اقبالؔ! کوئی محرم اپنا نہیں جہاں میں معلوم کیا کسی کو دردِ نہاں ہمارا؟
Allama Dr Muhammad Iqbal was the great mystic Poet of the Sub Continent India-Pakistan. Iqbal is also the philosopher of East and national poet of Pakistan. This write up in Urdu "اقبالؔ! کوئی محرم اپنا نہیں جہاں میں؛ معلوم کیا کسی کو دردِ نہاں ہمارا؟" is an explanation of the Iqbal's verse with the help of various verses of Iqbal, keeping the main theme in focus.
بِسۡمِ ٱللهِ ٱلرَّحۡمَـٰنِ ٱلرَّحِيمِ
اللہ کے نام سے شروع جو بڑا مہربان نہایت رحم کرنے والا ہے
اقبالؔ! کوئی محرم اپنا نہیں جہاں میں
معلوم کیا کسی کو دردِ نہاں ہمارا؟
مندرجہ بالا شعر حکیم اُلامت علامہ محمد اقبالؒ کی کتاب " بانگِ درا" کی نظم "ترانۂ ہندی" سے لیا گیا ہے۔ اس شعر میں اقبال اپنی داخلی کیفیت کو اشارتاً بیان کرتے ہوئے فرماتے ہیں کہ اس دنیا میں ہمارا کوئی محرم راز نہیں ۔ نا ہی اس درد سے آگاہ ہے جو ہمارے دل میں چھپا ہوا ہے ۔
اس پر مزید گفتگو کرنے سے پہلے ذرا دیکھیں تو سہی کہ اقبال نے ترانہ ہندی کے مقطع میں کس دردِ نہاں کی بات کی ہے؟ کیا کوئی اقبال کے دل کی بات جان سکتا ہے؟
کیا برصغیر ہند کے مسلم مرد حرد اور ملت اسلامیہ کی صورتحال میں اقبال کی اس نظم کے بعد سے سو سال میں کوئی فرق آیا ہے؟
ہماری بصارت کی حد تک کائنات میں ہماری زمین وہ واحد سیارہ ہے جہاں زندگی بسی ہوئی ہے۔ زندگی کی نیرنگی حیران کن ہے اور اس حیرت کدہ میں ہم انسان بطور اشرف المخلوقات آباد ہیں۔ اے وطنِ عزیز کے لوگو؛ علامہ محمد اقبالؒ نے ایک صدی قبل غلام ہندوستان کے مسلمان کے لیے "مثنوی پس چه باید" کی نظم " فقر، " میں کہا تھا کہ "اس ملک کا مسلمان اپنے آپ سے نا امید ہے — عمر گذر گئی مگر انہوں نے کوئی باخدا مرد نہیں دیکھا"۔ مزید کہا ہے کہ " لا محالہ وہ دین کی قوت سے بدظن ہے— وہ خود ہی اپنے کاروان کے لیے رہزن بنا ہوا ہے"۔ حکیم نے بیماری کا سبب بیان کیا کہ " تین سو سال [اب چار سو سال ہوگئے] سے یہ امت زبوں حال ہے — اور بغیر اندرونی سوز و سرور کے دن بسر کر رہی ہے"۔ اور پھر وجہ بھی بتا دی کہ " مسلمان پست فکر ، کم ہمت اور کور ذوق ہو چکا ہے — اس کے تعلیمی ادارے اور علما، سب شوق سے محروم ہیں"۔
علامہ محمد اقبالؒ کا سارا کلام غلام ہندوستان میں رہتے ہوئے سارے عالمِ اسلام کے دگرگوں حالات کے مشاہدے سے وجود پذیر ہوا تھا؛ مگر کیا آج محمد اقبالؒ کی رحلت کے تقریبا" ستاسی سال بعد بھی عالم اسلام اُسی حالت غلامی میں مگن مسرور اورمست ہے۔ فرق صرف اتنا پڑا ہے کہ پہلے ملک ہی غلام تھا؛ اب آزاد ہے مگر فرد اور قوم غلاموں سے بھی بدتر زندگی جی رہے ہیں۔ کیا یہ درست نہیں ہے؟
اب چلتے ہیں اپنے نفسِ مضمون شعر پر جو محمد اقبالؒ کی انتہائی مشہور کتاب "بانگِ درا" سے لیا گیا ہے۔ اقبال کا درد نہاں؛ دراصل مسلم قوم کا درد ہے؛ جو حکیم الامت کے دل میں جاگزیں تھا۔ اقبال کی امید کا محور نوجوان تھے؛ " محبت مجھے ان جوانوں سے ہے؛ ستاروں پہ جو ڈالتے ہیں کمند"؛ سو اقبال علیہ رحمہ کو صرف اپنی قوم کے نوجوانوں کی فکر تھی۔ کیونکہ اقبال جانتے تھے کہ مولانا حالی نے جس "پستی کا کوئی حد سے گزرنا دیکھے" کا ذکر کیا؛ مسلم امت کی زبوں حالی کو صرف نوجوان خون کا جنون ہی ختم کرسکتا ہے؛ تبھی تو کہا کہ "جوانوں کو مری آہِ سحَر دے؛ پھر ان شاہیں بچوں کو بال و پر دے؛ خدایا! آرزو میری یہی ہے؛ مرا نورِ بصیرت عام کر دے"۔
افکار جوانوں کے خفی ہوں کہ جَلی ہوں
پوشیدہ نہیں مردِ قلندر کی نظر سے
علامہ اقبال نے اپنی کتاب "ضربِ کلیم" کی نظم "فلسفہ" کے اس شعر میں کہتے ہیں کہ مرد قلندر کی نگاہ سے (یہاں مراد خود ان کی ذات کیونکہ وہ خود کو قلندر کہتے ہیں) جوانوں کے خیالات چاہے وہ ان کے باطن میں ہوں یا ان کے ظاہر میں ہوں چھپے ہوئے نہیں ہیں ۔ اقبال دیکھ رہے تھے کہ مسلم امت میں ایک ایسے گروہ کو ابھارا گیا تھا؛ جو مسلم تاریخ کو مسخ کرکے اور انگریز کو خدا کی مقبول قوم کے طور پر پیش کررہا تھا۔ یہ تو حقیقت تھی کہ مغرب میں سائنس خوب ترقی کر رہا تھا؛ مگر یہ جتوایا بھی جارہا تھا کہ مغربی تہذیب برتر اور اعلی ہے؛ اور ہندوستان کے باسیوں کو انگریزی زبان اور ثقافت کو اپنا لینا چاہیے۔
کیا سناتا ہے مجھے ترک و عرب کی داستاں
مجھ سے کچھ پنہاں نہیں اسلامیوں کا سوز و ساز
لے گئے تثلیث کے فرزند میراث خلیل
خشت بنیاد کلیسا بن گئی خاک حجاز
اب چلتے ہیں اور علامہ اقبال کے مشہور کلام "مثنوی پس چه باید"؛ کی نظم" مرد حر" سے کچھ سکھتے ہیں۔ علامہ اقبال دیکھ رہے تھے کہ مسلم امت کس ذہنی غلامی میں ڈوبتی جارہی ہے؟ کس طرح دنیاوی منفعت اور نفسی خواہشات قوم پر غالب آرہے تھے؟ اقبال نے دیکھ لیا کہ مسلمان مغرب کی جسمانی غلامی کے ساتھ ساتھ فکری اور قلبی غلامی میں بھی ڈوبتے جارہے تھے۔ مغربی تہذیب مسلم امت کو گُھن کی طرح کھا رہی تھی۔
ما کلیسا دوست ما مسجد فروش
او ز دست مصطفی پیمانه نوش
ہم کلیسا کے دوست اور مسجد فروش ہیں — وہ حضور اکرم ﷺ کے دست مبارک سے شراب (الست) پیتا ہے۔
قبلهٔ ما گه کلیسا ، گاه دیر
او نخواهد رزق خویش از دست غیر
ہمارا قبلہ کبھی کلیسا ہے کبھی بتخانہ — لیکن وہ غیر اللہ سے رزق کا طالب نہیں ہوتا۔
ما همه عبد فرنگ او عبده
او نگنجد در جهان رنگ و بو
ہم سب فرنگیوں کے بندے ہیں اور وہ اللہ تعالیٰ کا بندہ ہے — (اس لیے) وہ اس جہانِ رنگ و بو میں نہیں سماتا۔
غور سے پڑھیے؛ اور دیکھیے کہ علام اقبال کس درد کا اظہار کررہے ہیں؟ اور کس کرب سے گذر کر یہ اظہار کیا ہے کہ "ہم کلیسا کے دوست اور مسجد فروش ہیں؛ ہمارا قبلہ کبھی کلیسا ہے کبھی بتخانہ ؛ ہم سب فرنگیوں کے بندے ہیں"؛ اور یہ تھا وہ دردِ نہاں جس کا کوئی اور محرم راز نہیں تھا؛ کیونکہ آج کوئی دوسرا نہیں ابھرا جس نے اقبال کی ہمنوائی میں قوم مسلم کی قیادت سنبھالی ہو؛ یقینا'ما بعد قائدِ اعطم محمد علی جناح کہ جنکو خود علامہ نے مسلمانان ہند کی داد رسی کا قائد مانا۔ پاکستان کی آزادی کے بعد صرف غرض کے بندے ہی تاج سجانے آگے آئے ہیں۔
علامہ اقبال نے اوپر کے اشعار میں مغربی تہذیب کی غلامی سے الٹ / پرے ایسے ہی مرد حر کا ذکر کیا ہے؛ جو غرض کا بندہ نہیں ہے بلکہ اللہ کا بندہ ہے۔ کون ہے یہ مردِ حر؟ اقبال کا پیغامِ خودی فرد کی خود شناسی، خود آگاہی اور اپنی ہستی کا عرفان ہے۔ جب کوئی دانا انسان خود شناسی کی راہ کا متلاشی ہوتا ہے؛ تو اس کے دل میں علم و آگہی کی تڑپ جنم لیتی ہے؛ وہ تزکیہ نفس کرتا ہے، اپنے مقصد حیات پر غورو خوض کرتا ہے اور اپنی پوشیدہ جبلّی صلاحیتوں کو بروئےکار لاتا ہے۔ [علم و آگہی قرآن اور سنت کی تعلیم کے بغیر حاصل نہیں ہوسکتی]؛ اور جب کوئی بندہ خدا؛ خود شناسی کے مراحل میں آگے بڑھتا ہے تو حقیقتاً نیابت الہٰی [خلافت ارضی] کا حق ادا کرنے کے قابل ہوجاتا ہے اور ایسے ہی شخص کو اقبال نے اپنے کلام میں جابجا مرد خدا، مرد کامل، مرد قلندر، مرد حر اور مرد مومن کہہ کر مخاطب کیا ہے۔
علامہ اقبال نے اسے نظم میں مرد حر کی تعریف کی ہے؛ چلیے اسے پڑھتے ہیں؛ اور سیکھتے ہیں کہ ہماری نسل جدید کو کیسا ہونا چاہیے؟ کیونکہ عروج آدم خاکی کا کوئی دوسرا راستہ ممکن ہی نہیں ہے:-۔
مرد حر محکم ز ورد «لاتخف»
ما بمیدان سر بجیب او سر بکف
مرد حر "لاتخف" / خوف مت کھا/ ڈر مت" کے ورد سے قوی ہے —ہم میدان میں سر جھکائے آتے ہیں اور وہ سر بکف نکلتا ہے۔ آزاد مرد موت سے بے خوف ہو کر اپنی ہتھیلی پر سر رکھ کر میدان میں نکلتا ہے، یعنی وہ ہر قسم کے خوف سے آزاد ہے اور اس کی قوت کا راز صرف "لاتخف" ورد میں پوشیدہ ہے۔ کیونکہ "موت کو سمجھے ہیں غافل اختتامِ زندگی؛ ہے یہ شامِ زندگی، صبحِ دوامِ زندگی."۔
مرد حر از لااله روشن ضمیر
می نگردد بندهٔ سلطان و میر
مرد حر کا ضمیر لاالہ سے روشن ہے — وہ کسی بادشاہ یا امیر کا غلام نہیں ہوتا۔ کیونکہ کلمہ طیبہ انسان کو آزاد کردیتا ہے؛ اورایک آزاد آدمی وہ ہے جو دنیاوی نمائشوں کا پابند نہیں ہے اور اس نے اپنی حقیقی آزادی حاصل کر لی ہے۔ "لا الہٰ" (کوئی معبود نہیں ہے) ایک روشن ضمیر کی راہ ہے؛ یہ جملہ خدا کی توحید اور وحدانیت کے گہرے عقیدے اور سمجھ کی طرف اشارہ کرتا ہے، جس کی وجہ سے انسان کا خدا کے علاوہ کوئی اور انحصار نہیں ہوتا۔ اور ایسا انسان کسی سلطان یا شہزادے کا خادم نہیں ہوتا؛ جسکا مطلب یہ ہے کہ ایسا آدمی عہدہ یا دولت کے حصول کے لیے اپنے آپ کو حکمرانوں کے سامنے نہ بیچے گا اور نہ ہی ان کے سامنے جھکے گا۔
مرد حر چون اشتران باری برد
مرد حر باری برد خاری خورد
مرد حر اونٹ کی طرح بوجھ اٹھاتا ہے — وہ بوجھ اٹھاتا ہے اور کانٹے کھا کر گزارا کرتا ہے۔ ایک آزاد انسان اونٹ کی طرح بوجھ اٹھاتا ہے، لیکن اس کا بوجھ کانٹوں اور مصائب کا بوجھ ہے۔ یہ دونوں آیات مل کر ایک اعلیٰ مقصد کے راستے پر آزاد انسان کی مشکلات اور مصائب کی عکاسی کرتی ہیں۔ وہ نہ صرف ذمہ داریوں کا بوجھ اٹھاتا ہے بلکہ وہ مشکلات اور مصائب سے بھی نہیں ڈرتا اور مضبوط قدموں سے آگے بڑھتا ہے۔
پادشاهان در قباهای حریر
زرد رو از سهم آن عریان فقیر
ریشمی قباؤں میں ملبوس پادشاہوں (کے چہرے) — ایسے عریاں فقیر کی ہیبت سے زرد پڑ جاتے ہیں۔
سر دین، ما را خبر او را نظر
او درون خانه ما بیرون در
دین کا راز ہمارے لیے خبر ہے اور اس کے لیے مشاہدہ — گویا وہ گھر کے اندر ہے اور ہم دروازے سے باہر کھڑے ہیں۔ اصل بات یہ ہے کہ دین کی سچائی (دین کا پیغام) کےحصول کے لیے مردانِ حر اپنے باطن پر توجہ دیتے ہیں، جبکہ عام لوگ ظاہری چیزوں کی تلاش میں نظر آتے ہیں۔ جبکہ "وہ" (وہ سچائی کا متلاشی یا کامل شخص؛ مرد حر) ہمارے اندر ہے لیکن بظاہر ہمارے گھر سے باہر ہے۔
نی مغان را بنده نی ساغر بدست
ما تهی پیمانه او مست الست
نہ وہ پیر مغاں کا غلام ہے، نہ وہ ہاتھ میں جام لیے ہے — وہ شراب الست سے مست ہے اور ہم اس سے تہی پیمانہ۔
چهره گل از نم او احمر است
ز آتش ما، دود او روشنتر است
پھول کی سرخی اس (مرد حر) کے اشکوں کی مرہون منت ہے — اس کا دھواں ہماری آگ سے زیادہ روشن ہے۔
دارد اندر سینه تکبیر امم
در جبین اوست تقدیر امم
اس کے سینے کے اندر امتوں کی تکبیر (عظمت) ہے — اور اس کی پیشانی پر ان کی تقدیر (رقم) ہے۔
امتِ مسلمہ کا مخمصہ
وہ شے کچھ اور ہے کہتے ہیں جانِ پاک جسے
یہ رنگ و نم، یہ لہو، آب و ناں کی ہے بیشی
علامہ اقبال نے کتاب "بالِ جبریل" کےمندرجہ بالا شعر سے امت مسلمہ کا مخمصہ بیان کیا ہے؛ اقبال کہہ رہے ہیں کہ زندگی میں اعلیٰ مقاصد اور ان کے تکمیل کے لیے جس جوش و جذبے کی ضرورت ہے اس کے بغیر انسان سرخرو نہیں ہو سکتا ۔ محض بلانوشی سے انسانی جسم کی پرورش نہیں ہوتی بلکہ اس مقصد کے لیے تو وہ خصوصیات درکار ہیں جو جسم کے ساتھ ساتھ روح میں بھی پاکیزگی کا عنصر پیدا کریں ۔ مراد یہ ہے کہ ظاہر نمود و نمائش بے معنی چیز ہیں اصل حقیقت تو انسان کے اندر کی پاکیزگی ہے ۔ ذرا اوپر کی بات دھراتے ہیں کہ" "ہم کلیسا کے دوست اور مسجد فروش ہیں؛ ہمارا قبلہ کبھی کلیسا ہے کبھی بتخانہ ؛ ہم سب فرنگیوں کے بندے ہیں"؛ اور اللہ کے بندے کتنے ہیں؟ یہی امت مسلمہ کا مخمصہ ہے۔
ہندوستان کے زیادہ تر مقامی افراد نے صوفیائے اسلام کی تعلیمات سے متاثر ہوکر اسلام قبول کیا؛ یہ افراد عشقِ محمدﷺ میں گرفتار تھے اور اسلام کی علم دوستی اور آگہی سے متاثر ہوئے تھے۔ اور مسلمان حکمرانوں کے دور میں دھیرے دھیرے پورے اسلام میں داخل ہورہے تھے۔ مگر پھر راہ میں انگریز حکمران گھس آئے۔ انگریز حکمرانی میں بدقسمتی سے صوفیاء کی اخلاف نے تاجِ برطانیہ کی آگے سرنگوں کردیا اور پھر مختلف تاویلوں سے مسلم قوم کو تقدیر کا پابند بنا دیا۔ تبھی اقبال نے کہا کہ" تقدیر کے پابند نباتات و جمادات؛ مومن فقط احکامِ الٰہی کا ہے پابند "؛ اور احکامِ الہی تو مسلمان کو عمل اور حرکت کا سبق دیتا ہے۔ قرآن میں ارشادِ خداوندی ہے کہ" سورۃ النجم کی آیت 39{ وَاَنْ لَّــیْسَ لِلْاِنْسَانِ اِلَّا مَا سَعٰی۔ ”اور یہ کہ انسان کے لیے نہیں ہے مگر وہی کچھ جس کی اس نے سعی کی ہوگی“}۔ انسان کو جو کچھ کرنا ہوگا اپنی محنت اور کوشش کے بل پر کرنا ہوگا ‘ خواہشوں اور تمنائوں سے کچھ نہیں ہوگا۔ "عمل سے زندگی بنتی ہے؛ جنت بھی جہنم بھی"۔
ہندوستان کے مسلمان نے اپنے ساتھ ظلم یہ کیا کہ جب عمل کی باری آئی تو اغیار کی مستعار روشنی میں چل پڑے؛ جس نے انہیں دنیاوی ترقی کی دوڑ میں لگا دیا ؛ مگر اصل کامیابی سے پرے پھینک دیا؛ اور جب اس کا احساس ہوا؛ تو وقت گزرچکا تھا۔ "اب پچھتاوئے کیا ہوت جب چڑیاں چگ گئیں کھیت"۔ نتیجا" انگریز کی غلامی سے کلمہ طیبہ کے نام پر آزاد ہونے والے ملک پاکستان میں کوئی ادارہ؛ کوئی قانون؛ کوئی طبقہ؛ کوئی نظام اور کوئی راستہ عشق محمدﷺ سے مشتق نہیں ہے۔ سب کے سب تاجِ برطانیہ کے چھوڑے نظام سلطنت کے تحت مغربی آقاوں کے غلامی پر مست اور مسرور ہیں۔ "تم مسلمان ہو جنہیں دیکھ کر شرمائیں یہود"۔
اقبال نے کہہ دیا تھا کہ "قُوّتِ عشق سے ہر پست کو بالا کر دے؛ دہر میں اسمِ محمّدؐ سے اُجالا کر دے"؛ مگر پاکستانیوں نے اسے تقریر میں تو خوب استعمال کیا اور جب موقع آیا تو مغربی آقاوں کے آستانوں پر حاضری لگادی؛ یہاں تک کہ سجدہ ریز تک ہوگئے۔ اور جب نشاندہی کی گئی تو لگے علم بگھارنے کہ مغرب کے جامعات سے یہی تعلیم حاصل کی تھی۔ اور مزید ستم یہ کہ مدرسے کے استاذہ نے بھی یہی سکھایا۔ حالانکہ علامہ اقبال نے اپنی کتاب "ضرب کلیم" کی نظم "عِلم وعِشق" میں کہہ رکھا ہے کہ
علم نے مجھ سے کہا عشق ہے دیوانہ پن
عشق نے مجھ سے کہا علم ہے تخمین و ظن
علامہ شاعرانہ انداز میں کہتے ہیں کہ مجھ سے علم نے کہا کہ عشق اختیار نہ کرنا یہ تو سراسر دیوانگی ہے ۔ عشق نے یہ بات سن کر مجھ سے کہا کہ علم اختیار نہ کرنا کیونکہ یہ سراسر وہم و گمان ہے ۔ علم بے شک ضروری ہے لیکن حقیقت تک پہنچنے کے لیے یہ بے کار ہے ۔
بندہَ تخمین و ظن! کُرم کتابی نہ بن
عشق سراپا حضور، علم سراپا حجاب
اے اقبال تو کتاب کا کیڑا بن کر نہ رہ جانا یعنی صرف علم پڑھنے ہی میں ساری زندگی نہ گزار دینا بلکہ علم کی تکمیل کے بعد عشق کے راستہ پر بھی آنا کیونکہ وہم و گمان کی راہ پر چلنا جو علم کی راہ ہے دانش مندی نہیں ہے ۔ علم کلیتاً حجاب ہے ۔ حقیقت علم پر نہیں کھلتی ۔ اس کے برعکس عشق اختیاری تجھے حضور ذات تک پہنچا دے گی ۔ تمام پردے اٹھ جائیں گے اور حقیقت عیاں ہو جائے گی ۔
کی محمد ﷺ سے وفا تو نے تو ہم تیرے ہیں
یہ جہاں چیز ہے کیا، لوح و قلم تیرے ہیں
اگر تو نے حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ سے وفا کی؛ یعنی سنت رسول کی پیروی کی؛ تو ہم بھی تیرے ہیں۔ یہ جہاں تو کوئی شے ہے ہی نہیں بلکہ لوح و قلم بھی تیرے ہو جائیں گے۔ یعنی ساری دنیا تیرے سامنے سرنگوں ہو جائے گی۔
علامہ محمد اقبالؒ نے جواب شکوہ کے آخری شعر میں دریا کو کوزے میں بند کرتے ہوئے پیغام دیا ہے کہ اگر مسلمان حضورنبی کریم ﷺ سے وفا کریں اور آپﷺ کے اسوہ حسنہ پر کماحقہ عمل کریں تو صرف یہ دنیا ہی نہیں بلکہ پوری کائنات مسلمانوں کے آگے جھک جائے گی۔
عزیزان وطن؛ یہ اللہ سبحان تعالی کا احسان ہے کہ ہمیں آقائے دوجہاں، شافع محشر، امام المرسلین، رحمت اللعالمین محمدﷺ کا امتی بنایا، اور یہ احسان بھی کیا کہ ہمیں آزادی کی نعمت کے ساتھ ریاست اسلام کا شہری پیدا کیا۔ اب ضرورت صرف اس ریاست کو اللہ تعالی کی حاکمیت اعلی یعنی قرآن اور سنتِ رسولﷺ کے تابع کرنا ہے۔ اللہ رب کریم ہمیں آقا محمدﷺ کی کامل غلامی عطا فرمائے؛ ہمیں اغیار کی فکری اور معاشی غلامی سے نجات عطا فرمائے؛ اور اس قابل فرمائے کہ کل روز قیامت اللہ تعالی کےحضور آپنے آقا محمدﷺ کے سامنے شرمندہ نہ ہوں۔ اللہ تعالی ہمارا حامی و ناصر ہو۔ آمین ثم آمین
اللهم صل على محمد و على آل محمد كما صليت على ابراهيم و على آل ابراهيم انك حميد مجيد 🌹
اللهم بارك على محمد و على آل محمد كما باركت على ابراهيم و على آل ابراهيم انك حميد مجيد 🌹
NOTE: یہ تحریر آزاد ویب نیٹ پر موجود مختلف ذرائع سے دستیاب مواد کی مدد سے مرتب کی گئی