

مرزا غالب نے کہا کہ مٹی کا پیالہ ٹوٹے تو بازار سے اور مل جاتا ہے، یعنی عوام کی قوتِ حیات کبھی ختم نہیں ہوتی۔ ایک نسل جاتی ہے تو دوسری اس مٹی سے جنم لے لیتی ہے۔ اقبال اسی کی تصدیق کرتے ہیں کہ سکندر اور جمشید جیسے بڑے نام اپنے مادی طلسم سمیت تاریخ کے قبرستان میں دفن ہو گئے، لیکن مٹی سے جڑی ہوئی قومیں (امم) ہزاروں سال بعد بھی زندہ ہیں۔


ہم نے اپنی تہذیب کے دو ممتاز شعراء کے الگ الگ اردو اور فارسی شعر میں فکری تسلسل کی ایک بہترین مثال پڑھی ہے، جہاں غالب کا ایک مصرعہ اقبال کے فلسفۂ خودی و اجتماعیت کا پیش خیمہ دکھائی دیتا ہے۔ آج کے پُرآشوب، مادہ پرست (اشیاء اور شخصیت پرستی) اور سوشل میڈیا کے دور میں غالب کا یہ شعر ایک عام آدمی کے لیے ذہنی سکون، معاشی بقا اور خودداری کا ایک بہت بڑا منشور بن جاتا ہے۔ اگر ہم "جامِ جم" کو آج کی لگژری اور "جامِ سفال" کو ایک عام آدمی کی سادہ زندگی مان لیں، تو یہ شعر ہمیں تین اہم پیغامات دیتا ہے:۔


۔۱۔ مادہ پرستی اور برانڈز کی دوڑ سے نجات (کنزیومرازم سے آزادی)۔

آج کا انسان اس لیے پریشان ہے کیونکہ وہ "ساغرِ جم" (مہنگے برانڈز، پرتعیش گاڑیوں، اور دکھاوے کی زندگی) کے پیچھے بھاگ رہا ہے۔ چنانچہ اگر آپ کے پاس عام مٹی کا پیالہ (سادہ اور سستی چیزیں) ہے، تو اس پر قناعت کریں۔ مہنگی چیزوں کا ٹوٹنا، کھونا یا چوری ہونا انسان کو ڈپریشن میں مبتلا کر دیتا ہے، جبکہ سادہ زندگی انسان کو ذہنی سکون دیتی ہے۔۔

۔۲۔ سوشل میڈیا کی جھوٹی چمک دمک سے دوری (سوشل میڈیا کا دھوکا)

سوشل میڈیا (انسٹا گرام /ٹک ٹوک) آج کے دور کا "جامِ جم" ہے، جہاں ہر کوئی اپنی زندگی کو طلسماتی، پرفیکٹ اور چمکدار دکھانے کی کوشش کر رہا ہے۔ عام آدمی اسے دیکھ کر احساسِ کمتری کا شکار ہو جاتا ہے۔ چنانچہ پیغام یہ ہے کہ آج کی طلسماتی دنیا انتہائی نازک ہے۔ اس جھوٹی چمک کے مقابلے میں آپ کی مٹی جیسی حقیقی، مخلص اور زمین سے جڑی ہوئی سادہ زندگی (جامِ سفال) ہزار درجہ بہتر ہے۔۔

۔۳۔ معاشی بحران میں لچک اور بقا (معاشی ابتری میں لچک)۔۔

جب معاشی حالات خراب ہوتے ہیں تو بڑے بڑے کاروبار اور قارون جیسے اثاثے (جامِ جم) ڈوب جاتے ہیں اور لوگ اس صدمے کو برداشت نہیں کر پاتے۔ چنانچہ پیغام یہ ہے کہ جو انسان مٹی کا بن کر رہتا ہے، عاجزی اختیار کرتا ہے اور زمین سے جڑا رہتا ہے، وہ ہر مشکل حالات کا مقابلہ کر لیتا ہے۔ اگر وہ معاشی طور پر گرتا بھی ہے، تو مٹی کا پیالہ ہونے کی وجہ سے دوبارہ کھڑا ہو جاتا ہے (اور بازار سے لے آئے اگر ٹوٹ گیا)۔ اس کے اندر لچک (لچک) ہوتی ہے۔

خلاصہ یہ کہ غالب آج کے انسان کو "دکھاوے کی مہنگی غلامی" سے نکال کر "سادگی کی آزاد زندگی" جینے کا درس دے رہے ہیں۔


جب ہم غالب کے اس مصرعے کو علامہ اقبال کے شعر ("امم را از شهان پاینده تر دان؛ نمی بینی که ایران ماند و جم رفت") کے تناظر میں آج کے انسان کو دیکھتے ہیں، تو یہ ایک بہت بڑے سماجی، سیاسی اور نفسیاتی پیغام میں بدل جاتا ہے۔ آج کے دور کے عام انسان کے لیے اس مشترکہ فکر میں تین بڑے پیغامات ہیں:۔

۔۱۔ نظام اور اشرافیہ کے خوف سے آزادی (عام آدمی کو تقویت دینا)۔

آج کا عام آدمی اکثر بڑی طاقتوں، سیاسی بحرانوں اور مقتدر طبقے (ایلیٹ کلاس) کے دبدبے کو دیکھ کر خود کو بے بس محسوس کرتا ہے۔

اقبال اور غالب کا مشترکہ پیغام: تاریخ گواہ ہے کہ بڑے بڑے سرمایہ دار، جابر حکمران اور فرعون صفت نظام (ساغرِ جم) جب ٹوٹتے ہیں تو تاریخ کے قبرستان کا حصہ بن جاتے ہیں۔ لیکن زمین سے جڑے عام لوگ (جامِ سفال/ عوام) ہر دور میں قائم رہتے ہیں۔ اس لیے عام آدمی کو خود کو کمزور نہیں سمجھنا چاہیے؛ اصل طاقت مٹی (عوام) کے پاس ہے۔۔

۔۲۔ لچک اور دوبارہ اٹھ کھڑے ہونے کی طاقت (لچک بمقابلہ نزاکت)

آج کی بڑی بڑی کارپوریشنز یا سرمایہ دارانہ نظام بظاہر بہت مضبوط دکھتے ہیں، لیکن وہ شیشے کے محل کی طرح نازک ہیں۔ ذرا سا بڑا جھٹکا انہیں ہمیشہ کے لیے تباہ کر دیتا ہے۔

اقبال اور غالب کا مشترکہ پیغام: عام عوام مٹی کے پیالے کی طرح لچکدار (اور باہمت) ہوتے ہیں۔ مٹی کا پیالہ اگر ٹوٹ بھی جائے، تو مٹی کو دوبارہ گوندھ کر نیا پیالہ بنایا جا سکتا ہے؛ معاشرہ نئے سرے سے کھڑا ہو جاتا ہے (اور بازار سے لے آئے اگر ٹوٹ گیا)۔ عام آدمی کے پاس ہر معاشی یا سماجی بحران سے ابھرنے کی وہ قدرتی طاقت ہے جو بڑے محلات کے پاس نہیں ہوتی۔۔۔

۔۳۔ 'وی آئی پی کلچر' اور احساسِ کمتری کا خاتمہ (اشرافیہ کلچر کو مسترد کرنا)۔

آج کا انسان طاقتور لوگوں کی عارضی چمک دمک، پروٹوکول اور 'وی آئی پی کلچر' دیکھ کر احساسِ کمتری کا شکار ہو جاتا ہے۔

اقبال اور غالب کا مشترکہ پیغام: وہ عروج جو تمہیں بہت اونچا اور طلسماتی دکھائی دے رہا ہے، وہ جمشید کے تخت کی طرح فانی (مٹ جانے والا) ہے۔ تم اپنی مٹی، اپنی جڑوں اور اپنی سادگی سے جڑے رہو۔ تمہارا یہ سادہ وجود اس کھوکھلے اور نازک 'شاہی' ٹھاٹ باٹھ سے ہزاروں گنا پائیدار اور معزز ہے۔

اختتامی کلمات

آج شومئی قسمت سے قوم پاکستان کا اسی ۸۰ واں یومِ آزادی بھی ہے۔ ضروری ہے کہ ہم اس دن کے حوالے سے کچھ پیغام ازبر کرلیں۔ غالب اور اقبال مل کر آج کے عام انسان کو یہ یقین دلاتے ہیں کہ "تم کوئی معمولی مٹی کا کھلونا نہیں ہو جسے مٹا دیا جائے، بلکہ تم وہ مٹی (قوم) ہو جو تاریخ بناتی ہے، جبکہ بڑے بڑے جاہ و جلال والے مٹی میں مل جاتے ہیں۔ اور علامہ محمد اقبال سے زیادہ واضع پیغام کون دے سکتاہے؟


خریدیں نہ ہم نعمتِ خانۂ شرق

کہ روشن ہے شمعِ فرنگِ فرونی

سکندر بہ تدبیر و شمشیر و زور

بہ دست آورد آئینہء جمشیدی

اس کا مفہوم (مغربی مادی تہذیب و عقل کی چمک دمک کے پیچھے نہ بھاگو، مادی حکمران (سکندر) تو تدبیر اور تلوار کے زور سے ظاہری سلطنت (آئینہ) حاصل کرتے ہیں، جبکہ مومن کا دل ایمان کے نور سے خود کائنات کا راز بن جاتا ہے)۔ مومن کا دل خودی کی شانِ برتری سےمعجزن عروج آدم اورکمال انسانیت کی تڑپ رکھتا ۔ علامہ محمد اقبال کا کلام سے ہمیشہ مادی طاقت (جس کی علامت سکندر ہے) انسانی اصل روحانی بصیرت اور دل کی بیداری کے سامنے ہیچ نظر آتی ہے۔

اے برادرانِ قوم؛ "نگاہِ فقر میں شانِ سکندری کیا ہے"؛ فقر یا درویشی جو اللہ پر توکل سکھاتی ہے، اس کی نظر میں سکندر اعظم کی مادی شان و شوکت کی کوئی حیثیت نہیں، کیونکہ قیصر و کسریٰ کی ایسی بادشاہت جو عوام کے ٹیکس (خراج) کی محتاج ہو، وہ تو خود ایک قسم کی گداگری ہے۔ اپنا مقام سمجھو اور پہچانو۔ اور اپنے دلِ مومن کو تقویت دو کہ وہ ایسا روشن قلب ہے، جس میں اللہ کی معرفت، توحید اور عشقِ رسولﷺ کا نور بستا ہے۔ یاد رہے کہ ہم نے یہ ملک مدینہ ثانی کی تعمیر کے لیے حاصل کیا تھا۔

اے قوم پاکستان؛ اللہ تعالی سےعہد کا پاس رکھو؛ بالکل اس طرح جیسے اس نے قوم قریش کو یاد کرایا تھا کہ " انہیں سردیوں اور گرمیوں کے (تجارتی) سفر سے مانوس کر دیا ۔ پس انہیں چاہئے کہ اس گھر (خانہ کعبہ) کے رب کی عبادت کریں (تاکہ اس کی شکر گزاری ہو) ۔ جس نے انہیں بھوک (یعنی فقر و فاقہ کے حالات) میں کھانا دیا (یعنی رِزق فراہم کیا) اور (ہر نوع) خوف سے امن بخشا (یعنی محفوظ و مامون زندگی سے نوازا)۔ سورۃ القریش آیات 2-4۔۔۔

اللہ کا جب کسی قوم پر غضب آتا ہے، تو وہ ان کے سرداروں اور طاقتور لوگوں کو نافرمان بنا دیتا ہے۔ یہ ناانصافی اور تکبر کی وہ حالت ہے جو قوم کی تباہی کا سبب بنتی ہے۔

سورۃ بنی اسرائیل میں ارشاد ہے: "اور جب ہم کسی بستی کو ہلاک کرنے کا ارادہ کرتے ہیں تو وہاں کے خوشحال لوگوں کو (اطاعت کا) حکم دیتے ہیں، پھر وہ اس میں نافرمانی کرتے ہیں، پس ان پر (عذاب کا) فیصلہ ثابت ہو جاتا ہے، پھر ہم اسے بالکل تباہ کر دیتے ہیں"۔ سورۃ بنی اسرائیل (سورۃ الاسراء) کی آیت نمبر 16۔۔۔

سورۃ النحل میں ایک ایسی بستی کی مثال دی گئی ہے جو امن و اطمینان سے تھی اور ہر جگہ سے رزق آ رہا تھا، پھر انہوں نے اللہ کی نعمتوں کی ناشکری کی، تو اللہ نے ان کے کرتوتوں کی وجہ سے انہیں بھوک اور خوف کا لباس چکھا دیا۔

اللہ کریم ہمیں اس دنیا کی زندگی میں ایسے اعمال کی توفیق دے جو ہمیں فلاحِ عظیم سے ہمکنار فرمائے۔ ہمارے وطن کی خیرہو اور سرزمینِ پاک پر اپنی حاکمیت اعلی قائم کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین ثم آمین

0
279
Delta Airlines Harlingen Office

Delta Airlines Harlingen Office

https://lh3.googleusercontent.com/a/ACg8ocL6XDxkproK12rbOD5WaT6RYqpsE1jEU2ShXA8ol70ezG4SdQ=s96-c
Fiora Jasmie
12 minutes ago

Water Eject: How to Remove Water from Your Speaker

defaultuser.png
john
1 hour ago
EE88: Exploring Modern Online Entertainment and Digital Gaming

EE88: Exploring Modern Online Entertainment and Digital Gaming

defaultuser.png
Remington88
1 hour ago

Explore Creative Kitchen Cabinets Design Ideas for Your Home

A well-planned kitchen cabinets design can transform the appearance and functionality of y...

defaultuser.png
Grayson
1 hour ago
شامِ شہرِ یاراں: آستیں کے ایناکونڈا

شامِ شہرِ یاراں: آستیں کے ایناکونڈا

1714584133.jpg
Muhammad Asif Raza
2 hours ago