أَعُوذُ بِاللّٰهِ مِنَ الشَّيْطَانِ الرَّجِيمِ
بِسۡمِ ٱللهِ ٱلرَّحۡمَـٰنِ ٱلرَّحِيمِ
اللہ کے نام سے شروع جو بڑا مہربان نہایت رحم کرنے والا ہے
ناٹک: عارفِ زمانہ کی تلاش
کردار:۔
• انچارج (صاحبِ تجربہ): بڑی عمر کے، باوقار، چشمہ لگائے ہوئے، دفتر کے سربراہ۔
• ملازمِ وسطی (عدنان): درمیانی عمر کے سنجیدہ، متین اور معاملہ فہم شخص۔
• نوجوان اول (رافع): پُرجوش، حاضر جواب، ہاتھ میں آئی پیڈ یا اسمارٹ فون تھامے ہوئے (جنریشن زی کا نمائندہ)۔
• نوجوان دوم (زید): ادبی و فکری مزاج رکھنے والا، اقبالؒ اور تاریخ سے شغف رکھنے والا نوجوان۔
• خاتون (سارہ): پُراعتماد، باشعور اور عصرِ حاضر کے سماجی و نفسیاتی مسائل پر گہری نظر رکھنے والی نوجوان رکن۔
منظر:۔
(اسٹیج پر ایک جدید مگر سادہ دفتر کا منظر ہے۔ پیچھے کتابوں کی الماری، ایک بڑی میز جس کے پیچھے بڑی عمر کے انچارج بیٹھے ہیں۔ دائیں جانب عدنان (درمیانی عمر کا ملازم) اپنی میز پر فائلوں اور لیپ ٹاپ کے ساتھ بیٹھا ہے۔ بائیں جانب سارہ اور زید کرسیوں پر بیٹھے کسی نکتے پر غور کر رہے ہیں۔ اسٹیج پر مدھم روشنی پھیلی ہوئی ہے)۔۔
(پردہ اٹھتا ہے۔ اسپاٹ لائٹ اسٹیج کے بالکل سامنے آتی ہے جہاں رافع چلتا ہوا آتا ہے، رکتا ہے اور براہِ راست تماشائیوں کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر مخاطب ہوتا ہے)۔۔
رافع: (تماشائیوں سے براہِ راست مخاطب ہو کر، پُراسرار مسکراہٹ کے ساتھ)۔۔
اے لوگو! کیا آپ سب "عارفِ زمانہ" سے ملنے آئے ہو؟ مگر کیوں؟۔۔
آج کے ڈیجیٹل دور میں جہاں ساری زمین آپ لوگوں کی ہتھیلی میں سمٹ کر آ گئی ہے، اور آپ پلک جھپکتے ہی خود سے ہزاروں میل دور ہونے والے واقعے کا براہِ راست مشاہدہ کر لیتے ہیں... تو پھر آپ کی تلاش کیوں ناکام ہے اور کیوں نہیں ملتا آپ کو عارفِ زمانہ؟
" میں بتاوں آپکو اس کا پتہ؟" رافع نے تماشائیوں کی طرف اشارہ کیا اور ایک تحکم انداز مین بولا... وہ آپ خود ہو!"۔
(ہال میں ایک ہلکی سی بھنبناہٹ گونج اٹھتی ہے۔ تماشائی حیرت اور تجسس سے اپنی کرسیوں پر پہلو بدلتے ہیں)
رافع: (مسکراتے ہوئے، ہاتھ اٹھا کر)۔۔
گھبرائیے نہیں... ابھی تو کھیل شروع بھی نہیں ہوا!۔
(اسٹیج کی مکمل روشنی جل اٹھتی ہے۔ پیچھے میز کے پیچھے بیٹھے درمیانی عمر کے ملازم عدنان اپنی کرسی سے ذرا آگے جھکتے ہیں اور ہال کی طرف دیکھتے ہوئے گویا ہوتے ہیں)۔۔۔
عدنان:۔۔
اے لوگو! سوال یہ ہے کہ کیا ہر انسان کو اپنے اردگرد کے حالات و واقعات کا عرفان نہیں ہونا چاہیے؟
ادبی اور فکری روایت میں "عارفِ زمانہ" اُس صاحبِ بصیرت اور باخبر انسان کو کہا جاتا ہے جو اپنے عہد کے مزاج، معاملاتِ دنیا اور وقت کے تقاضوں کا گہرا ادراک رکھتا ہو۔ تو آخر آپ لوگوں کو اپنی ذات میں جھانکنے اور عرفانِ ذات حاصل کرنے میں کیا مانع ہے؟
رافع: (جو اب تک اسٹیج کے سامنے کھڑا تھا، پُرجوش انداز میں بول اٹھتا ہے)
اس تیز رفتار دور میں ہر بالغ مرد و زن کو حقیقی معنوں میں عارفِ زمانہ ہونا چاہیے؛ کیونکہ آج اسی عام انسان کی غفلت کی آڑ میں دنیا بھر میں کچھ بدنیت، بدقماش اور غاصب ابلیسی قوتیں پوری انسانیت کی تقدیر سے کھیل رہی ہیں۔ عام انسان خود بھی اس کا شکار ہو کر متاثر ہوتا ہے، مگر افسوس کہ وہ اس حقیقت سے غافل رہتا ہے۔ یہ غفلت نہ صرف افسوسناک ہے بلکہ تباہ کن بھی!۔۔ فرد کے لیے؛ اسکی قوم کے لیے اور اس ساری دنیا کے لیے۔۔۔
(تماشائیوں کا جوش و خروش بڑھ جاتا ہے اور وہ اونچی آوازوں میں بات کرنے لگتے ہیں)
سارہ: (اپنی کرسی سے اٹھ کر اسٹیج کے وسط میں آتی ہے، سنجیدہ مگر پُراعتماد لہجے میں)
مگر سوال یہ بھی ہے کہ آخر لوگ اتنے بے بس اور غافل کیوں ہو جاتے ہیں؟ قصور آپ کا نہیں ہے؟ شاید انسانی فطرت میں ہی کوئی ایسی کمزوری رکھ دی گئی ہے کہ وہ باطل کے سامنے ہتھیار ڈال دیتا ہے؟ وہ اپنی خودی سے غافل ہو جاتا ہے اور نفس یعنی روزمرہ ضرورتوں کا غلام ہو جاتا ہے۔۔۔۔ ایک حیوان ناطق اور مجبورِ محض۔۔۔۔
وہ تماشائیوں کی جانب دیکھتی ہے اور بڑی رسان سے کہتی ہے" کیوں ایسا ہی ہے نا؟"۔
انچارج: (اپنی کرسی سے اٹھتے ہیں، چشمہ درست کرتے ہوئے، پُروقار اور شفیق آواز میں)
ہرگز نہیں، سارہ! انسان تو اللہ سبحانہ و تعالیٰ کی تخلیق کا سب سے خوبصورت فن پارہ ہے۔ خالقِ کائنات نے خود اس کی عظمت کی گواہی دیتے ہوئے فرمایا ہے:۔۔
لَقَدْ خَلَقْنَا الْإِنسَانَ فِي أَحْسَنِ تَقْوِيمٍ (سورۃ التین: 4)
(بے شک ہم نے انسان کو بہترین ساخت اور بہترین اعتدال پر پیدا کیا ہے)۔۔
(انچارج چلتے ہوئے دفتر کے وسط میں آتے ہیں)
اور پھر اسی انسان کو شعور، شرحِ صدر اور حق گوئی کا سلیقہ سکھاتے ہوئے یہ عظیم دعا عطا فرمائی:۔۔
رَبِّ اشْرَحْ لِي صَدْرِي ﴿٢٥﴾ وَيَسِّرْ لِي أَمْرِي ﴿٢٦﴾ وَاحْلُلْ عُقْدَةً مِّن لِّسَانِي ﴿٢٧﴾ يَفْقَهُوا قَوْلِي (سورۃ طٰہٰ: 25-28)۔۔۔
(اے میرے رب! میرے لیے میرا سینہ کھول دے۔ اور میرے لیے میرا کام آسان فرما دے۔ اور میری زبان کی گرہ کھول دے۔ تاکہ وہ میری بات سمجھیں)۔۔۔
زید: (جو اب تک کتاب کے اوراق پلٹ رہا تھا، سر اٹھا کر)۔۔
اگر انسان بہترین ساخت پر پیدا ہوا ہے، تو پھر اس کے اندر خیر اور شر کی یہ کشمکش کہاں سے آتی ہے؟ اور اس کا فیصلہ کہاں ہوتا ہے؟
انچارج:۔۔۔
زید! انسان کے اختیار اور انتخاب کا یہ بنیادی فلسفہ قرآنِ مجید میں نہایت واضح اور مستند انداز میں بیان کیا گیا ہے۔ انسانیت کی تاریخ میں انتخاب کی یہ پہلی آزمائش حضرت آدم علیہ السلام کے قصے سے شروع ہوتی ہے، جب ابلیس کے بہکاوے نے ایک کڑا امتحان پیدا کیا تھا؛ ایک طرف ابلیس کی ترغیب پر بھٹک جانے کا راستہ تھا اور دوسری طرف قادرِ مطلق کی تنبیہ اور حکم کو یاد رکھنے کا تقاضا۔ بشری لغزش کے تحت اس لمحے اگرچہ وہ بہکاوے میں آ گئے، مگر جب اس کے بعد ندامت اور واپسی کے انتخاب کا مرحلہ آیا تو انہوں نے مایوسی یا ضد کے بجائے توبہ کو ترجیح دی اور ربِ کائنات کے حضور جھک گئے۔ قرآنِ حکیم اسی انسانی آزادی اور اختیارِ عمل کا اعلان کرتے ہوئے انسان کو راستہ دکھا کر اس کے سامنے دو راہیں رکھ دیتا ہے:۔۔۔
إِنَّا هَدَيْنَاهُ السَّبِيلَ إِمَّا شَاكِرًا وَإِمَّا كَفُورًا (سورۃ الدہر: 3)۔۔
(بے شک ہم نے اسے راستہ دکھا دیا، اب خواہ وہ شکر گزار بنے یا ناشکرا)۔۔
عدنان: (اپنی جگہ سے اٹھ کر، گہری سوچ کے انداز میں)۔۔۔
اور قرآن و سنت نے یہ راز بھی کھول دیا کہ اس تمام تر انتخاب کا اصل مرکز اور محور انسان کا دل ہوتا ہے۔ ارشادِ باری تعالیٰ ہے:۔۔
وَاعْلَمُوا أَنَّ اللَّهَ يَحُولُ بَيْنَ الْمَرْءِ وَقَلْبِهِ (سورۃ الانفال: 24)۔۔
(اور جان لو کہ اللہ تعالیٰ آدمی اور اس کے دل کے درمیان آڑ بن جاتا ہے)۔۔۔
اور رسولِ اکرم ﷺ نے دلوں کی اس کیفیت اور رب کی قدرت کو یوں بیان فرمایا:۔۔
"بنی آدم کے سارے دل ایک دل کی صورت میں اللہ تعالیٰ کی انگلیوں میں سے دو انگلیوں کے درمیان ہیں، وہ جس طرح چاہتا ہے اسے (ان سب کو) گھماتا ہے۔" اس کے بعد رسول اللہ ﷺ نے دعا کرتے ہوئے فرمایا: "اے اللہ! اے دلوں کو پھیرنے والے! ہمارے دلوں کو اپنی اطاعت پر پھیر دے۔" (صحیح مسلم: 6750)۔۔۔
انچارج: (ہال کی طرف رخ کر کے)
اس کے ساتھ ہی نور اور ظلمت کے سرچشموں کی پہچان بھی کروا دی گئی:۔۔۔
اللَّهُ وَلِيُّ الَّذِينَ آمَنُوا يُخْرِجُهُم مِّنَ الظُّلُمَاتِ إِلَى النُّورِ ۖ وَالَّذِينَ كَفَرُوا أَوْلِيَاؤُهُمُ الطَّاغُوتُ يُخْرِجُونَهُم مِّنَ النُّورِ إِلَى الظُّلُمَاتِ ۗ أُولَٰئِكَ أَصْحَابُ النَّارِ ۖ هُمْ فِيهَا خَالِدُونَ (سورۃ البقرہ: 257)
(خدا مومنین کا دوست ہے، وہ انہیں اندھیروں سے نکال کر روشنی کی طرف لے جاتا ہے۔ اور جو لوگ کافر ہوئے ان کے حمایتی طاغوت ہیں، وہ انہیں روشنی سے نکال کر اندھیروں میں لے جاتے ہیں۔ یہی لوگ دوزخی ہیں، وہ اس میں ہمیشہ رہیں گے)۔۔۔
اسی لیے ہر مسلمان اور ہر عارفِ زمانہ کو چاہیے کہ حق پر ثابت قدمی اور باطنی نور کے لیے اس قرآنی دعا کو اپنا وظیفہ بنا لے:۔۔
رَبِّ أَدْخِلْنِي مُدْخَلَ صِدْقٍ وَأَخْرِجْنِي مُخْرَجَ صِدْقٍ وَاجْعَل لِّي مِن لَّدُنكَ سُلْطَانًا نَّصِيرًا (سورۃ بنی اسرائیل: 80)۔۔۔
(اے رب! مجھے ایسی جگہ میں داخل کیجیے جو سچائی اور بہتری کی جگہ ہو، اور مجھے سچائی کے ساتھ نکالیے، اور میرے لیے اپنے پاس سے کوئی ایسی مددگار طاقت بنا دیجیے)۔۔۔
سارہ: (آگے بڑھتے ہوئے)
مگر جب انسان ابلیس کے بہکاوے اور دنیا کی چکاچوند میں آ کر عجیب کشمکش کا شکار ہو جاتا ہے، تو اسے لگتا ہے کہ تاریکی نے ہر راستہ بند کر دیا ہے۔ ایسے میں مجھے معروف امریکی مصنف جان اسٹائن بیک کا شہرہ آفاق ناول ایسٹ آف ایڈن یاد آتا ہے!۔۔۔
انچارج: (مسکراتے ہوئے) اور کیا پڑھا آپ نے؟
جی سر!اس ناول کے ایک مقام پہ ایک کردار، "لی"، دو دوسرے افراد مسٹر ہیملٹن اور آدم ٹراسک کے سامنے ایک قدیم عبرانی لفظ کا ذکر کرتا ہے جس کی اصل روح تک پہنچنے کے لیے اس نے برسوں محنت کی۔ وہ لفظ تھا "ٹمشیل" — جس کا مفہوم ہے "دھاو مے یسٹ" یعنی "تمہارے پاس انتخاب ہے"۔ کتنا عجیب اور حسین خیال ہے کہ انسان کی پوری زندگی کا فلسفہ کبھی کبھی محض ایک لفظ میں سمٹ آتا ہے۔ "لی" اس لفظ کی گہرائی بیان کرتے ہوئے سمجھاتا ہے کہ اس کا مطلب یہ ہرگز نہیں کہ انسان ہر صورتحال میں جیت ہی جائے گا، اور نہ ہی اس کا یہ مطلب ہے کہ اس کے راستے میں دکھ، ظلم یا کڑی آزمائشیں نہیں آئیں گی؛ بلکہ اس کا اصل اور حقیقی مفہوم یہ ہے کہ حالات چاہے کتنے ہی سخت اور کٹھن کیوں نہ ہوں، انسان کے پاس اپنے ردعمل، اپنے فیصلے اور اپنی امید کو زندہ رکھنے کا انتخاب بہرحال باقی رہتا ہے۔
اس پر زید آگے بڑھ کر جگہ بناتا ہے: (جذبے سے بھرپور لہجے میں)۔۔
"اور یہی وہ انتخاب ہے جو ہمارے مشرقی ادب میں مکھی اور پروانے کی تمثیل سے واضح ہوتا ہے۔ ایک طرف دنیاوی غلاظت اور عارضی لذات پر منڈلاتی ہوئی مکھی ہے، اور دوسری طرف شمعِ حقیقت پر جان نثار کرنے والا پروانہ۔ انسان کے سامنے بھی ہمیشہ یہ دو راستے کھلے رہتے ہیں کہ آیا وہ دنیا کی عارضی چمک دمک اور نفسانی خواہشات کا اسیر ہو جائے، یا پھر خدائے پاک کے عشق میں سرشار ہو کر آقائے نامدار حضرت محمد ﷺ کی غلامی اور اتباع کا راستہ اختیار کرے۔ فیصلہ اس کے اپنے ہاتھ میں ہوتا ہے کہ وہ نور اور روشنی کا طلب گار بنتا ہے یا اندھیروں کے راج میں جینا قبول کر لیتا ہے۔ اور جب انسان شکر گزاری اور روشنی کا راستہ چننے کا ارادہ کر لیتا ہے، تو شاعرِ مشرق علامہ اقبالؒ اس انتخاب کی عملی صورت اور منزل کا پتہ یوں دیتے ہیں:۔۔
قوتِ عشق سے ہر پست کو بالا کر دے
دہر میں اسمِ محمدؐ سے اجالا کر دے
(انچارج تائید میں سر ہلاتےہیں ؛ اور بول اٹھتے ہیں)
دنیا میں پھیلی ہوئی فکری، اخلاقی اور سماجی تاریکیوں کو مٹانے کا واحد ذریعہ عشقِ رسول ﷺ اور آپ ﷺ کی سیرتِ طیبہ کی پیروی ہے۔ جب انسان اپنے دل میں اس عشق کی شمع جلاتا ہے تو وہ نہ صرف اپنی پستیوں سے بلند ہو جاتا ہے بلکہ اس کا وجود پورے زمانے (دہر) کے لیے روشنی اور ہدایت کا سرچشمہ بن جاتا ہے۔
رافع: (دفتر کی فائلوں سے نظر اٹھا کر دفتر کے ساتھیوں کی طرف دیکھتے ہوئے)
لیکن سر! ہم جیسے نوجوان جو ابھی عملی زندگی اور دفاتر کی اس دنیا میں قدم رکھ رہے ہیں—کل کو ہم میں سے کوئی کاروبار کرے گا، کوئی سرکاری افسر بنے گا یا سیاست میں جائے گا۔ اس عملی زندگی میں یہ 'انتخاب' کس طرح ہمارا امتحان لیتا ہے؟
انچارج: (سنجیدگی سے)
میرے عزیز! ہر انسان کے سامنے بنیادی انتخاب کا یہ دوراہا ضرور آتا ہے کہ وہ اپنی زندگی کا مرکز اور مقصد کسے بناتا ہے—یعنی اس کا حقیقی رب کون ہے، اور وہ اپنی زندگی کس اصول کی بنیاد پر گزارے گا؟ خالقِ کائنات نے قرآنِ مجید میں تخلیقِ انسانی کا اصل مقصد واضح کرتے ہوئے ارشاد فرمایا:۔۔۔
وَمَا خَلَقْتُ الْجِنَّ وَالْإِنسَ إِلَّا لِيَعْبُدُونِ (سورۃ الذاریات: 56)۔۔
(اور میں نے جنوں اور انسانوں کو صرف اس لیے پیدا کیا ہے کہ وہ میری عبادت کریں)۔۔
اس مقصد کے تعین کے بعد معاش کے میدان میں انسان کے سامنے یہ فیصلہ ہوتا ہے کہ آیا وہ صبر و استقامت کے ساتھ رزقِ حلال کماتا ہے یا لالچ اور شارٹ کٹ کے دوسرے ناجائز ذرائع اختیار کرتا ہے؛ حالانکہ اللہ کریم نے توکل اور تقویٰ اختیار کرنے والوں سے واضح وعدہ فرما رکھا ہے:۔۔۔
وَمَن يَتَّقِ اللَّهَ يَجْعَل لَّهُ مَخْرَجًا ﴿٢﴾ وَيَرْزُقْهُ مِنْ حَيْثُ لَا يَحْتَسِبُ ۚ وَمَن يَتَوَكَّلْ عَلَى اللَّهِ فَهُوَ حَسْبُهُ (سورۃ الطلاق: 2-3)۔۔
(اور جو کوئی اللہ سے ڈرے گا، اللہ اُس کے لیے مشکل سے نکلنے کا کوئی راستہ پیدا کر دے گا، اور اُسے ایسی جگہ سے رزق عطا کرے گا جہاں سے اُسے گمان بھی نہیں ہوگا۔ اور جو کوئی اللہ پر بھروسہ کرے، تو اللہ اُس کا کام بنانے کے لیے کافی ہے)۔۔
عدنان: (آگے بڑھتے ہوئے، سنجیدہ لہجے میں)
اور سر! جب بات ریاست، سیاست اور اقتدار کی آتی ہے تو یہ امتحان اور بھی کڑا ہو جاتا ہے!۔۔
انچارج: (ہال کے آخری کونے تک نظر دوڑاتے ہوئے)
بالکل عدنان! ہم میں سے اکثر اس آزمائش سے بھی دوچار ہوتے ہیں کہ جب اللہ تعالیٰ انسان کو صاحبِ ثروت، منصب یا اقتدار بنا دے تو اس کا رویہ اور برتاؤ کیسا ہونا چاہیے؟ اس نازک مقام پر بھی قرآنِ حکیم نے انسان کو غرور و سرکشی کے بجائے آخرت کی فلاح، اعتدال اور مخلوقِ خدا کے ساتھ احسان کا راستہ چننے کی رہنمائی دی ہے:۔۔
وَابْتَغِ فِيمَا آتَاكَ اللَّهُ الدَّارَ الْآخِرَةَ ۖ وَلَا تَنسَ نَصِيبَكَ مِنَ الدُّنْيَا ۖ وَأَحْسِن كَمَا أَحْسَنَ اللَّهُ إِلَيْكَ ۖ وَلَا تَبْغِ الْفَسَادَ فِي الْأَرْضِ (سورۃ القصص: 77)۔۔۔
(اور جو کچھ اللہ نے تجھے دیا ہے اس کے ذریعے آخرت کے گھر کی تلاش کر، اور دنیا سے اپنا حصہ بھی نہ بھول، اور لوگوں کے ساتھ احسان کر جیسا اللہ نے تیرے ساتھ احسان کیا ہے، اور زمین میں فساد برپا کرنے کی کوشش نہ کر)۔۔۔۔
کیونکہ اگر صاحبِ اختیار و اقتدار لوگ ظلم اور جبر کا انتخاب کریں تو قدرت کا قانون حرکت میں آتا ہے، جس پر علامہ اقبالؒ نے تنبیہ فرمائی تھی:۔۔
حذر اے چیرہ دستاں! سخت ہیں فطرت کی تعزیریں
سارہ: (نرم مگر پُراثر لہجے میں)
اور فطرت کا تقاضا بھی تو یہی ہے کہ زندگی کے ہر دور کا اپنا ایک انتخاب ہوتا ہے۔
عدنان: (تائید کرتے ہوئے) مگر ذرا اس کی تفصیل بھی تو بتائیں۔۔۔
سارہ لوگوں کی جانب دیکھتے ہوئے بولی "بے شک! انسانی زندگی مختلف منظم جہتوں اور ادوار میں بٹی ہوئی ہے۔ ایک عمر علم حاصل کرنے کی ہے—جس دور سے آج کا نوجوان گزر رہا ہے—جہاں یکسوئی کے ساتھ تحصیلِ علم میں وقت صرف کرنا چاہیے۔ اس کے بعد جوانی کا دور آتا ہے جیسے میں اور تم۔۔۔۔ وہ ایک لحضے کو رکی اور پھر بولی کہ "اور اس عمر کا تقاضا یہ ہے کہ آدمی عمل کی زندگی میں راسخ ہو، محنت کرے اور تعمیری بھاگ دوڑ میں آگے بڑھے۔ یعنی میں عدنان صاحب اور آپ سب بھی۔۔ اس نے تماشائیوں کی جانب اشارہ کیا"۔۔
اس پہ عدنان آگے بڑھتے ہیں اور بولتے ہیں کہ
اور پھر عمر کی پختگی یعنی چالیس کی پیٹی کا دوراہا آتا ہے—جہاں آج میں اور بہت سے آپ بھی کھڑے ہیں—جو ٹھہر کر غور و فکر کرنے کا مقام ہے؛ جہاں انسان عقل، شعور اور تجربے کی بنیاد پر اپنے خدا کی معرفت تلاش کرے اور اپنی باقی ماندہ زندگی کے سفر کا حتمی اور درست راستہ متعین کرے۔
(اسٹیج پر ایک لمحے کے لیے خاموشی چھا جاتی ہے۔ مدھم موسیقی بجتی ہے۔ زید اسٹیج کے بائیں کنارے پر جا کھڑا ہوتا ہے)
زید: (دردمندانہ لہجے میں)
آج جب ہم اپنے معاشرے اور ملک کے حالات دیکھتے ہیں تو چاروں طرف مایوسی اور بے بسی نظر آتی ہے۔ ایسے میں انسان کیا کرے؟
انچارج: (زید کے کندھے پر ہاتھ رکھتے ہوئے)
زید، آج ہم ایک ایسے دور سے گزر رہے ہیں جہاں بے بسی، جدائی اور اذیت نے جیسے زندگی کے کئی حسین رنگ چھین لیے ہیں۔ ہر طرف قنوطیت اور ناامیدی کے بادل چھائے دکھائی دیتے ہیں۔ مگر حقیقت یہ ہے کہ ابھی سب کچھ ختم نہیں ہوا؛ ابھی بھی ہمارے پاس کچھ چننے، کچھ بدلنے اور کچھ بچانے کا اختیار موجود ہے۔ کیونکہ:۔۔
اندھیرے راج کرتے ہیں، گر روشنی نہیں ہوتی
اجالا تب ہی ہوتا ہے، جو لو دلوں میں جلتی ہو
رافع: (اپنے آئی پیڈ کی طرف اشارہ کرتے ہوئے)۔۔۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ اب تو مغرب اور دنیا کے بڑے فلسفی بھی جدیدیت کے اس بحران کو محسوس کر رہے ہیں۔ ابھی کل ہی میں روسی فلسفی الیگزینڈر ڈوگن کے خیالات پڑھ رہا تھا۔
سارہ: (بات آگے بڑھاتے ہوئے)" تو ہمیں بھی بتائیں کہ کیا کہہ رہی ہے دنیا؟"۔۔۔
بالکل سارہ! روحانی غفلت کی نیند سے بیدار ہونے کی یہ عالمگیر پکار آج دنیا کی مختلف تہذیبوں میں سنائی دے رہی ہے۔ ڈیجیٹل عہد کی فکری یلغار کے درمیان، روسی فلسفی الیگزینڈر ڈوگن جیسے ہم عصر مفکرین بھی مغرب سے یہ پرزور اپیل کر رہے ہیں کہ وہ سیکولر جدیدیت —جو مقدس روایات کے انکار پر کھڑی ہے—کے تباہ کن بحران سے خود کو نکالے اور اپنی بنیادی مسیحی روایات و اقدار کی طرف لوٹ آئے۔ درحقیقت یہ تشخیص محض مسیحیت تک محدود نہیں، بلکہ اس میں ایک ایسی آفاقی سچائی پنہاں ہے جو دنیا کے تمام مذاہب پر صادق آتی ہے۔ خواہ گرجا گھر ہو، مندر ہو یا مسجد، انسانیت کی حقیقی نجات جدیدیت کی کھوکھلی مادہ پرستی کو ترک کرنے اور الہامی ہدایت کی ابدی و مقدس روایات کی طرف لوٹنے ہی میں مضمر ہے۔
(پانچوں کردار اسٹیج کے سامنے ایک قطار میں آ کھڑے ہوتے ہیں اور براہِ راست تماشائیوں کی طرف دیکھتے ہیں)
انچارج: (پُرجوش اور بلند آواز میں تماشائیوں سے مخاطب ہو کر)
اے لوگو! آج کے ڈیجیٹل دور میں آپ خاموش تماشائی نہیں رہ سکتے۔ جب دنیا سمٹ کر آپ کی ہتھیلی میں آ گئی ہے تو یاد رکھیں کہ آپ ہی کے نام پر یہ حکومت کی جاتی ہے۔ آج جب پاکستان کو قائم ہوئے اَسّی برس ہونے کو ہیں، تو یہ لمحۂ فکریہ ہمارے سامنے اور بھی شدت سے آ کھڑا ہوا ہے۔ ہم گزشتہ کئی دہائیوں سے مسلسل اس بنیادی عہد — یعنی ریاستِ مدینہ کے طرز پر ایک مثالی اسلامی فلاحی ریاست کے قیام — سے روگردانی اور نافرمانی کرتے چلے آ رہے ہیں، جس کے نام پر یہ ملک حاصل کیا گیا تھا۔
عدنان:۔۔۔
تاہم، اصل سوال مایوسی کا نہیں بلکہ درست سمت کی جانب سفر اور واپسی کا ہے کہ ہم کب اور کیسے اپنے اصل مقصد کی طرف لوٹتے ہیں۔ جس طرح حضرت آدم علیہ السلام نے لغزش کے بعد توبہ اور رجوع کا انتخاب کیا تھا، اسی طرح ایک قوم کی حیثیت سے ہمارے پاس بھی اجتماعی توبہ، اصلاح اور اپنے اصل عہد کی طرف لوٹ آنے کا اختیار ابھی باقی ہے۔
زید اور سارہ: (بیک آواز)
کاش آج ریاستِ پاکستان کا ہر طاقتور طبقہ—خواہ وہ سیاست کے ایوانوں میں ہو یا انتظام و انصرامِ ریاست کا حصہ ہو؛ عدل و انصاف کا ترازو تھامے ہو، قومی نبض کی تشخیص کرتا ہوا ابلاغِ عامہ کا منبر و بھونپو ہو، یا قومی معاش و معیشت اور خزانے سے کھیلنے والے ہوں—خود کو "عارفِ زمانہ" کی مسند پر سمجھیں اور خود کو اس کے قابل کریں!۔۔
انچارج: آگے بڑھ کر تماشائیوں کی جانب اشارہ کرکے کہتے ہیں "اے لوگو؛ عارفِ زمانہ کہیں جنگل، ویرانوں، صحرا میں نہیں ہوتا اور نہ ہی اس کا وہاں کوئی کام ہے۔۔۔ ایک جدید جمھوری ریاست کے ہر شہری کو "عارفِ زمانہ" ہونا چاہیے؛ تبھی تو وہ اپنے ووٹ کا صحیح استعمال کرسکے گا اور قوم اور ملت کے لیے صحیح حکمران کو مسندِ اقتدار پہ لاسکے گا۔۔ اے کاش! ہم یہ بات سمجھ سکیں"۔۔۔
(پھر ہاتھ دعا کے انداز میں اٹھاتے ہوئے)
اے اللہ پاک؛ ہم سب کو اپنی انفرادی اور اجتماعی زندگیوں میں اندھیروں سے سمجھوتہ کرنے کے بجائے باطن کا چراغ روشن کرنے کا حوصلہ عطا فرما، تاکہ ہم تیری حاکمیتِ اعلیٰ کے تحت باوقار طریقے سے زندہ رہنے کا انتخاب کریں۔
(اسٹیج کی تمام روشنیاں مدھم ہو جاتی ہیں، صرف ایک سنہری روشنی کا دائرہ اسٹیج کے درمیان چمکتا رہتا ہے۔ ہال تالیوں سے گونج اٹھتا ہے اور پردہ گرتا ہے)