دل لَرزتا ہے حریفانہ کشاکش سے ترا زندگی موت ہے، کھو دیتی ہے جب ذوقِ خراش

Allama Dr Muhammad Iqbal was the great mystic Poet of the Sub Continent India-Pakistan. Iqbal is also the philosopher of East and national poet of Pakistan. This write up in Urdu "دل لَرزتا ہے حریفانہ کشاکش سے ترا؛ زندگی موت ہے، کھو دیتی ہے جب ذوقِ خراش" is an explanation of the Iqbal's verse with the help of various verses of Iqbal, keeping the main theme in focus.

Dec 05, 2025 - Muhammad Asif Raza

بِسۡمِ ٱللهِ ٱلرَّحۡمَـٰنِ ٱلرَّحِيمِ

اللہ کے نام سے شروع جو بڑا مہربان نہایت رحم کرنے والا ہے


دل لَرزتا ہے حریفانہ کشاکش سے ترا

زندگی موت ہے، کھو دیتی ہے جب ذوقِ خراش


مندرجہ بالا شعر حکیم اُلامت علامہ محمد اقبالؒ کی کتاب ضربِ کلیم کی نظم "مدرسہ" سے لیا گیا ہے۔ اس شعر میں اقبال مسلم جوان کو پیغام دے رہے ہیں کہ اے نوجوان! تیرا دل باطل سے حریفانہ کشاکش سے خوفزدہ ہے؛ اور تجھے باطل سے ٹکرانے سے موت نظر آتی ہے؛ تو کیا تُو نہیں جانتا کہ اللہ تعالی نے تجھے تحفہ زندگی عطا ہی اس لیے کی ہے کہ تو تقوی اختیار کرکے اللہ تعالی کی حاکمیت اعلی کو زمین پر قائم کرے اور نہیں تو تیری حیات موت سے کیسے بہتر ہے؟ کیونکہ جس دل میں باطل سے کشاکش کا ذوقِ اس لیے خالی ہوکہ خراش یا نقصان کا خدشہ ہو تو وہ انسان چلتا پھرتا مردہ ہے۔ 


اس پر مزید گفتگو کرنے سے پہلے ذرا دیکھیں تو سہی کہ علامہ محمد اقبالؒ کی کتاب ضربِ کلیم کی نظم "مدرسہ" کا مرکزی خیال اور پیغام کیا ہے؟ اسلامی تہذیب اور تمدن میں "مدرسہ" کی خاص اہمیت ہے۔ اسلام میں "مدرسہ" اسلامی تہذیبی ورثے کے بنیادی جز تعلیم و تربیت کی ترویج اور تحفظ میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ یہ مدرسہ ہی ہونا چاہیے، جو دینی؛ دنیاوی اور اخلاقی تعلیم (جس کی بنیاد قرآن، حدیث، اسلام کے ستون ہوں) کو فراہم کرکے نئی نسل کو مستقبل کی رہنماؤں (علماء؛ سیاستدان، عنان حکومت، فوج، اہل علم و دانش) کی کھیپ فراہم کرے۔ ہمیں یہ بات ذہن نشین کرنا ہوگا کہ مدرسہ اسلامی تہذیب میں تعلیم و تربیت کا مرکز ہوتا ہے اور کسی تہذیب اور تمدن کی نمو، بقا اور ترقی علم کے گہواروں سے سوا ممکن ہی نہیں ہے۔ اور آج امتِ مسلمہ کے زوال کی وجہ اغیار کا تعلیمی نظام ہے؛ جسےمسلمان قوموں نے باجبر اور بارضا اختیار کر رکھا ہے۔ 

کیا برصغیر ہند کے مسلم مرد و عورت اور ملت اسلامیہ کی صورتحال میں علامہ محمد اقبالؒ کی نظم "مدرسہ" کے بعد سے سو سال میں کوئی فرق آیا ہے؟ علامہ محمد اقبالؒ چونکہ حکیم الامت بھی ہیں تو حکیم نے دیکھ لیا تھا کہ مسلم قوم مغربی نظام تعلیم اپنا رہی ہے اور اسلام کا تعلیمی مرکز "مدرسہ" بھی اپنی کام سے دور ہوگیا ہے۔ علامہ محمد اقبالؒ نے اس نظم "مدرسہ" اور متعدد کئی اور نظموں میں مدرسہ کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے اسلام کی روح کے مطابق علم اور تدریس کی ترویج اور فراہمی کی جانب رہنمائی کی۔ 

 ہماری بصارت کی حد تک کائنات میں ہماری زمین وہ واحد سیارہ ہے جہاں زندگی بسی ہوئی ہے۔ زندگی کی نیرنگی حیران کن ہے اور اس حیرت کدہ میں ہم انسان بطور اشرف المخلوقات آباد ہیں۔ اے وطنِ عزیز کے لوگو؛ علامہ محمد اقبالؒ نے ایک صدی قبل غلام ہندوستان کے مسلمان کے لیے "مثنوی پس چه باید" کی نظم " فقر، " میں کہا تھا کہ "اس ملک کا مسلمان اپنے آپ سے نا امید ہے — عمر گذر گئی مگر انہوں نے کوئی باخدا مرد نہیں دیکھا"۔ مزید کہا ہے کہ " لا محالہ وہ دین کی قوت سے بدظن ہے— وہ خود ہی اپنے کاروان کے لیے رہزن بنا ہوا ہے"۔ حکیم نے بیماری کا سبب بیان کیا کہ " تین سو سال [اب چار سو سال ہوگئے] سے یہ امت زبوں حال ہے — اور بغیر اندرونی سوز و سرور کے دن بسر کر رہی ہے"۔ اور پھر وجہ بھی بتا دی کہ " مسلمان پست فکر ، کم ہمت اور کور ذوق ہو چکا ہے — اس کے تعلیمی ادارے اور علما، سب شوق سے محروم ہیں"۔

 علامہ محمد اقبالؒ کا سارا کلام غلام ہندوستان میں رہتے ہوئے سارے عالمِ اسلام کے دگرگوں حالات کے مشاہدے سے وجود پذیر ہوا تھا؛ مگر کیا آج محمد اقبالؒ کی رحلت کے تقریبا" ستاسی سال بعد بھی عالم اسلام اُسی حالت غلامی میں مگن مسرور اورمست ہے۔ فرق صرف اتنا پڑا ہے کہ پہلے ملک ہی غلام تھا؛ اب آزاد ہے مگر فرد اور قوم غلاموں سے بھی بدتر زندگی جی رہے ہیں۔ کیا یہ درست نہیں ہے؟


اب چلتے ہیں اپنے نفسِ مضمون شعر پر جو محمد اقبالؒ کی انتہائی مشہور کتاب "ضربِ کلیم" کی نظم "مدرسہ" سے لیا گیا ہے۔ علامہ محمد اقبالؒ نے اس نظم "مدرسہ" کے ذریعے بتایا تھا کہ انگریز کے قائم کردہ فاسد نظام کی چمک دمک اور مسلم قوم کی شکم پرستی نے ان کو بزدل اور مرعوب کر دیا۔ نتیجتا" وہ اس نظام کے خلاف آواز اٹھانے سے ڈر گیا اور جی چراتا رہا۔ باطل نظام سے مرعوبیت و خوف اور اپنے ذاتی مفاد کی وجہ سے تعلیم کے بارے میں اسلامی نقطۂ نظر کو پیش کرنے سے کترا گیا۔ جو شخص حق و باطل اور فاسد و صالح طریقوں میں فرق کرنے کا شعور کھو دے اور حق و صالح نظام کے لئے تکالیف اور مصائب برداشت کرنے سے فرار کی راہ اختیار کرے؛ وہ شخص زندگی کے تمام طبعی عناصر ہونے کے باوجود مردہ اور بےروح ہوتا ہے۔


علامہ محمد اقبالؒ نے اس شعر "دل لَرزتا ہے حریفانہ کشاکش سے ترا؛ زندگی موت ہے، کھو دیتی ہے جب ذوقِ خراش" میں پیغام دیا ہے کہ آج اسلامی دنیا میں تعلیم بشول مدرسہ کے، دور حاضر میں طالب علم کو صرف روزی کمانے کی فکر میں لگائے رکھتی ہے؛ اور علم کے اصل مقصد سے بےگانہ رکھتی ہے۔ اس لیے تعلیمی اداروں اور مدرسوں میں پڑھنے والا طالب علم زندگی میں مقابلے کی کھینچا تانی سے گھبراتا ہے؛ جس کی وجہ سے اس میں زندگی کی تکالیف اٹھانے کی سکت باقی نہیں رہتی ۔ جس کے نتیجے میں اس کی زندگی ، زندگی نہیں رہتی موت بن جاتی ہے ۔ ایسی زندگی جس میں مسلمان کا اصل مقاصد حیات [ اللہ تعالی کی حاکمیت اعلی کو قائم کرنا ] کے حصول کی تڑپ نہیں ہوتی بلکہ صرف اتنی فکر ہوتی ہے کہ تعلیم حاصل کرکے، کسی طرح کہیں ملازمت یا روزگار مل جائے۔


عصرِ حاضر مَلک الموت ہے تیرا، جس نے

 قبض کی رُوح تری دے کے تجھے فکرِ معاش

علامہ محمد اقبالؒ نے ضربِ کلیم کی نظم "مدرسہ" کے مطلع میں فرمایا ہے کہ انگریزوں نے جو تعلیمی نظام ہندوستان میں نافذ کیا ہے اس کا ایک ہی مقصد ہے کہ کس طرح غلامانہ ذہنیت رکھنے والے لوگوں کی ایک نسل تیار کی جائے جو صرف اپنے معاش اور شکم پرستی کی فکر میں مبتلا ہو۔ اس نظام نے خالقِ کائنات سے تعلق رکھنے والی روح اور اپنی خودی و کائنات میں غور و فکر کرنے والے شعور کو مردہ کر دیا ہے۔ یعنی اس نظام نے نوجوانوں کی روح قبض کر لی ہے اور اسکو فکرِ معاش کے زہر کے ذریعہ موت کی نیند سلا دیا ہے۔ اس مدعا کو علامہ نے ایک اور شعر میں یوں بھی بیان کیا ہے:-۔

وہ عِلم نہیں، زہر ہے احرار کے حق میں

 جس علم کا حاصل ہے جہاں میں دو کفِ جوَ

علامہ محمد اقبالؒ نے ضربِ کلیم کی ایک نظم "محراب گل افغان کے افکار" کے مندرجہ بالا شعر میں فرمایا ہے کہ مغربی علوم جو ہماری تعلیمی درسگاہوں میں پڑھائے جاتے ہیں ان کا مقصد طالب علموں کو روح سے آشنا کرانا نہیں؛ بلکہ جسم اور بدن پالنے کے طریقے سکھانا ہے ۔ ہمارے مدرسے جو تعلیم دے رہے ہیں وہ تن پروری اور شکم بھری کے لیے ہے ؛ اور انسانی اقدار پیدا کرنے کے لیے نہیں ہے ۔ یہ علم بندہ آزاد کے حق میں زہر کا کام کرتا ہے ۔ اسکے اندر سے آزادی کے جذبے کو کھینچ کر لے جاتا ہے اور اسے پیٹ کی غلامی اور اسکی وجہ سے اسے حکومتی سرکار کی غلامی کرنا سکھاتا ہے ۔ یہ علم صرف دو جو کی روٹیوں کے لیے پڑھایا جاتا ہے ۔ یعنی تن پروری اور شکم پروری اور نوکری چاکری کرنے کے سوا اور کوئی فایدہ نہیں ۔ اس سے پیٹ بھرنے کے طریقے تو آ جاتے ہیں لیکن سینہ بے نور ہو جاتا ہے ۔ تن تو سجا لیا جاتا ہے مگر من؛ دل اور روح میلا ہو جاتا ہے۔ اور جدید علم پڑھے ہوئے مسلمان اپنی اسلامی اقدار سے ناواقف انسان نما حیوان بن جاتے ہیں۔ 


علامہ محمد اقبالؒ دیکھ رہے تھے کہ مسلم امت میں ایسے گروہوں کو ابھارا گیا جو مسلم تاریخ کو مسخ کررہے تھے؛ جو انگریز کو خدا کی مقبول قوم بتارہا تھا؛ جوسائنسی ترقی میں بڑھ گیا تھا؛ چنانچہ جتوایا گیا کہ مغربی تہذیب برتر اور اعلی بھی تھا؛ اور مغربی تمدن اور ثقافت نجات کا راستہ قرار دیا گیا تھا۔ لیکن علامہ محمد اقبالؒ جانتے تھے کہ مسلم امت اس راستے پر چل کر سوائے تباہی کے کچھ اور نہ پائے گی۔ علامہ محمد اقبالؒ جانتے تھے کہ سب سے پہلے مسلم قوم کو اپنی روح اور خودی کو بلند کرنا ہوگا۔ قعر مذلت میں گھری قوم کو سب سے پہلے اپنی خودی کو جگانا ہوگا اور سر اٹھا کر چلنا سیکھنا ہوگا۔ 


 حکیم الامت علامہ محمد اقبالؒ نے کتاب "بالِ جبریل" کی غزل کے ایک شعر میں پغام دیا ہے کہ "برہنہ سر ہے تو عزمِ بلند پیدا کر؛ یہاں فقط سرِ شاہیں کے واسطے ہے کُلاہ"۔ 

 حکیم الامت اقبالؒ کا پیغام ہے کہ اپنے سر پر کامیابی کا تاج رکھنا ہو [ ایسی کامیابی جو دین اور دنیا دونوں میں ہو] تو پھر اپنے عزائم اور حوصلے بلند رکھ کہ بلند پروازی شاہین کی روایت ہے تو بھی شاہین کی پیروی کر۔


علامہ محمد اقبالؒ نے اپنی کتاب "ارمغان حجاز" کی نظم "آواز غیب" میں مسلم امت اور قوم کو؛ جو عزم بلند کی حامل ہو؛ اور اسلام کی نشاطِ ثانیہ کا خواب دیکھتی ہو؛ تو اس کی تعبیر کا راستہ دکھایا۔ ذیل میں کچھ اشعار کو پیش کیا جاتا ہے۔ 


آتی ہے دمِ صبح صدا عرشِ بریں سے

کھویا گیا کس طرح ترا جوہرِ ادراک!

آسمانوں سے بھی کہیں آگے موجود اللہ تعالٰی کے تخت کے جانب سے آج کے مسلمانوں کو غیب کی ایک صدا صبح کے وقت پوچھتی ہے کہ اے مرد مسلمان تیرے اندر کائنات سے استفادہ کرنے کا جو جوہر یا قوت کبھی موجود تھی وہ آج کیوں نہیں ہے۔ وہ علم اور شعور جس سے کبھی تو کائنات میں تصرف کرتا تھا اب تجھ میں کیوں موجود نہیں۔

کس طرح ہُوا کُند ترا نشترِ تحقیق

ہوتے نہیں کیوں تجھ سے ستاروں کے جگر چاک

کبهی تحقيق کے میدانوں میں تو سرگرم عمل تھا اور تو زندگی کے مختلف شعبوں میں نئی نئی ایجادات اور تحقیقات کے کرشمے لوگوں کو دکھاتا تھا لیکن آج کیا ہوا۔ تحقیق کے نشتر کی دھار آج تیز کیوں نہیں۔ آج تو اس میدان میں سرگرم عمل نہیں ہے۔ دوسری اقوام کائنات کی مختلف اشیاء کی تسخیر اور تحقیق میں پیش پیش ہیں۔ چاند، سورج اور ستاروں تک کی طاقتوں سے فائدہ اٹھا رہی ہیں؛ لیکن تجھ کو کیا ہو گیا ہے۔ تجھ میں ان کو تسخیر کرنے اور ان قوتوں کو کام میں لانے کی استعداد کیوں موجود نہیں۔

تُو ظاہر و باطن کی خلافت کا سزاوار

کیا شُعلہ بھی ہوتا ہے غلامِ خس و خاشاک

اے مسلمان اللہ نے تو تجھے کائنات کی ظاہری اور باطنی دونوں قسم کی خلافت عطا کی تھی اور تجھے دنیاوی و روحانی دونوں طرح سے اپنا نائب بنا کر بھیجا تھا اور تجھے اپنی نیابت کا اہل سمجھا تھا لیکن آج تجھے کیا ہوا ہے؛ بجائے اس کے تو اس کائنات پر حکمران ہوتا تو ان کا غلام بن چکا ہے۔ کیا کسی نے کبھی دیکھا ہے کہ آگ کو گھاس اور تنکے بجھا دیں لیکن تیری صورت میں یہ انہونی ہو چکی ہے اور تو ہر شعبہ زندگی میں غلاموں کی سی بے بسی کی زندگی گزار رہا ہے۔

مِہر و مہ و انجم نہیں محکوم ترے کیوں

کیوں تیری نگاہوں سے لرزتے نہیں افلاک

اللہ تعالٰی نے تو تجھ میں اپنا خلیفہ بنانے کی صورت میں ایسی قوتیں رکھی ہوئیں ہیں کہ جن سے تو آسمان، سورج، چاند اور ستاروں کو اپنے بس میں کر سکتا ہے لیکن آج یہ کیا ہو گیا ہے کہ تیری اس نگاہ سے یہ چیزیں کیوں نہیں کانپ رہی اور کیوں وہ خدشہ محسوس نہیں کر رہیں کہ تو ان کو اپنا غلام بنا سکتا ہے اور ان کی قوتوں کو اپنی مرضی کے مطابق استعمال کر سکتا ہے۔

اب تک ہے رواں گرچہ لہُو تیری رگوں میں

نے گرمیِ افکار، نہ اندیشۂ بے باک

اگرچہ تو زندہ ہے اور تیری رگوں میں خون دوڑ رہا ہے لیکن کیا بات ہے کہ نہ تیرے خیالات میں کوئی حرارت ہے اور نہ ہی تیری سوچ میں کوئی بے خوفی ہے۔

روشن تو وہ ہوتی ہے، جہاں بیں نہیں ہوتی

جس آنکھ کے پردوں میں نہیں ہے نگَہِ پاک

جس آنکھ کے پردوں کے پیچھے وہ نظر نہ ہو جو عشق حق میں دھل کر پاک ہو چکی ہو اور کائنات میں ان چیزوں کو دیکھنے سے رکی ہو جن کو دیکھنے سے حق تعالٰی نے منع کیا ہے وہ آنکھ تو ضرور کہلاتی ہے اور اس میں دیکھنے کی صلاحیت بھی ہوتی ہے لیکن وہ دنیا کے معاملات اور اونچ نیچ کی حقیقت کو سمجھنے کے قابل نہیں ہوتی۔

باقی نہ رہی تیری وہ آئینہ ضمیری

اے کُشتۂ سُلطانی و مُلّائی و پیری!

اے مسلمان کبھی تیرا ضمیر آئینے کی طرح شفاف ہوتا تھا اور تو اس میں اچھائی اور برائی کے فرق کو دیکھ کر ہمیشہ برائی سے بچا ہوا اور اچھائی پر مائل رہتا تھا لیکن اب تجھ میں وہ قوت نہیں رہی اور اسی وجہ سے تو نیکی اور اچھائی کو چھوڑ کر بدی اور برائی کی طرف مائل رہتا ہے اگر تیرا ضمیر زندہ ہوتا تو پھر تو بادشاہ، نام نہاد ملا اور جعلی پیروں کے فریب میں مبتلا نہ ہوتا۔ اگر تجھے معلوم ہوتا کہ اصلی بادشاہی، اصلی ملائی اور اصلی پیری کیا ہے تو ان جعل سازوں کے فریب میں گرفتار ہونے کی بجائے ان کا احتساب کرتا۔ خلق خدا کو لوٹنے والے ان جعل سازوں، پیشہ وروں اور جابروں سے خود بھی بچتا اور دوسروں کو بھی بچاتا۔

(شرح اسرار زیدی)


کی محمد ﷺ سے وفا تو نے تو ہم تیرے ہیں

یہ جہاں چیز ہے کیا، لوح و قلم تیرے ہیں

کیا آج ہم امت مسلمہ نہیں جانتی کہ ہمارا نصب العین حیات کیا ہے؟ کیا علامہ اقبال نے واضع نہیں کیا کہ اگر قوم مسلم نے حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ سے وفا کی؛ یعنی سنت رسول کی پیروی کی؛ تو اللہ بھی ہمارا ہوگا؟ یہ جہاں تو کوئی شے ہے ہی نہیں بلکہ لوح و قلم بھی تیرے ہو جائیں گے۔ یعنی ساری دنیا تیرے سامنے سرنگوں ہو جائے گی۔ مگر ہائے افسوس کہ ساری کی ساری امت مسلمہ مغربی تہزیب کے آگے سجدہ ریز ہے۔ علامہ محمد اقبالؒ نے دریا کو کوزے میں بند کرتے ہوئے پیغام دیا کہ اگر مسلمان حضورنبی کریم ﷺ کے اسوہ حسنہ پر کماحقہ عمل کریں تو صرف یہ دنیا ہی نہیں بلکہ پوری کائنات مسلمانوں کے آگے جھک جائے گی۔

عزیزان وطن؛ یہ اللہ سبحان تعالی کا احسان ہے کہ ہمیں آقائے دوجہاں، شافع محشر، امام المرسلین، رحمت اللعالمین محمدﷺ کا امتی بنایا، اور یہ احسان بھی کیا کہ ہمیں آزادی کی نعمت کے ساتھ ریاست اسلام کا شہری پیدا کیا۔ اب ضرورت صرف اس ریاست کو اللہ تعالی کی حاکمیت اعلی یعنی قرآن اور سنتِ رسولﷺ کے تابع کرنا ہے۔ اللہ رب کریم ہمیں آقا محمدﷺ کی کامل غلامی عطا فرمائے؛ ہمیں اغیار کی فکری اور معاشی غلامی سے نجات عطا فرمائے؛ اور اس قابل فرمائے کہ کل روز قیامت اللہ تعالی کےحضور آپنے آقا محمدﷺ کے سامنے شرمندہ نہ ہوں۔ اللہ تعالی ہمارا حامی و ناصر ہو۔ آمین ثم آمین

اللهم صل على محمد و على آل محمد كما صليت على ابراهيم و على آل ابراهيم انك حميد مجيد 🌹

اللهم بارك على محمد و على آل محمد كما باركت على ابراهيم و على آل ابراهيم انك حميد مجيد 🌹

NOTE: یہ تحریر آزاد ویب نیٹ پر موجود مختلف ذرائع سے دستیاب مواد کی مدد سے مرتب کی گئی

More Posts