أَعُوذُ بِاللّٰهِ مِنَ الشَّيْطَانِ الرَّجِيمِ
بِسۡمِ ٱللهِ ٱلرَّحۡمَـٰنِ ٱلرَّحِيمِ
اللہ کے نام سے شروع جو بڑا مہربان نہایت رحم کرنے والا ہے
عالمِ ایجاد میں صاحبِ ایجاد
برصغیر کی تاریخ کا وہ تاریک دور جب مسلمان غلامی کی زنجیروں میں جکڑے ہوئے تھے اور ذہنی و فکری جمود کا شکار ہو چکے تھے، ایسے کٹھن وقت میں قدرت نے امتِ مسلمہ کو حکیم الامت علامہ محمد اقبال کی صورت میں ایک عظیم مفکر اور مصلح عطا کیا۔ اقبال نے اپنی شاعری کو محض تفریحِ طبع کا ذریعہ نہیں بنایا، بلکہ اسے قوم کی بیداری کا ہتھیار بنایا۔ انہوں نے "خودی" کا وہ انقلابی پیغام عام کیا جس نے سوئی ہوئی مسلم قوم کو جھنجھوڑ کر جگا دیا اور انہیں اپنی کھوئی ہوئی عظمت اور پوشیدہ صلاحیتوں کا احساس دلایا۔ اقبال نے اپنے کلام کے ذریعے یہ واضح کیا کہ عزت اور سربلندی صرف انہی قوموں کا مقدر بنتی ہے جو عمل اور تخلیق کا راستہ اپناتی ہیں۔
اسی فکری بیداری کے تسلسل میں اقبال نے اپنی مشہور کتاب "ضربِ کلیم" میں ایک لازوال نظم "محراب گل افغان کے افکار" کے اشعارکے ذریعے ترقی اور امامت کا راز بیان کیا:۔۔
جو عالمِ ایجاد میں ہے صاحبِ ایجاد
ہر دَور میں کرتا ہے طواف اس کا زمانہ
اس شعر میں "صاحبِ ایجاد" سے مراد وہ تخلیق کار، موجد اور مفکر ہے جو نئی راہیں تراشتا ہے اور دنیا کو نئے خیالات یا ایجادات دیتا ہے۔ "طواف کرنے" کا مطلب یہ ہے کہ زمانہ اس کی قدر کرتا ہے، اس کے گرد گھومتا ہے اور اس کی قیادت کو تسلیم کرتے ہوئے اس کے پیچھے چلتا ہے۔
اقبال نے جب یورپ کی سیر کی تو اپنی دور اندیش نگاہوں سے یہ بھانپ لیا تھا کہ دنیا ایک نئی کروٹ لے رہی ہے۔ خاص طور پر جنگِ عظیم اول کے بعد عالمِ فرنگ کے حالات تیزی سے بدل رہے تھے۔ ایک طرف عالمی طاقتوں اور مخصوص مفاد پرست حلقوں کی گرفت مضبوط ہو رہی تھی، تو دوسری طرف مغرب نے مادیت اور سائنس کو ہی اپنا سب کچھ مان کر گویا اسے خدا کا درجہ دے دیا تھا۔ ایک بالکل نئی دنیا تخلیق کی جا رہی تھی۔ اقبال نے اس بدلتے ہوئے منظرنامے کو دیکھ کر امتِ مسلمہ کو یہ صاف اور دوٹوک پیغام دیا کہ آنے والے وقت میں دنیا کی باگ ڈور صرف اسی کے ہاتھ میں ہوگی جو خود "صاحبِ ایجاد" بنے گا۔
آج کے اس جدید اور ڈیجیٹل دور میں اقبال کی یہ پیش گوئی حرف بہ حرف سچ ثابت ہو رہی ہے۔ ذرا نظر دوڑائیے کہ آج ٹیکنالوجی، مصنوعی ذہانت (اے آئی) اور سائنسی علوم میں کون ایجادات کر رہا ہے، اور کون ان کا طواف کر رہا ہے؟ جو قومیں نت نئی ایجادات کر رہی ہیں، پوری دنیا معاشی، علمی اور تہذیبی طور پر ان کے گرد گھومنے پر مجبور ہے۔
اسی نظم کے اگلے شعر میں علامہ اقبال ہمیں اس زوال کی اصل وجہ اور اس کا علاج بتاتے ہوئے فرماتے ہیں:۔۔۔
تقلید سے ناکارہ نہ کر اپنی خودی کو
کر اس کی حفاظت کہ یہ گوہر ہے یگانہ
اس شعر میں اقبال ہمیں خبردار کرتے ہیں کہ انسان کو دوسروں کی اندھی تقلید کر کے اپنی انفرادی صلاحیتوں اور خودی کو ضائع نہیں کرنا چاہیے۔ خودی ایک نایاب اور بے مثال موتی (گوہرِ یگانہ) ہے، اس لیے اس کی حفاظت کرنی چاہیے اور اپنی عقل و شعور سے کام لینا چاہیے، نہ کہ ہر پرانی فرسودہ روایت یا غیر ملکی تہذیب پر آنکھیں بند کر کے عمل کیا جائے۔
افسوس کہ آج مسلم دنیا جغرافیائی، علاقائی اور زمینی آزادی حاصل کرنے کے باوجود ایک گہری فکری، معاشی اور نفسیاتی غلامی میں جکڑی ہوئی ہے۔ ہم نے اپنی تخلیقی سوچ کو معطل کر کے دوسروں کی تقلید کو ہی ترقی سمجھ لیا ہے۔ اس ذہنی غلامی اور نوآبادیاتی اثرات کی گواہی مشہور مصنف امل چترجی کی کتاب "پریزنرز آف ایمپائر" (ایمپائر کے قیدی) میں بھی ملتی ہے، جس میں اس بات کا خوب احاطہ کیا گیا ہے کہ کس طرح قومیں ظاہری آزادی کے بعد بھی فکری اور نفسیاتی طور پر سابقہ آقاؤں یا غالب تہذیبوں کی قیدی بنی رہتی ہیں۔ اس کتاب کے مغزِ پیغام کو دیکھا جائے تو یہ غلامی ریاست اور معاشرے کی بنیادی جہتوں میں سرایت کر چکی ہے؛ چاہے وہ غلامی کی علمبردار اشرافیہ ہو یا نظامِ حکومت، قانون و انصاف کا ڈھانچہ ہو یا معاشی نظام، اور چاہے تعلیمی نظام ہو یا بین الاقوامی تعلقاتِ عامہ—یہ سب کے سب اسی فکری غلامی اور تقلید کے سمندر میں ڈوبے ہوئے نظر آتے ہیں۔
حالانکہ علامہ اقبال پہلے ہی اس مرض کا شافی علاج اور واضح حل بتا چکے تھے کہ "تقلید سے ناکارہ نہ کر اپنی خودی کو"۔ اس کا عملی تقاضا یہ ہے کہ ہم درآمد شدہ نظریات اور غلامانہ پالیسیوں کو ترک کر کے ایک آزادانہ اور خودمختار قومی پالیسی تشکیل دیں—ایسی پالیسی جس کا اصل جوہر اور سرچشمہ قرآن و حدیث کی ابدی تعلیمات اور خلفائے راشدین کا سنہری دورِ حکومت ہو، جہاں عدل، مشاورت، احتساب اور حقیقی فلاحِ عامہ ریاستی نظام کی بنیاد تھے۔
جہاں اقبال نے اندھی تقلید چھوڑ کر خودی کی حفاظت کا درس دیا، وہیں نظم کے اگلے شعر میں قوم کے عملی و اخلاقی زوال پر گہرا طنز کرتے ہوئے فرمایا:۔۔۔
اُس قوم کو تجدید کا پیغام مبارک!۔
ہے جس کے تصّور میں فقط بزمِ شبانہ
اس شعر میں علامہ اقبال طنزیہ انداز اختیار کرتے ہوئے فرماتے ہیں کہ اس قوم کو اصلاح اور نئے انقلاب (تجدید) کے کھوکھلے نعرے مبارک ہوں، جس کی سوچ اور عمل صرف عیش و عشرت اور رات کی رنگین محفلوں تک محدود ہو چکا ہے۔ اقبال نے یہاں یہ حقیقت واضح کر دی ہے کہ جو قومیں محنت، تحقیق اور بلند مقاصد کو چھوڑ کر محض آرام طلبی اور عیش و عشرت میں پڑ جاتی ہیں، ان کے لیے ترقی یا تبدیلی کے دعوے محض ایک فریب اور دھوکہ ہوتے ہیں۔
اسی تسلسل میں اقبال اس نظم کے آخری شعر میں ایک انتہائی اہم فکری خدشے کا اظہار کرتے ہیں:۔۔
لیکن مجھے ڈر ہے کہ یہ آوازۂ تجدید
مشرق میں ہے تقلیدِ فرنگی کا بہانہ
اقبال یہاں یہ واضح کرتے ہیں کہ انہیں اس بات کا اندیشہ ہے کہ مشرق میں اصلاح اور جدت (تجدید) کا یہ نعرہ کہیں مغرب کی اندھی نقالی (تقلیدِ فرنگی) کا محض ایک بہانہ نہ بن جائے۔ دراصل اقبال پرانی جامد روایت کی اندھی پیروی کے بھی مخالف ہیں اور مغرب کی اندھی نقالی کے بھی، کیونکہ ان دونوں صورتوں میں انسان اپنی آنکھ سے دیکھنا اور خود سوچنا چھوڑ دیتا ہے۔ اقبال کی مشہور کتاب "تشکیلِ جدید الٰہیاتِ اسلامیہ" میں اجتہاد کی بحث بھی اسی آزاد اور تخلیقی فکر کی علمی صورت ہے، جو ہمیں ماضی کے جمود اور مغرب کی ذہنی غلامی دونوں سے نکال کر اپنا راستہ خود تراشنے کا درس دیتی ہے۔
اس پوری فکری بحث کا عملی پہلو اقبال کے اس معروف شعر میں بھی جھلکتا ہے:۔۔
اس قوم کو شمشیر کی حاجت نہیں رہتی
ہو جس کے جوانوں کی خودی صورتِ فولاد
یعنی جس قوم کے نوجوانوں کی خودی فولاد کی طرح مضبوط اور خودمختار ہو، اسے دشمن کی ظاہری فوجی طاقت سے مرعوب ہونے کی ضرورت نہیں رہتی۔ اس پیغام کا زندہ ثبوت موجودہ ایران، اسرائیل اور امریکہ کی جنگ اور کشمکش میں دیکھا جا سکتا ہے، جہاں پابندیوں کے باوجود مقامی ایجادات اور فولادی عزم نے بڑی عالمی طاقتوں کو بھی سوچنے پر مجبور کر دیا ہے۔
تاریخ گواہ ہے کہ اقبال کا یہ پیغامِ بیداری قائدِ اعظم محمد علی جناح کی ولولہ انگیز قیادت میں نہایت کارگر ثابت ہوا اور دنیا کے نقشے پر پاکستان جیسی عظیم مملکت وجود میں آئی۔ مگر افسوس کہ قیامِ پاکستان کے بعد ہم امتدادِ زمانہ کا شکار ہو گئے اور یہ قوم اپنی عیاشانہ خواہشات، ذاتی مفادات اور فکری غفلت کی نذر ہو گئی۔
ہم تحیر خیز ڈیجیٹل عجائبات کے دور میں رہ رہے ہیں جو کبھی صرف سائنس فکشن کے دائرے تک ہی محدود سمجھے جاتےتھے۔ آج ، مصنوعی ذہانت نے پیچیدہ الگورتھم ، کوانٹم کمپیوٹنگ کائنات کے غیر مقفل اسرار کو سیکنڈ میں تحریر کررہا ہے ، اور عالمی رابطے براعظموں کو ایک ہاتھ کی ہتھیلی میں سکیڑ گیا ہے۔ خود مختار نظاموں اور مجازی حقائق سے لے کر سمارٹ ٹیکنالوجیز کے ذریعہ چلنے والی خلائی ریسرچ تک ، انسانی عقل بے مثال رفتار سے وجود کو نئی شکل دے رہی ہے۔ پھر بھی ، اس شاندار انقلاب کے درمیان ، دنیا کو تیزی سے دو کیمپوں میں تقسیم کیا گیا ہے: وہ لوگ جو ان ڈیجیٹل چمتکاروں کو ڈیزائن ، کوڈ اور ان کے مالک ہیں ، اور جو محض ان کا استعمال کرتے ہیں۔ اس تبدیلی کے عہد میں واقعی ترقی کی منازل طے کرنے کے لیے ہمیں اغیار سے ماورا لازوال فلسفے کی طرف دیکھنا چاہئے جو کچھ عرصے پہلے ہماری تہذیب کا حصہ تھا۔
کبھی اے نوجواں مسلم! تدبّر بھی کِیا تُو نے
وہ کیا گردُوں تھا تُو جس کا ہے اک ٹُوٹا ہوا تارا
اس تحریر کا اصل مقصد قومِ پاکستان کو خوابِ غفلت سے جگانا ہے تاکہ ہم ایک بار پھر اپنی اصل منزل کی جانب بڑھیں۔ تاریخ کا اٹل فیصلہ ہے کہ تقلید کرنے والے ہمیشہ خسارے اور گھاٹے میں رہتے ہیں۔ اگر ہم نے آج بھی اپنی خودی کو بیدار نہ کیا اور صاحبِ ایجاد بننے کی راہ نہ اپنائی، تو کہیں ایسا نہ ہو کہ ہم آنے والی اگلی صدی بھی ذہنی، معاشی اور تہذیبی غلامی میں بھگتائیں۔
اس موقع پر قومِ مسلم کو یہ واضح کرنا بھی انتہائی ضروری ہے کہ ان کی اپنی تہذیب اور تاریخ انتہائی مضبوط اور شاندار رہی ہے۔ ایک دور تھا جب اسلام کو دنیا بھر میں ادب، فنونِ لطیفہ (آرٹ)، روحانیت، دانشورانہ تفکر، ثقافتی تطہیر اور سب سے بڑھ کر حسن و خوبصورتی کا مترادف سمجھا جاتا تھا۔ تاریخ کے اوراق اس عظمت کے گواہ ہیں:۔۔
جرمنی کی سب سے بڑی ادبی شخصیت گوئٹے نے اپنی ڈائری میں "لا الٰہ الا اللہ" تحریر کیا؛ کئی برطانوی افسران نے مشرقِ وسطیٰ اور برصغیر میں اسلام کی حقانیت سے متاثر ہو کر اسے گلے لگایا؛ ہٹلر نے اس خواہش کا اظہار کیا تھا کہ کاش کمزور عیسائیت کے بجائے اسلام کا "جنگجو اور باحمیت مذہب" جرمنی پہنچا ہوتا؛ برطانیہ کے شاہ جارج ششم نے مغل فنِ تعمیر سے متاثر ہو کر اپنے لیے ایک ہند-اسلامی شاہی محل تعمیر کروایا؛ مشہور مورخ ایڈورڈ گبن، برطانوی پارلیمنٹ کے اراکین اور فرانسیسی ادیب وکٹر ہیوگو نے اسپین کے مسلم ورثے اور تہذیب کو نہایت رومانوی اور شاندار الفاظ میں خراجِ تحسین پیش کیا؛ جبکہ نپولین نے مصر پر حملے کے وقت اپنے ہمراہ فرانسیسی فنکاروں اور دانشوروں کا ایک باقاعدہ وفد لایا اور اسلامی دنیا کی فکری و ثقافتی دولت سے فرانس کو روشناس کرانے کی امید میں حضرت محمد ﷺ کو بھرپور خراجِ عقیدت پیش کیا۔
جس قوم کا ماضی اس قدر تابناک اور علم و فن کا گہوارہ رہا ہو، اسے کسی کی اندھی تقلید کی ہرگز ضرورت نہیں—بس اپنی خودی کو پہچاننے اور دوبارہ "صاحبِ ایجاد" بننے کی دیر ہے۔ آج صاحبِ ایجاد بننے کے لیے ہمیں دوبارہ سے پہیہ ایجاد نہیں کرنا، بلکہ یہ دور مصنوعی ذہانت (اے آئی) اور ڈیجیٹل جنگ کا دور ہے۔ وقت کا تقاضا ہے کہ ہمارے بچے اور نوجوان اس جدید میدان میں بڑھ چڑھ کر شامل ہوں اور محض صارف بننے کے بجائے قیادت کے مرتبے تک پہنچیں۔ یہ کوئی مشکل کام نہیں ہے؛ اس کے لیے صرف خوابِ غفلت سے جاگنے، اپنی حقیقی ذات کی تلاش کرنے اور نفس کی غلامی سے آزاد ہونے کی ضرورت ہے۔ ایک مرد مومن آزاد اور ہر دم مصروفِ عمل ہوتا ہے۔
میسر آتی ہے فرصت فقط غلاموں کو
نہیں ہے بندہَ حر کے لیے جہاں میں فراغ