Skip to content
Muhammad Asif Raza 9 minutes ago
Muhammad Asif Raza

"انتخابِ دلِ عارفِ زمانہ"

In an age of digital distraction and deep moral crisis, true wisdom lies in becoming an Arif-e-Zamana—a conscious observer who looks inward to choose light over darkness. Weaving together Quranic wisdom on free will, Iqbal’s spiritual vision, and Steinbeck’s timeless philosophy of Timshel ("Thou Mayest"), this Urdu essay "انتخابِ دلِ عارفِ زمانہ" reflects on the pivotal choices facing both the individual soul and the nation. As Pakistan approaches its eightieth year, it "انتخابِ دلِ عارفِ زمانہ" issues an urgent call to leaders and citizens alike to ignite the lamp within and return to the foundational ideals of justice, faith, and sacred tradition.

أَعُوذُ بِاللّٰهِ مِنَ الشَّيْطَانِ الرَّجِيمِ

بِسۡمِ ٱللهِ ٱلرَّحۡمَـٰنِ ٱلرَّحِيمِ

اللہ کے نام سے شروع جو بڑا مہربان نہایت رحم کرنے والا ہے


"انتخابِ دلِ عارفِ زمانہ"


ادبی اور فکری روایت میں "عارفِ زمانہ" اُس صاحبِ بصیرت اور باخبر انسان کو کہا جاتا ہے جو اپنے عہد کے مزاج، معاملاتِ دنیا اور وقت کے تقاضوں کا گہرا ادراک رکھتا ہو۔ لیکن سوال یہ ہے کہ کیا ہر انسان کو اپنے اردگرد کے حالات و واقعات کا عرفان نہیں ہونا چاہیے؟ آج کے ڈیجیٹل دور میں جہاں ساری زمین ایک عام آدمی کی ہتھیلی میں سمٹ کر آ گئی ہے اور وہ پلک جھپکتے ہی خود سے ہزاروں میل دور ہونے والے واقعے کا براہِ راست مشاہدہ کر لیتا ہے، تو آخر اسے اپنی ذات میں جھانکنے اور عرفانِ ذات حاصل کرنے میں کیا مانع ہے؟ اس تیز رفتار دور میں ہر بالغ مرد و زن کو حقیقی معنوں میں عارفِ زمانہ ہونا چاہیے؛ کیونکہ آج اسی عام انسان کی غفلت کی آڑ میں دنیا بھر میں کچھ بدنیت، بدقماش اور غاصب ابلیسی قوتیں پوری انسانیت کی تقدیر سے کھیل رہی ہیں۔ عام انسان خود بھی اس کا شکار ہو کر متاثر ہوتا ہے، مگر افسوس کہ وہ اس حقیقت سے غافل رہتا ہے۔ یہ غفلت نہ صرف افسوسناک ہے بلکہ تباہ کن بھی۔

حالانکہ انسان تو اللہ سبحانہ و تعالیٰ کی تخلیق کا سب سے خوبصورت فن پارہ ہے۔ خالقِ کائنات نے خود اس کی عظمت کی گواہی دیتے ہوئے فرمایا ہے:۔۔

لَقَدْ خَلَقْنَا الْإِنسَانَ فِي أَحْسَنِ تَقْوِيمٍ (سورۃ التین: 4)۔۔

(بے شک ہم نے انسان کو بہترین ساخت اور بہترین اعتدال پر پیدا کیا ہے)


اور پھر اسی انسان کو شعور، شرحِ صدر اور حق گوئی کا سلیقہ سکھاتے ہوئے یہ عظیم دعا عطا فرمائی:۔۔

رَبِّ اشْرَحْ لِي صَدْرِي ﴿٢٥﴾ وَيَسِّرْ لِي أَمْرِي ﴿٢٦﴾ وَاحْلُلْ عُقْدَةً مِّن لِّسَانِي ﴿٢٧﴾ يَفْقَهُوا قَوْلِي (سورۃ طٰہٰ: 25-28)

(اے میرے رب! میرے لیے میرا سینہ کھول دے۔ اور میرے لیے میرا کام آسان فرما دے۔ اور میری زبان کی گرہ کھول دے۔ تاکہ وہ میری بات سمجھیں)


مرکزِ انتخاب: مقامِ دل اور فطرتِ انسانی

انسان کے اختیار اور انتخاب کا یہ بنیادی فلسفہ قرآنِ مجید میں نہایت واضح اور مستند انداز میں بیان کیا گیا ہے۔ انسانیت کی تاریخ میں انتخاب کی یہ پہلی آزمائش حضرت آدم علیہ السلام کے قصے سے شروع ہوتی ہے، جب ابلیس کے بہکاوے نے ایک کڑا امتحان پیدا کیا تھا؛ ایک طرف ابلیس کی ترغیب پر بھٹک جانے کا راستہ تھا اور دوسری طرف قادرِ مطلق کی تنبیہ اور حکم کو یاد رکھنے کا تقاضا۔ بشری لغزش کے تحت اس لمحے اگرچہ وہ بہکاوے میں آ گئے، مگر جب اس کے بعد ندامت اور واپسی کے انتخاب کا مرحلہ آیا تو انہوں نے مایوسی یا ضد کے بجائے توبہ کو ترجیح دی اور ربِ کائنات کے حضور جھک گئے۔ قرآنِ حکیم اسی انسانی آزادی اور اختیارِ عمل کا اعلان کرتے ہوئے انسان کو راستہ دکھا کر اس کے سامنے دو راہیں رکھ دیتا ہے:۔۔۔

إِنَّا هَدَيْنَاهُ السَّبِيلَ إِمَّا شَاكِرًا وَإِمَّا كَفُورًا (سورۃ الدہر: 3)۔۔

(بے شک ہم نے اسے راستہ دکھا دیا، اب خواہ وہ شکر گزار بنے یا ناشکرا)۔۔۔


اور قرآن و سنت نے یہ راز بھی کھول دیا کہ اس تمام تر انتخاب کا اصل مرکز اور محور انسان کا دل ہوتا ہے۔ ارشادِ باری تعالیٰ ہے:۔۔

وَاعْلَمُوا أَنَّ اللَّهَ يَحُولُ بَيْنَ الْمَرْءِ وَقَلْبِهِ (سورۃ الانفال: 24)

(اور جان لو کہ اللہ تعالیٰ آدمی اور اس کے دل کے درمیان آڑ بن جاتا ہے)۔۔


اور رسولِ اکرم ﷺ نے دلوں کی اس کیفیت اور رب کی قدرت کو یوں بیان فرمایا:۔۔۔

"بنی آدم کے سارے دل ایک دل کی صورت میں اللہ تعالیٰ کی انگلیوں میں سے دو انگلیوں کے درمیان ہیں، وہ جس طرح چاہتا ہے اسے (ان سب کو) گھماتا ہے۔" اس کے بعد رسول اللہ ﷺ نے دعا کرتے ہوئے فرمایا: "اے اللہ! اے دلوں کو پھیرنے والے! ہمارے دلوں کو اپنی اطاعت پر پھیر دے۔" (صحیح مسلم: 6750)۔۔۔


اس کے ساتھ ہی نور اور ظلمت کے سرچشموں کی پہچان بھی کروا دی گئی:۔۔۔

اللَّهُ وَلِيُّ الَّذِينَ آمَنُوا يُخْرِجُهُم مِّنَ الظُّلُمَاتِ إِلَى النُّورِ ۖ وَالَّذِينَ كَفَرُوا أَوْلِيَاؤُهُمُ الطَّاغُوتُ يُخْرِجُونَهُم مِّنَ النُّورِ إِلَى الظُّلُمَاتِ ۗ أُولَٰئِكَ أَصْحَابُ النَّارِ ۖ هُمْ فِيهَا خَالِدُونَ (سورۃ البقرہ: 257)


(خدا مومنین کا دوست ہے، وہ انہیں اندھیروں سے نکال کر روشنی کی طرف لے جاتا ہے۔ اور جو لوگ کافر ہوئے ان کے حمایتی طاغوت ہیں، وہ انہیں روشنی سے نکال کر اندھیروں میں لے جاتے ہیں۔ یہی لوگ دوزخی ہیں، وہ اس میں ہمیشہ رہیں گے)۔۔۔


اسی لیے ہر مسلمان اور ہر عارفِ زمانہ کو چاہیے کہ حق پر ثابت قدمی اور باطنی نور کے لیے اس قرآنی دعا کو اپنا وظیفہ بنا لے:۔۔۔

رَبِّ أَدْخِلْنِي مُدْخَلَ صِدْقٍ وَأَخْرِجْنِي مُخْرَجَ صِدْقٍ وَاجْعَل لِّي مِن لَّدُنكَ سُلْطَانًا نَّصِيرًا (سورۃ بنی اسرائیل: 80)

(اے رب! مجھے ایسی جگہ میں داخل کیجیے جو سچائی اور بہتری کی جگہ ہو، اور مجھے سچائی کے ساتھ نکالیے، اور میرے لیے اپنے پاس سے کوئی ایسی مددگار طاقت بنا دیجیے)۔۔۔۔

تمہارے پاس انتخاب ہے (ٹمشیل)

مگر انسان ابلیس کے بہکاوے اور دنیا کی چکاچوند میں آ کر ایک عجیب کشمکش کا شکار ہو جاتا ہے۔ زندگی کے سفر میں وہ اکثر ایسے دوراہوں پر آ کھڑا ہوتا ہے جہاں مایوسی، بے بسی اور تاریکی ہر سو پھیلی ہوئی محسوس ہوتی ہے۔ لیکن کیا یہ تاریکی حتمی ہوتی ہے، یا انسان کے پاس اب بھی کچھ بدلنے کا اختیار باقی رہتا ہے؟ اس سوال کا جواب معروف امریکی مصنف جان اسٹائن بیک کے شہرہ آفاق ناول ایسٹ آف ایڈن کے ایک نہایت خوبصورت اور فکر انگیز منظر میں ملتا ہے۔

ناول کے اس منظر میں ایک کردار، "لی"، مسٹر ہیملٹن اور آدم ٹراسک کے سامنے ایک قدیم عبرانی لفظ کا ذکر کرتا ہے جس کی اصل روح تک پہنچنے کے لیے اس نے برسوں محنت کی۔ وہ لفظ تھا "ٹمشیل" — جس کا مفہوم ہے "دھاو مے یسٹ" یعنی "تمہارے پاس انتخاب ہے"۔ کتنا عجیب اور حسین خیال ہے کہ انسان کی پوری زندگی کا فلسفہ کبھی کبھی محض ایک لفظ میں سمٹ آتا ہے۔ لی اس لفظ کی گہرائی بیان کرتے ہوئے سمجھاتا ہے کہ اس کا مطلب یہ ہرگز نہیں کہ انسان ہر حال میں جیت ہی جائے گا، اور نہ ہی اس کا یہ مطلب ہے کہ اس کے راستے میں دکھ، ظلم یا کڑی آزمائشیں نہیں آئیں گی؛ بلکہ اس کا اصل اور حقیقی مفہوم یہ ہے کہ حالات چاہے کتنے ہی سخت اور کٹھن کیوں نہ ہوں، انسان کے پاس اپنے ردعمل، اپنے فیصلے اور اپنی امید کو زندہ رکھنے کا انتخاب بہرحال باقی رہتا ہے۔


یہی وہ انتخاب ہے جو انسان کی اصل پہچان بنتا ہے۔ بالکل اس معروف تمثیلی کہانی کی طرح جس میں ایک طرف دنیاوی غلاظت اور عارضی لذات پر منڈلاتی ہوئی مکھی ہے، اور دوسری طرف شمعِ حقیقت پر جان نثار کرنے والا پروانہ۔ انسان کے سامنے بھی ہمیشہ یہ دو راستے کھلے رہتے ہیں کہ آیا وہ دنیا کی عارضی چمک دمک اور نفسانی خواہشات کا اسیر ہو جائے، یا پھر خدائے پاک کے عشق میں سرشار ہو کر آقائے نامدار حضرت محمد ﷺ کی غلامی اور اتباع کا راستہ اختیار کرے۔ فیصلہ اس کے اپنے ہاتھ میں ہوتا ہے کہ وہ نور اور روشنی کا طلب گار بنتا ہے یا اندھیروں کے راج میں جینا قبول کر لیتا ہے۔ اور جب انسان شکر گزاری اور روشنی کا راستہ چننے کا ارادہ کر لیتا ہے، تو شاعرِ مشرق علامہ اقبالؒ اس انتخاب کی عملی صورت اور منزل کا پتہ یوں دیتے ہیں:۔۔۔

قوتِ عشق سے ہر پست کو بالا کر دے

دہر میں اسمِ محمدؐ سے اجالا کر دے


علامہ اقبالؒ کے اس شعر کا پیغام نہایت روشن اور واضح ہے کہ دنیا میں پھیلی ہوئی فکری، اخلاقی اور سماجی تاریکیوں کو مٹانے کا واحد ذریعہ عشقِ رسول ﷺ اور آپ ﷺ کی سیرتِ طیبہ کی پیروی ہے۔ جب انسان اپنے دل میں اس عشق کی شمع جلاتا ہے تو وہ نہ صرف اپنی پستیوں سے بلند ہو جاتا ہے بلکہ اس کا وجود پورے زمانے (دہر) کے لیے روشنی اور ہدایت کا سرچشمہ بن جاتا ہے۔


عملی زندگی کے دوراہے اور عمر کے تقاضے

حقیقت یہ ہے کہ ہر انسان کے سامنے بنیادی انتخاب کا یہ دوراہا ضرور آتا ہے کہ وہ اپنی زندگی کا مرکز اور مقصد کسے بناتا ہے—یعنی اس کا حقیقی رب کون ہے، اور وہ اپنی زندگی کس اصول کی بنیاد پر گزارے گا؟ خالقِ کائنات نے قرآنِ مجید میں تخلیقِ انسانی کا اصل مقصد واضح کرتے ہوئے ارشاد فرمایا:۔

وَمَا خَلَقْتُ الْجِنَّ وَالْإِنسَ إِلَّا لِيَعْبُدُونِ (سورۃ الذاریات: 56)

(اور میں نے جنوں اور انسانوں کو صرف اس لیے پیدا کیا ہے کہ وہ میری عبادت کریں)۔۔۔


اس مقصد کے تعین کے بعد عملی زندگی کے ہر موڑ پر انسان کو انتخاب کرنا پڑتا ہے۔ معاش کے میدان میں اس کے سامنے یہ فیصلہ ہوتا ہے کہ آیا وہ صبر و استقامت کے ساتھ رزقِ حلال کماتا ہے یا لالچ اور شارٹ کٹ کے دوسرے ناجائز ذرائع اختیار کرتا ہے؛ حالانکہ اللہ کریم نے توکل اور تقویٰ اختیار کرنے والوں سے واضح وعدہ فرما رکھا ہے:۔۔

وَمَن يَتَّقِ اللَّهَ يَجْعَل لَّهُ مَخْرَجًا ﴿٢﴾ وَيَرْزُقْهُ مِنْ حَيْثُ لَا يَحْتَسِبُ ۚ وَمَن يَتَوَكَّلْ عَلَى اللَّهِ فَهُوَ حَسْبُهُ (سورۃ الطلاق: 2-3)

(اور جو کوئی اللہ سے ڈرے گا، اللہ اُس کے لیے مشکل سے نکلنے کا کوئی راستہ پیدا کر دے گا، اور اُسے ایسی جگہ سے رزق عطا کرے گا جہاں سے اُسے گمان بھی نہیں ہوگا۔ اور جو کوئی اللہ پر بھروسہ کرے، تو اللہ اُس کا کام بنانے کے لیے کافی ہے)۔۔۔


اسی طرح، ہم میں سے اکثر اس آزمائش سے بھی دوچار ہوتے ہیں کہ جب اللہ تعالیٰ انسان کو صاحبِ ثروت، منصب یا اقتدار بنا دے تو اس کا رویہ اور برتاؤ کیسا ہونا چاہیے؟ اس نازک مقام پر بھی قرآنِ حکیم نے انسان کو غرور و سرکشی کے بجائے آخرت کی فلاح، اعتدال اور مخلوقِ خدا کے ساتھ احسان کا راستہ چننے کی رہنمائی دی ہے:۔۔

وَابْتَغِ فِيمَا آتَاكَ اللَّهُ الدَّارَ الْآخِرَةَ ۖ وَلَا تَنسَ نَصِيبَكَ مِنَ الدُّنْيَا ۖ وَأَحْسِن كَمَا أَحْسَنَ اللَّهُ إِلَيْكَ ۖ وَلَا تَبْغِ الْفَسَادَ فِي الْأَرْضِ (سورۃ القصص: 77)۔۔۔

(اور جو کچھ اللہ نے تجھے دیا ہے اس کے ذریعے آخرت کے گھر کی تلاش کر، اور دنیا سے اپنا حصہ بھی نہ بھول، اور لوگوں کے ساتھ احسان کر جیسا اللہ نے تیرے ساتھ احسان کیا ہے، اور زمین میں فساد برپا کرنے کی کوشش نہ کر)۔۔۔


کیونکہ اگر صاحبِ اختیار و اقتدار لوگ ظلم اور جبر کا انتخاب کریں تو قدرت کا قانون حرکت میں آتا ہے، جس پر علامہ اقبالؒ نے یوں تنبیہ فرمائی تھی:۔۔

حذر اے چیرہ دستاں! سخت ہیں فطرت کی تعزیریں


فطرت کا تقاضا بھی یہی ہے کہ انسانی زندگی مختلف منظم جہتوں اور ادوار میں بٹی ہوئی ہے، اور ہر دور اپنا ایک درست انتخاب مانگتا ہے۔ ایک عمر علم حاصل کرنے کی ہے، جہاں انسان کا اختیار یہ ہونا چاہیے کہ وہ دنیا کی دیگر لایعنی مصروفیات کو ترک کر کے یکسوئی کے ساتھ تحصیلِ علم میں اپنا وقت صرف کرے۔ اس کے بعد جوانی کا دور آتا ہے، جس کا تقاضا یہ ہے کہ آدمی عمل کی زندگی میں راسخ ہو، محنت کرے اور زندگی کی تعمیری بھاگ دوڑ میں آگے بڑھے۔ پھر عمر کی پختگی یعنی چالیس سال کا دوراہا آتا ہے، جو ٹھہر کر غور و فکر کرنے کا مقام ہے—جہاں انسان عقل، شعور اور تجربے کی بنیاد پر اپنے خدا کی معرفت تلاش کرے اور اپنی باقی ماندہ زندگی کے سفر کا حتمی اور درست راستہ متعین کرے۔

اجتماعی کرب، جدیدیت کا بحران اور واپسی کا عہد

شاید یہی وہ بنیادی نکتہ ہے جو آج کے ہمارے اجتماعی کرب اور معاشرتی صورتحال کو سمجھنے کے لیے بھی بے حد اہم ہے۔ آج ہم ایک ایسے دور سے گزر رہے ہیں جہاں بے بسی، جدائی اور اذیت نے جیسے زندگی کے کئی حسین رنگ چھین لیے ہیں۔ ہر طرف قنوطیت اور ناامیدی کے بادل چھائے دکھائی دیتے ہیں۔ مگر حقیقت یہ ہے کہ شاید ابھی سب کچھ ختم نہیں ہوا؛ شاید ابھی بھی ہمارے پاس کچھ چننے، کچھ بدلنے اور کچھ بچانے کا اختیار موجود ہے۔ کیونکہ:۔۔۔

اندھیرے راج کرتے ہیں، گر روشنی نہیں ہوتی

اجالا تب ہی ہوتا ہے، جو لو دلوں میں جلتی ہو


تاریخ گواہ ہے کہ کسی بھی قوم یا معاشرے کی سب سے بڑی آزمائش یہی ہوتی ہے کہ وہ اپنے مشکل ترین وقت میں کیا راستہ چنتا ہے: نفرت یا انسانیت، مایوسی یا امید، بزدلانہ خاموشی یا سچا حوصلہ؟

روحانی غفلت کی نیند سے بیدار ہونے کی یہ عالمگیر پکار آج دنیا کی مختلف تہذیبوں میں سنائی دے رہی ہے۔ ڈیجیٹل عہد کی فکری یلغار کے درمیان، حتیٰ کہ روسی فلسفی الیگزینڈر ڈوگن جیسے ہم عصر مفکرین بھی مغرب سے یہ پرزور اپیل کر رہے ہیں کہ وہ سیکولر جدیدیت (ماڈرنٹی)—جو مقدس روایات کے انکار پر کھڑی ہے—کے تباہ کن بحران سے خود کو نکالے اور اپنی بنیادی مسیحی روایات و اقدار کی طرف لوٹ آئے۔ درحقیقت یہ گہری تشخیص محض مسیحیت تک محدود نہیں، بلکہ اس میں ایک ایسی آفاقی سچائی پنہاں ہے جو دنیا کے تمام مذاہب پر صادق آتی ہے۔ خواہ گرجا گھر ہو، مندر ہو یا مسجد، انسانیت کی حقیقی نجات جدیدیت کی کھوکھلی مادہ پرستی کو ترک کرنے اور الہامی ہدایت کی ابدی و مقدس روایات کی طرف لوٹنے ہی میں مضمر ہے۔


اور آج جب پاکستان کو قائم ہوئے اَسّی برس ہونے کو ہیں، تو یہ لمحۂ فکریہ ہمارے سامنے اور بھی شدت سے آ کھڑا ہوا ہے۔ ہم گزشتہ کئی دہائیوں سے مسلسل اس بنیادی عہد — یعنی ریاستِ مدینہ کے طرز پر ایک مثالی اسلامی فلاحی ریاست کے قیام — سے روگردانی اور نافرمانی کرتے چلے آ رہے ہیں، جس کے نام پر یہ ملک حاصل کیا گیا تھا۔ تاہم، اصل سوال مایوسی کا نہیں بلکہ درست سمت کی جانب سفر اور واپسی کا ہے کہ ہم کب اور کیسے اپنے اصل مقصد کی طرف لوٹتے ہیں۔ جس طرح حضرت آدم علیہ السلام نے لغزش کے بعد توبہ اور رجوع کا انتخاب کیا تھا، اسی طرح ایک قوم کی حیثیت سے ہمارے پاس بھی اجتماعی توبہ، اصلاح اور اپنے اصل عہد کی طرف لوٹ آنے کا اختیار ابھی باقی ہے۔


کاش آج ریاستِ پاکستان کا ہر طاقتور طبقہ—خواہ وہ سیاست کے ایوانوں میں ہو یا انتظام و انصرامِ ریاست کا حصہ ہو؛ عدل و انصاف کا ترازو تھامے ہو، قومی نبض کی تشخیص کرتا ہوا ابلاغِ عامہ کا منبہ و ترجمان ہو، یا قومی معاش و معیشت اور خزانے کی باگ ڈور سنبھالے ہوئے ہو—خود کو "عارفِ زمانہ" کی اس ذمہ دارانہ مسند پر فائز سمجھے اور خود کو اس منصب کے قابل بنائے؛ اور ہم سب اپنی انفرادی اور اجتماعی زندگیوں میں اندھیروں سے سمجھوتہ کرنے کے بجائے باطن کا چراغ روشن کرنے، اور حاکمیتِ اعلیٰ اللہ سبحان تعالی کے تحت باوقار طریقے سے زندہ رہنے کا انتخاب کریں۔ اے کاش!۔۔

0
27
video

Where Does iPad Rental Dubai Support Business Growth?

VRS Technologies LLC
47 seconds ago
Marine Lubricants Market Growth Forecast to USD 6.98 Billion by 2028 Supported by Engine Oil Consumption

Marine Lubricants Market Growth Forecast to USD 6.98 Billion by 2028 S...

franky
3 minutes ago
Packaging Printing Market Forecast Points to USD 554.5 Billion by 2032 as Asia-Pacific Leads Global Demand

Packaging Printing Market Forecast Points to USD 554.5 Billion by 2032...

markmethu
5 minutes ago

Car Insurance Costa del Sol | Flexible Cover Options

kevindgsquares
7 minutes ago

Farmaci online e salute: informarsi con responsabilità prima di scegli...

rxitalia
19 minutes ago
BangBox Online homepage